خطاب جیتنے کے بعد ایکناتھ شندے، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کشتی چمپئن کو بلاکر مبارکباد دے چکے ہیں، دوستوں نے ہاتھی پر بٹھاکر جلوس نکالا
EPAPER
Updated: November 16, 2023, 9:53 AM IST | Pune
خطاب جیتنے کے بعد ایکناتھ شندے، شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کشتی چمپئن کو بلاکر مبارکباد دے چکے ہیں، دوستوں نے ہاتھی پر بٹھاکر جلوس نکالا
مہاراشٹر کیسری‘ کا خطاب جیت لینے کے بعد شولاپور کے سکندر شیخ کی ہر طرف پذیرائی جاری ہے۔ ان کےاعزاز میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہے تومیڈیا میں ان کے انٹرویو دکھائے جا رہے ہیں۔ وہیں مہاراشٹر کے تقریباً تمام بڑے لیڈران ان سے ملاقات کرکے انہیں مبارکبا د دے رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق شولاپور میں سکندر شیخ کو ہاتھی پر بٹھا کر ان کا جلوس نکالا گیا۔
یاد رہے کہ ’’ مہاراشٹر کیسری‘ کشتی میں ریاست کا سب سے با وقار خطاب ہے ۔اس کے جیتنے والے کی اپنی اہمیت ہے۔ سکندر شیخ کے مداحوں کا دعویٰ ہے کہ وہ ۲۰۲۲ء ہی میں یہ خطاب جیت لیتے اگر ریفری کے ایک غلط فیصلے نے انہیں سیمی فائنل کے بعد مقابلے سے باہر نہ کر دیا ہوتا۔ لیکن ۲۰۲۳ء کے ٹورنامنٹ میں سکندر شیخ پوری تیاری کے ساتھ دنگل میں اترے اور انہوں نے فائنل میں انہیں شیوراج راکشے کو شکست دی جن کے ہاتھوں گزشتہ سال سیمی فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس جیت کے بعد سے سکندر شیخ کے اعزاز میںہر جگہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ سکندر شیخ کو ریاست کے تقریباً تمام بڑے لیڈروں نے بلاکر ان سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ۲؍ روز قبل وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سکندر شیخ کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے سکندر کی تعریف کی اور انہیں کریئر میں آگے بڑھنے کے تعلق سے نیک خواہشات پیش کیں۔ اس کے بعد شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ’مہاراشٹر کیسری‘ کو اپنے گھر ’ماتو شری ‘ پر مدعو کیا جہاں انہوں نے چاندی کا ’گدا‘ اٹھائے سکندر کے ساتھ تصویر کھنچوائی اور انہیں مبارکبا دی ۔ سکندر کے مطابق ادھو ٹھاکرے نے ان سے کہا ’’کوئی بھی مسئلہ پیش آئے تو مجھے ضرور بتانا۔‘‘
اب بدھ کو این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے سکندر شیخ کی ملاقات ہوئی۔ یاد رہے کہ ان دنوں شرد پوار پونے میں واقع اپنے آبائی تعلقے بارامتی کے گووند باغ علاقے میں اپنے آبائی گھر پر مقیم ہیں جہاں وہ دیوالی کا جشن منا رہے ہیں۔ اسی دوران سکندر شیخ پوار سے ملنے گووند باغ پہنچے۔ اس موقع شرد پوار کی رکن پارلیمان بیٹی سپریہ سلے بھی موجود تھیں۔ سکندر کے ساتھ ان کے کچھ پہلوان دوست اور دیگر ساتھی موجود تھے۔ شرد پوار نے سکندر کو ان کے مستقبل کے تعلق سے نیک خواہشات پیش کیں اور مشورہ دیا کہ انہیں اب قومی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینا چاہئے۔ یاد رہے کہ سکندر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کا ہدف ایک دن اولمپک میں حصہ لینا ہے۔ یاد رہے کہ شرد پوار مہاراشٹر کشتی فیڈریشن کے چیئر مین بھی ہیں۔ یاد رہے کہ شولاپور میں اعلان کیا گیاتھا کہ سکندر شیخ کو ہاتھی پر بٹھا کر شہر میں جلوس نکالا جائے گا اور انہیں اعزاز سے نوازا جائے گا۔