• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر: ریاستی حکومت نے لاڈلی بہن کے بعد لاڈلا بھائی اسکیم متعارف کرائی

Updated: July 17, 2024, 4:07 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر کی حکومت نے گریجویشن مکمل کر چکے طلبہ، جو بے روزگار ہیں، کو ہر مہینے ۱۰؍ ہزار روپے دینے کا اعلان کیا اس کے علاوہ جو طالب علم ڈپلوما کرنا چاہتے ہیں انہیں ہر ماہ ۸؍ ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ اس اسکیم کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ انہوں نے بے روزگاری کے مسئلے کا حل ڈھونڈ لیا ہے۔

Maharashtra Chief Minister Eknath Shinde. Photo: INN
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کی حکومت بارہویں پاس طلبہ کیلئے لاڈلا بھائی نامی اسکیم لے کر آئی ہے جس کے تحت بارہویں پاس کرنے والے طلبہ کو ہر مہینے ۶؍ ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا ہے، اس اسکیم کے تحت ڈپلوما کر رہے طلبہ کو ہر مہینے ۸؍ ہزار روپئے اور ایسے طلبہ جنہوں نے گریجویشن تک تعلیم مکمل کر لی ہے انہیں ہر ماہ دس ہزار روپئے دئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی حکومت کے اس اعلان کو اسی سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر اپنی حکومت کی قبولیت کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ جب انتخاب میں کچھ ہی مہینے رہ گئے ہیں تو حکومت اس اسکیم کے تحت سما ج کے مختلف طبقوں کو اپنا ہمنوا بنانے کی کوشش ہے۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں حزب اختلاف ریاست میں بڑھتی بیروزگاری کے مسئلے کو طویل عرصے سے اٹھاتا آرہا ہے، حکومت کےنوجوانوں کی معاشی امداد کے اس اقدام کوحزب اختلاف کو جواب کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جیتن سہنی قتل معاملہ: اپوزیشن لیڈران کی بہارحکومت پر تنقید،کارکردگی پر سوال قائم کئے

اس اسکیم کا اعلان کرتے وقت وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ہماری حکومت ریاست کے نوجوانوں کو ان کارخانوں میں اپیرنٹس شپ کرنے کیلئے امداد دینے جا رہی ہے جہاں وہ کام کریں گے۔تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ کسی حکومت نے ایسی اسکیم پیش کی ہو۔ہم نے بیروزگاری حل ڈھونڈ نکالا ہے، اس اسیکم کے تحت نوجوانوں کو کارخانوں میں اپیرنٹس شپ ملے گی اور حکومت انہیں وظیفہ دے گی۔
یہاں یہ بات یا د رکھنے والی ہے کہ کچھ ہی دن پہلے ادھو ٹھاکرے نے بھی مہاراشٹر میں بیروزگار نوجوانوں کا مسئلہ اٹھایا تھا ، انہو ںنے اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سےبات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میںحکومت سے مدھیہ پردیش کی لاڈلی بہن اسیکم کی طرز پر مہاراشٹر کے نوجوانوں کیلئے بھی کوئی اسکیم لانے کا مطالبہ کرتا ہوں ، آج لڑکے اور لڑکیوں میں کوئی فرق نہیں ہے ایسے میں لڑ کوں اور لڑکیوں کو اسکیم کا یکساں فائدہ ملنا چاہئے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK