• Mon, 25 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج وزیراعلیٰ  کے نام کا اعلان، کل حلف برداری متوقع

Updated: November 25, 2024, 9:33 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

فیصلہ مودی اور امیت شاہ کے ہاتھ میں، شندے گروپ دوبارہ وزارت اعلیٰ کے عہدہ کا متمنی، اجیت پواربھی خواہشمند، کل وزیراعلیٰ کے ساتھ ۲؍ نائب وزیراعلیٰ حلف لے سکتے ہیں۔

Chief Minister Eknath Shinde and Deputy Chief Ministers fadnavis and Ajit Pawar talking to the media.
اسمبلی الیکشن میں  غیر معمولی کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزرائے اعلیٰ فرنویس اور اجیت پوار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کی حیران کن کامیابی اور ۱۳۲؍ سیٹوں  پر بی جےپی کے قبضہ کےبعد حالانکہ وزارت اعلیٰ زعفرانی پارٹی کے حصے میں  آنا تقریباً طے ہے مگر شیوسینا شندے گروپ نے ایک بار پھر وزارت اعلیٰ کے عہدہ کیلئے اپنی تمنا کا اظہار کیا ہے۔ اُدھر اجیت پوار خیمہ نے وزارت اعلیٰ  کے عہدہ کی خواہش ظاہر کی ہے۔ بہرحال اس فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کریں  گےا س لئے ساری نگاہیں   دہلی پر مرکوز ہیں۔ اتوار کو آر ایس ایس نے یہ کہہ کر بند لفظوں  میں دیویندرفرنویس کی تائید کردی کہ وزیراعلیٰ  بی جےپی کا ہونا چاہئے البتہ بی جےپی ذرائع کے مطابق اعلیٰ کمان بی جےپی کے ریاستی صدر سدھیر منگنٹی وار کے نام پر بھی غور کرسکتی ہے جو او بی سی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ 
وزارت اعلیٰ کیلئے تمناؤں کا اظہار
بی جےپی کی ۱۳۲؍ سیٹوں  کو دیکھتے ہوئے مہایوتی میں  وزیر اعلیٰ کے عہدہ کیلئے کھینچ تان کی گنجائش نہیں ہے تاہم شندے خْیمے کی جانب سے خواہش ظاہر کی گئی ہے کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ہی کو بنایا جائے جبکہ اجیت پوار کے حامی بھی پیچھے نہیں ہیں۔ چند اسمبلی حلقوں میں تو اجیت پوار کو مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ کے طو رپر پیش کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ یہ باز گشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ شندے گروپ نے ڈھائی ڈھائی سال کے فارمولے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 
اگلی سرکارمیں  بھی ۲؍ نائب وزیراعلیٰ  
گزشتہ حکومت کی طرح اگلے ۵؍ سال کیلئے بھی ایک وزیر اعلیٰ اور ۲؍ نائب وزیر اعلیٰ کے فارمولے کے تحت حکومت تشکیل دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ  کے عہدہ پر بات چیت کیلئے بی جے پی، ایکناتھ شندے کی شیو سینا اور اجیت پوار کی این سی پی کے لیڈروں کی اتوار کی رات میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اس میٹنگ کے بعد حتمی فیصلہ دہلی میں امیت شاہ کی منظوری سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق منگل کو راج بھون میں وزیر اعلیٰ اور ۲؍ نائب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری عمل میں آئے گی 
۲۲۔ ۱۲۔ ۱۰؍ وزرا کا فارمولہ 
اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کے۱۳۲، شیو سینا(شندے) کے ۵۷؍اور این سی پی(اجیت) کے ۴۱؍ امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔ اسی اعتبار سے قلمدانوں  کی بھی تقسیم ہوگی۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے ۲۲؍وزیر ہوں گے جبکہ ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے کھاتے میں ۱۲؍ اور اجیت پوار کے ۱۰؍ وزیر ہوں گے۔ 
آج وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان
بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ بی جے پی اعلیٰ کمان کی جانب سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد پیر کی رات دیر وزیر اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کے ناموں کااعلان کیاجاسکتا ہے۔ اس بیچ شندے خیمے کے ترجمان شرساٹھ کا کہنا ہےکہ ہماری تمنا ہے کہ اس مرتبہ بھی ایکناتھ شندے کو وزیر اعلیٰ بنایاجائے لیکن بی جےپی کے لیڈروں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے ممبران اسمبلی کی زیادہ تعداد کی وجہ سے اس بار وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا۔ 
وزارت اعلیٰ کیلئے شندے گروپ کا اصرار
انتخابات سے پہلے مہایوتی نے وزیر اعلیٰ  کے عہدے کے چہرے کا اعلان نہیں کیا تھا لیکن وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں الیکشن لڑا گیا۔ اس لئے ان کی پارٹی کے ایم ایل اے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایکناتھ شندے کو ایک اور موقع دیا جانا چاہیے، بھلے ڈھائی سال کیلئے ہی کیوں  نہ ہو۔ وہ یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ شندے کو پہلے موقع دیا جانا چاہیے لیکن بی جے پی کے پاس۱۳۲؍ ایم ایل اے ہیں، اس لیے مہایوتی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ ان کے پاس ہی رہے گا، یہاں تک کہ شندے گروپ سے بھی ان کی کوئی مخالفت نہیں ہوگی۔ 
حلف برداری راج بھون میں  یا اسٹیڈیم میں  
بھاری اکثریت ملنے کے بعد حلف برداری کے تعلق سے آوازیں  اٹھ رہی ہیں  کہ تقریب وانکھیڈے اسٹیڈیم یا شیواجی پارک میں منعقد کی جائے تاہم، اس وقت وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ چل رہا ہے اور شیواجی پارک میں ۶؍ دسمبر کو مہانیروان ڈے کی تقریبات کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ اس لیے دونوں جگہ ملنا مشکل ہے اور تیسرے متبادل کے طور پر یہ سمجھا جارہا ہے کہ حلف برداری آزاد میدان یا راج بھون میں ہی ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK