• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسمبلی انتخابات سے قبل اجیت پوار کی راہ مشکل، ایک بارپھر چچا کے ساتھ آسکتے ہیں

Updated: September 19, 2024, 2:09 PM IST | Mumbai

ان دنوں وہ ایکناتھ شندے اور دیویندر فرنویس سے دور دور رہتےہیں ، اہم میٹنگوں  میں  بھی شریک نہیں ہوتے، آر ایس ایس بھی ان کی لو ک سبھا انتخابات کی کارکردگی سے خوش نہیں  ہے، ان کی پارٹی کے لیڈر بھی ان سے ناراض ہیں  ۔

Ajit Dada Pawar. Photo: INN.
اجیت دادا پوار۔ تصویر: آئی این این۔

این سی پی اجیت پوار گروپ کے قومی صدر اور مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے سوچا بھی نہیں ہو گا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش میں جو قدم اٹھائے ہیں ، اس پر انہیں پچھتانا بھی پڑ سکتا ہے۔ آنے والے وقت میں مہایوتی حکومت میں اگر ان کی پوزیشن مضبوط نہیں ہوتی ہے تو ان کے پاس ایک بار پھر چچا شرد پوار سے معافی مانگنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ 
 مہا یوتی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار گزشتہ کچھ دنوں سے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اپنے ہم منصب دیویندر فرنویس سے کچھ ناراض دکھائی دے رہے ہیں، اس لئے وہ آہستہ آہستہ ان سے دور ہورہے ہیں اور دونوں   سے کٹے کٹے نظر آرہےہیں۔ ایسے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اجیت پوارجلد ہی چچا شرد پوار کے پاس جا سکتے ہیں۔ ہمارے ملک کی سیاست میں کب کیا ہوگا؟ اس کا کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال مہاراشٹر کی سیاست میں جلد ہی ایک اور ڈراما دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ مہاراشٹر کی سیاست کے تجربہ کار لیڈر شرد پوار کو نظرانداز کرتے ہوئے ان کے بھتیجے اجیت پوار نے پارٹی کو نقصان پہنچایا اور اراکین اسمبلی کو بغاوت پر آمادہ کرکے مہایوتی میں نائب وزیر اعلیٰ بن گئے لیکن اب وزیراعلیٰ کی کرسی ان سے دور دکھائی دیتی ہے۔ جیسے جیسے دن گزرتے جارہےہیں، اجیت پوار کی زمینی حقیقت سامنے آ تی جارہی ہے۔ جہاں   ایک طرف پارٹی کے لیڈر ان کے کئی فیصلوں سے ناراض ہیں اور پرانی پارٹی میں لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں  دوسری طرف سرکاری اسکیموں کا کریڈٹ لینے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی اجیت پوار سے ناراض ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دنوں  ممبئی میں کوسٹل روڈ کو باندرہ ورلی سی لنک سے جوڑنے والی سڑک کے افتتاح کے موقع پر وہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے ساتھ نظر نہیں آئے۔ اس کی بنیاد پر میڈیا میں بحث  ہوئی اور ماہرین نے نشاندہی کی کہ اجیت پوار کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے تعلقات بہترنہیں  ہیں۔ وہ امیت شاہ کے پروگرام سے بھی دور رہے لیکن جب اس معاملے میں  ان پر تنقید ہونے لگی تو وہ ممبئی ایئرپورٹ گئے اور امیت شاہ کو الوداع کہنے کی رسم ادا کی۔ 
سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ جس طرح سے سیاسی منظرنامہ بدل رہاہے، اجیت پوار کو یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ وہ شرد پوار سے الگ ہو کر اپنی سیاست کو آگے نہیں لے جا سکتے۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران بارامتی سے اپنی چچازاد بہن سپریا سلے کیخلاف اپنی بیوی کو میدان میں اتارنے کو ایک بڑی غلطی قرار دیا۔ اب وہ سمجھنے لگے ہیں کہ سیاست کو خاندان سے دور رکھناچاہئے تھا۔ یہ ان کی بہت بڑی غلطی ہے اور وہ اسےسدھارنا چاہتے ہیں۔ 
 اسی طرح آرا یس ایس بھی اجیت پوار دادا پوار کے مہایوتی میں شامل ہونے سے خوش نہیں ہے۔ اس کا خیال ہے کہ اجیت پوار کے اتحاد میں شامل ہونے سے مہاراشٹر کے لوک سبھا انتخابات میں بی جےپی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ اسے نقصان اٹھانا پڑا۔ ایسے میں اگر اجیت پوار اسمبلی انتخابات میں بھی بی جےپی کے ساتھ رہے تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔ مسلسل بدلتے ہوئے سیاسی حالات میں اجیت پوار کو اب یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ اگر وہ اپنے چچا کے ساتھ چلے جائیں تو ان کا سیاسی مستقبل سنورسکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجیت پوار کے مہایوتی کے لیڈروں سے جیسے تعلقات ہیں  ، اس سے لگتا ہے کہ وہ مہا یو تی کے ساتھ بہت آگے تک نہیں  جاسکتےہیں ۔ وہ زیادہ سے زیادہ ا سمبلی انتخابات مہایوتی کے ساتھ لڑ سکتےہیں لیکن اس کے بعد ان کی راہ الگ ہوسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK