• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انتظار کی گھڑیاں ختم، آج ووٹوں کی گنتی، تیاریاں مکمل

Updated: November 23, 2024, 9:35 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر میں ۲۸۸؍ جبکہ جھارکھنڈ میں ۸۱؍ کائونٹنگ سینٹرقائم کئے گئے ، اطراف میں سخت سیکوریٹی ، صبح ۸؍ بجے سے گنتی کا آغاز ہو گا، ہر محاذ کا اپنی اپنی فتح کا دعویٰ۔

288 counting centers were set up in Maharashtra while 81 counting centers were set up in Jharkhand, tight security around, counting will start from 8 am, each front claims its own victory....
ممبئی شہر کے ضلع کلکٹر اور ایڈیشنل الیکشن آفیسر سنجے یادو نے ممبئی ضلع کے کاؤنٹنگ سینٹر کاجائزہ لیا۔ تصویر: انقلاب

دھواں دار انتخابی مہم ، ایک دوسرے پر سنگین الزام تراشیوں، گزشتہ ۳۰؍ سال کی ریکارڈ توڑ پولنگ کے بعد بالآخر وہ دن آہی گیا جب یہ واضح ہو جائے گاکہ مہاراشٹر  کے عوام نے کس محاذ کو منتخب کیا ہے،پارٹیاں توڑ کر غیر اخلاقی اور غیرآئینی طریقے سے بنائی گئی بی جے پی کی مہایوتی کو یا پھر ریاست کی سیکولر طاقتوں کو قوت بخشنے والی مہا وکاس اگھاڑی کو۔
کتنے کائونٹنگ سینٹرس ہیں؟
آج  یعنی ۲۳؍  نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی کی تمام  ۲۸۸؍ سیٹو ں اورجھارکھنڈ کی ۸۱؍ سیٹوں  کے لئے ہونے والی پولنگ کے ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ اس مرتبہ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک کائونٹنگ سینٹربنایا گیا ہے ۔ اس لحاظ سےمہاراشٹر میں ۲۸۸؍گنتی مراکز اور جھارکھنڈ میں ۸۱؍ کاؤنٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں پر صبح ۸؍ بجے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو جائے گا اور جب تک  آپ  یہ خبر پڑھ رہے ہوں گے تب تک ممکن ہے کہ کچھ سیٹوں کی نتائج آجائیں یا پھر جیت اور ہار کا رجحان واضح ہو جائے۔  اسی کے  ساتھ ناندیڑ لوک سبھا حلقہ کیلئے بھی ۲؍کاؤنٹنگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ یہاں بھی گنتی ۸؍ بجے شروع ہو جائے گی۔ 
نتائج کہاں دیکھ سکیں گے ؟
مہاراشٹر الیکشن کمیشن کے مطابق سنیچر کو پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے ساتھ ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا اور صبح ساڑھے ۸؍ بجے  سے   ای وی ایم  کےووٹوں کی گنتی ہوگی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے  شہریوں کی نتائج معلوم کرنے کی بے چینی کو کم کرنے کیلئے جیسے جیسے  ووٹوں کی گنتی مکمل ہوتی جائے گی ویسے ہی  نتائج الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اپ لوڈ کئے جاتے رہیں گے۔ اسی طرح الیکشن کمیشن کی موبائل ایپ ’ووٹر ہیلپ لائن‘ پر بھی نتائج جاری کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ قارئین ٹی وی چینل پر بھی لائیو نتائج دیکھ سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات 
الیکشن کمیشن  کی جانب سے اطلاع فراہم کی گئی ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس ،الیکشن ریٹرننگ آفیسر نے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو گنتی کے مراکز کے مقامات کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔ سیل بند اسٹرانگ روم کو مبصرین اور  امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے سامنے کھولا جائے گا اور ای وی ایم کو گنتی کے مرکز میں لے جایا جائے گا۔ گنتی مرکز میں تمام کارروائی سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں عمل میں آئے گی۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق  ہر اسٹرانگ رو م(جہاں پر ای وی ایم کو محفوظ رکھا گیا ہے )میں تین سطح کی سیکوریٹی کے انتظامات رکھے گئے ہیں۔
۸۰؍ ہزار ووٹروں نے گھر پر پولنگ کی
 الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا الیکشن کی طرح مہاراشٹر انتخابات میں بھی ۸۵؍ سال  اور اس سے زیادہ عمر کے ووٹروں اور ۴۰؍ فیصدسے زیادہ معذور ووٹر وںکوان کے گھر پر پولنگ کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔ اسمبلی انتخابات میں ۸۵؍ سال سے زیادہ عمر کے ۶۸؍ہزار سے زیادہ اور ۱۲؍ہزار سے زیادہ معذرور ووٹروں نے استفادہ کیا۔ ان کے علاوہ ۳۶؍ ہزار سے زیادہ ایمرجنسی خدمات کے ووٹرس  نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔تمام اسمبلی حلقوں میں پوسٹل بیلٹ کی تعداد زیادہ ہے اسلئے پوسٹل بیلٹ کی گنتی کیلئےیک ہزار ۷۳۲؍ ٹیبل اور ای ٹی پی بی ایم ایس اسکیننگ (پری گنتی) کے لئے ۵۹۲؍ ٹیبل لگائے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK