شمالی مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں ۱۲؍ ڈگری تک گرگیا، محکمہ موسمیات کی۸؍ اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 12:22 PM IST | Agency | Mumbai
شمالی مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں ۱۲؍ ڈگری تک گرگیا، محکمہ موسمیات کی۸؍ اضلاع میں بارش کی پیش گوئی۔
نومبر کا مہینہ تقریباً آدھا ہونے کو ہے، ریاست کے کچھ علاقوں میں ٹھنڈی شروع ہو گئی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں ابھی بھی درجہ حرارت اکتوبر جیسا ہی ہے۔ مغربی بنگال کی طرف سے آنے والی سرد ہوائوں کی وجہ سے ریاست کا موسم بدل ضرور رہا ہے لیکن اب تک پوری طرح ٹھنڈی کی آمد نہیں ہوئی ہے۔ البتہ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف اضلاع میں آج کل میں بارش کا امکان ہے۔
اطلاع کے مطابق شمالی مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں ٹھنڈی شروع ہو گئی ہے، خاص کر نپھاڑ وغیرہ علاقے میں اب سردی محسوس کی جا رہی ہے، یہاں درجۂ حرارت ۱۲؍ ڈگری تک گر گیا ہے۔ جنوبی ہند کی جانب کے اضلاع میں آب وہوا میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے اور ان علاقوں میں بارش کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ریاست میں درجۂ حرارت میں مسلسل کمی او ر زیادتی ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست کے ۸؍ اضلاع ایسے ہیں جہاں دوبارہ بارش ہو سکتی ہے۔ رتنا گیری، سندھو درگ، عثمان آباد، کولہاپور، ستارا، سانگلی اور شولا پور میں آب وہوا تبدیلی ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔
اطلاع کے مطابق مغربی بنگال سے آنے والے بادل یہاں بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔ امکان ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ یہ امکانات ایک آدھ روز اور رہیں گے۔ ان علاقوں میں بجلی کی چمک اور بادل کی گرج کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سال ریاست میں مانسون کے خاتمے کے بعد بھی وقتاً فوقتاً بارش ہوتی رہی ہے۔ نومبر کے مہینے میں بارش ہونے سے آب وہوا پھر بدل سکتی ہے اور فصلوں کے تعلق سے بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی لئے کسانوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ سال بے موسم برسات کی وجہ سے کسانوں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ بعض علاقوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی تھیں تو بعض جگہوں پر بوئی ہوئی بیج بے کار ہو گئی تھی۔