اسی دوران میلہ علاقے میں آگ لگ گئی ، کئی پنڈال خاکستر ،عدالتی کمیشن نے بھگدڑ کی جانچ شروع کردی ،چیف سیکریٹری کا دورہ ، سپریم کورٹ میں پٹیشن
EPAPER
Updated: January 30, 2025, 11:30 PM IST | Ahmadullah Siddiqu | Lucknow
اسی دوران میلہ علاقے میں آگ لگ گئی ، کئی پنڈال خاکستر ،عدالتی کمیشن نے بھگدڑ کی جانچ شروع کردی ،چیف سیکریٹری کا دورہ ، سپریم کورٹ میں پٹیشن
پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میں بدھ کو ہونے والی بھگدڑ میں۳۰؍افراد کی ہلاکت کے بعد حالات پوری طرح سے معمول پر آئے بھی نہیں تھے کہ جمعرات کوایک اورحادثہ پیش آگیا۔ میلہ علاقہ میںآگ لگنے سے ایک درجن سے زائد پنڈال جل کر خاکستر ہو گئے۔کمبھہ میلے کے دوران آتشزدگی کایہ دوسرا واقعہ ہے۔حکومت کےدعوئوں کےبر خلاف مہاکمبھ میںایک کے بعد ایک رونما ہونےوالےواقعات پراپوزیشن جماعتوں نے یوگی حکومت کو سخت تنقید وںکا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔جمعرات کو ہونے والے واقعہ میں لاکھوں روپے کے نقصان کا اندازہ ہے۔حالانکہ فائر بریگیڈ نے چند منٹوں میں آگ پر قابو پالیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق پریاگ راج کے جھونسی علاقے میں چھٹنانگ گھاٹ کے قریب سیکٹر ۲۲؍ میںواقع ناگیشور پنڈال میں پہلے آگ لگی اور اس کے بعد کئی خیمے اس کی زد میں آکرجل کر راکھ ہو گئے۔راحت کی بات یہ رہی کہ پنڈال میں موجود تمام لوگ محفوظ ہیں۔یہاں ۴۰؍ خیمے بنائے گئے تھے۔ اسی طرح میلہ علاقہ کے سیکٹر ۲۵؍ میں واقع ڈوم سٹی میں بھی آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ۔حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
اسی دوران بھگدڑ جیسے حالات پر قابو رکھنے کے لئے مہا کمبھ انتظامیہ اور ریاستی حکومت نے تمام وی وی آئی پی پاس منسوخ کردئیے ہیں اور سنگم پر پہنچنے کے راستے الگ الگ کردئیے ہیں۔ اب آنے کا راستہ الگ ہے اور جانے کا راستہ الگ ہے۔کہا جارہا تھا کہ وی وی آئی پی لوگوں کیلئے علاحدہ جگہ مختص کرنے کی وجہ سے ہی یہ حادثہ پیش آیا۔ اسی وجہ سے حکومت نےاپنی خفت مٹانے کے لئے سب سے پہلے وی وی آئی پی پاس منسوخ کردئیے اور بھیڑ پر قابو پانے کیلئے راستے الگ الگ کردئیے ۔ یہ کام اب تک نہیں کیا گیا تھا ۔
بدھ کے حادثہ کے مدنظریوپی کے چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی سمیت دیگر افسران نے کمبھ میلہ میں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔کمبھ میں ایک کے بعد ایک حادثوں سے یوپی حکومت سخت تنقیدکے نشانے پر ہے۔حالا ت کےمد نظراتر پردیش کے ڈی جی پی پرشانت کمار، چیف سیکریٹری منوج کمار سنگھ اور دیگر حکام نے مہا کمبھ کا دورہ کیا اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔اس کےبعد دونوں افسران نے سوروپ رانی نہرو اسپتال کا دورہ کیا، جہاں بھگدڑ میں زخمی ہونے والوں کو داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۳۶؍ زخمیوں کا علاج ابھی چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ، یوگی حکومت نے اردھ کمبھ میلہ ۲۰۱۹ء میں خدمات انجام دینے والے آئی اے ایس افسران آشیش گوئل اور بھانو گوسوامی کو بھی میلہ ڈیوٹی پر تعینات کیا ہے۔ ان کے علاوہ ۵؍ا سپیشل سیکریٹری سطح کے افسران کو بھی وہاں بھیجا گیا ہے۔ یہ سبھی افسران ۱۲؍ فروری تک پریاگ راج میں ہی رہیں گے۔
اسی دوران سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی داخل کرکے بھگدڑ کیلئے خاطی افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس عرضی میں عقیدت مندوںکیلئے تحفظ کے انتظامات اور رہنما اصول کو نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ وکیل وشال تیواری کے ذریعہ یہ پٹیشن سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔