• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر میں عیدالاضحی روایتی جذبے کے ساتھ منائی گئی

Updated: June 19, 2024, 11:17 AM IST | Sharjeel Qureshi and Mukhtar Adeel | Jalgaon

مسلمانوں نے نمازدوگانہ ادا کرتے ہوئے رب کریم کی بڑائی بیان کی اوراس کی بارگاہ میں قربانیاں پیش کیں اور گوشت تقسیم کئے۔

Scene of Eid-ul-Azha prayer at Kharka Road Eidgah ground in Bhusawal. Photo: INN.
بھساول کے کھڑکا روڈ عیدگاہ گراونڈ پر نماز عید ا لاضحی کا منظر۔ تصویر:آئی این این۔

جذبہ ایثار و قربانی کی علامت والا تہوار عیدالاضحی ریاست بھر میں روایتی جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ مسلمانوں نے نمازدوگانہ ادا کرتے ہوئے رب کریم کی بڑائی بیان کی اوراس کی بارگاہ میں قربانی پیش کی اور گوشت تقسیم کئے۔ مسجدوں میں قربانی کی اہمیت وفضائل اورعید قرباں کے دن کی خصوصیات پرائمہ اور علماء نے خطاب کیا اورقربانی کے اصل مفہوم پرروشنی ڈالی۔ نماز کے بعدملک میں امن وامان اورپوری دنیا کے مسلمانوں کی بھلائی اور خیروبرکت کیلئے دعائیں کی گئیں۔ 
جلگاؤں میں عیدالاضحی کا جوش وخروش
جلگاؤں شہر و ضلع بھر میں عید قرباں روایت جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع کی تمام عیدگاہوں پر نماز دوگانہ کی ادائیگی کے وقت کا جائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ سبھی مقامات پر صبح ساڑھے۸؍ سے پونے۹؍ بجے کے درمیان نماز ادا کرلی گئیں تھیں ۔ جلگائوں شہر کی قدیم عیدگاہ اجنٹا چوفلی گراونڈ پر نماز دوگانہ کی ادائیگی کے بعد ملک کی ترقی ، سماجی یکجہتی ، روزگار، صحت عامہ ، فلسطین و غزہ کے مسلمانوں اور نفغ بخش بارش کی دعا کی گئی۔ مولانا عثمان قاسمی (خطیب و امام جامع مسجد)کی امامت میں نماز دوگانہ ادا کی گئی۔ اس سے قبل قاضی شریعت مفتی سید عتیق الرحمٰن نے مختصر خطاب کیا۔ اسطرح شہر کے سپریم کالونی علاقے میں واقع سنی عیدگاہ پر بھی ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز دوگانہ مولانا جابر رضا امجدی کی امامت میں ادا کی ۔ قبل از سنی عیدگاہ ٹرسٹ کے صدر ایاز علی نیاز علی نے ٹرسٹ کے کاموں کی تفصیلات پیش کیں ۔ مولانا نجم الحق نے طریقۂ نماز بتایا۔ نماز کے بعد مولانا عالم رضا نے صلاۃ و سلام پڑھا۔ 
بھساول میں کھڑکا روڈ پر واقع عیدگاہ گراونڈ میں نماز مولانا ریحان رضا کی امامت میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے خطبہ میں عید الاضحی کی اہمیت بتاتے ہوئے غرور و تکبر، غصہ اوربری عادتوں کو چھوڑنے کی تلقین کی۔ 
مالیگاؤں میں عیدالاضحی پُرامن رہی 
بنکروں کے شہرمالیگاؤں میں امن وامان کے ساتھ عیدالاضحی منائی گئی۔ سنت ابراہیمی کو احسن طریقے سے منانے کیلئے مسلمانان مالیگائوں نے مذہبی جوش وخروش کے ساتھ قربانی کے فرائض ادا کئے۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے بنے۱۴؍عارضی مذبح میں چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی۔ ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے مکمل احتراز کیاگیا۔ مسلم بستیوں میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ میونسپل انتظامیہ کے صفائی ملازمین کا گشت مسلسل جاری رہا۔ 
لشکروالی عیدگاہ پر عامتہ المسلمین سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ جہاد کا مطلب اپنے نفس کو اعمال بد سے روکنا اور نیک کام کرنا ہے۔ اپنے دین کی حفاظت و اعانت کیلئے قربانیاں دینا ہے۔ جہادکے مفہوم ومعانی سے عاری برادران وطن کے ذہنوں میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں مسلمان امن وامان کے ساتھ رہتے ہیں۔ قانون کے دائرے میں رہ کراپنے دینی ومذہبی فرائض کو انجام دیتے ہیں۔ مسلمانوں کےمذہبی فرائض کو بہانہ بناکر فرقہ پرست طاقتیں منافرت کو فروغ دیتی ہیں جسے امن پسند ہندوستانی قبول نہیں کرتے۔ اسی طرح معہد ملّت عید گاہ ، حضرت کلّو شاہ بابا عیدگاہ ، امام احمد رضا عیدگاہ، مولانا سید احمد اشرف عیدگاہ ، سرکار کلاں عیدگاہ ، حضرت امام حسینؓ عیدگاہ، محمدیہ گرائونڈ عیدگاہ ، سینٹرل عیدگاہ ، مولانا حسین احمد مدنی عیدگاہ عامتہ المسلمین نے عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ دوگانے کے بعدعالم اسلام خصوصاًفلسطینی مظلومین کے حق میں رقت انگیز دعائوں کااہتمام بھی کیاگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK