• Tue, 28 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج انتخابی مہم کا آخری دن، پارٹیوں کی دھواں دھار مہم

Updated: November 18, 2024, 10:37 AM IST | Agency | Mumbai

بدھ کو مہاراشٹر کے ساتھ جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے کی پولنگ ، ضمنی انتخابات کے لئےاتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں بھی ووٹ ڈالےجائیں گے۔

Congress General Secretary Priyanka Gandhi addressed the public after conducting a road show in Nagpur. Photo: PTI
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ناگپور میں روڈ شو کرنے کے بعد عوام سے خطاب کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلے، جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلے، اتر پردیش میں ۹؍ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات اور دیگر ریاستوں کے ضمنی الیکشن کے لئے جاری زوردار انتخابی مہم آج یعنی پیر کی شام ۵؍ بجے ختم ہو جائے گی۔ جس کے بعد ۲۰؍ نومبر یعنی بدھ کو ان سبھی جگہوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی ۲۳؍ نومبر کو ہو گی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کی تمام ۲۸۸؍ اسمبلی سیٹوں پر ایک ساتھ پولنگ ہو گی۔ انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل آخری اتوار ہونے کی وجہ سے تمام پارٹیوں نے دھواں دھار انتخابی مہم چلائی۔ مہاراشٹر میں کئی اہم لیڈروں نے اپنے اپنے علاقوں میں تشہیری مہم میں حصہ لیا جبکہ جھارکھنڈ میں بھی انتخابی مہم زوروں پررہی۔ 
مہاراشٹر میں زوردار مہم 
  انتخابی، معاشی، سیاسی اور سماجی لحاظ سے انتہائی اہم ریاست مہاراشٹر میں تقریباً تمام پارٹیوں نے زوردار طریقے سے انتخابی مہم چلائی۔ اس سلسلے میں راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے پونے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی کا انتخاب ملک کی سمت طے کرے گا۔ مہا یوتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے لوگ ہوشیار ہیں اور وہ مہایوتی حکومت کو پسند نہیں کرتے جو مذہب کے نام پر لوگوں کو بھڑکا رہی ہے۔ 
ادھو ٹھاکرے کی بوئیسر میں ریلی
 شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے گجرات کے سرحد کےقریب واقع مہاراشٹر کے صنعتی علاقے بوئیسر میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پرشدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے پال گھر میں بنائے جارہے وادھوان بندرگاہ پروجیکٹ کو حکومت میں آنے پر منسوخ کرنے کا وعدہ کیا۔ ادھو نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی وجہ سے کوئی نیا روزگار تو نہیں ملے گی بلکہ اس کی وجہ سے ماہی گیر کمیونٹی کو جو روزگار میسر ہے وہ بھی ختم ہو جائےگا اور اس کا براہ راست فائدہ گجرات کے ماہی گیر اٹھائیں گے۔ بی جے پی کا یہی مقصد ہے کہ وہ تمام روزگار اور کمپنیاں گجرات لے کر جائے۔ 
شرد پوار نے بارامتی میں ریلی کی 
 این سی پی سربراہ شرد پوار جو پوری قوت کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور اپنے مخالفین کو اپنے جوش و خروش سے نروس کررہے ہیں، نے بارہ متی میں ریلی کرتے ہوئے اجیت پوار کے خلاف مہم چلائی۔ انہوں نے یہاں اجیت پوار پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اجیت پوار نے این سی پی کا نظریہ کب کا چھوڑ دیا ہے۔ اس لئے ان سے مفاہمت کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہو تا۔ بارہ متی میں جو مقابلہ ہے وہ نظریات کا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہاں کے عوام درست نظریےپر قائم افراد کو ہی جیت دلائیں گے۔ شرد پوار نےبارہ متی کے علاوہ پونے میں بھی عوام سے اپیلیں کیں ۔ 
جھارکھنڈ کی انتخابی مہم 
 جھارکھنڈ میں بھی دوسرے مرحلے کی ۳۸؍ سیٹوں کے لئے انتخابی مہم پیر کی شام ختم ہو جائے گی۔ اس مرحلے میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، سابق وزیر اعلیٰ بابو لال مرانڈی، سدیش مہتو، رویندر ناتھ مہتو،حفیظ الحسن،کلپنا سورین، سیتا سورین اور دیگر اہم ناموں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا۔ جھارکھنڈ بی جے پی نے جے ایم ایم حکومت پر بیرونی دراندازوں کو بڑھاوادینے اور منہ بھرائی کی سیاست کرنے کا الزام لگاکر اپنی انتخابی مہم چلائی ہے جبکہ ہیمنت سورین اپنے ترقیاتی کاموں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ مہاراشٹر کی طرح جھارکھنڈ کے الیکشن کو بھی بی جے پی نے بری طرح سے پولرائز کرنے کی کوشش کی ہے۔ 
یوپی میں سیمی فائنل 
 اتر پردیش کی ۹؍ اسمبلی سیٹوں کے لئے ضمنی الیکشن کے لئے جاری انتخابی مہم بھی پیر کی شام ختم ہو جائے گی۔ یوپی میں سماج وادی پارٹی اور بی جے پی میں براہ راست مقابلہ ہے۔ لوک سبھا الیکشن میں سماج وادی پارٹی کے بہترین مظاہرہ کے بعد یہ ضمنی الیکشن ۲۰۲۷ء میں ہونے والے اسمبلی الیکشن کا سیمی فائنل قرار دیا جارہا ہے۔ کانگریس یہاں الیکشن نہیں لڑ رہی ہے اس نے سماج وادی پارٹی کو مکمل حمایت دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK