• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاوکاس اگھاڑی:ملاقاتیں، میٹنگیں ، افواہیں اور تردید

Updated: October 21, 2024, 11:34 PM IST | Mumbai

ادھو ٹھاکرے اور جینت پاٹل کی ملاقات، ڈیڑھ گھنٹہ طویل گفتگو، کانگریس کی میٹنگوں کا دورہ جاری، ادھو ٹھاکرے کی’ پلان بی ‘ کی تیاری، مگر مسئلہ جلد حل ہونے کی امید

All is well in Mahavakas Aghadi? Sharad Pawar, Uddhav Thackeray and Nana Patole (File)
مہاوکاس اگھاڑی میں سب ٹھیک ہے؟ شرد پوار، ادھو ٹھاکرے اور نانا پٹولے(فائل)

اسمبلی الیکشن کی پولنگ کیلئے صرف ۲۸؍ دن باقی رہ گئے ہیں اور بی جے پی کو دھول چٹانے کیلئے متحد ہونے والی مہا وکاس اگھاڑی اب تک سیٹوں کی تقسیم کا عمل پورا نہیں کر سکی ہے۔ ہر چند کہ اتحاد میں شامل تینوں ہی پارٹیوں کے  اعلیٰ لیڈران خاموش ہیں اور اس بات کا یقین دلا رہے ہیں کہ جلد  تمام مسائل کا حل نکل آئے گا اور سیٹوں کی تقسیم کا عمل پورا ہو جائے گا لیکن موجودہ صورتحال میں مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان  ایک ہلچل سی مچی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کئی طرح کی افواہیں بھی پھیل رہی ہیں۔ حالانکہ ان میں سے بیشتر افواہوں کی فوری طور پر تردید بھی کر دی گئی ہے۔ 
 جینت پاٹل اور ادھو ٹھاکرے کی ملاقات
 کانگریس کے نانا پٹولے اور شیوسینا (ادھو) کے سنجے رائوت کے درمیان ہوئی مبینہ تکرار کے دوران اتوار کی دیر رات این سی پی (شرد) کے ریاستی صدر جینت پاٹل خود ادھو ٹھاکرے کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ماتوشری پہنچے۔ دونوں لیڈران کے درمیان بند دروازے میں ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو ہوتی رہی جس  کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں اور بڑھ گئیں۔ حالانکہ این سی پی ذرائع نے اس ملاقات کا سبب یہ بتایا کہ سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے جو بھی التواء ہے وہ کانگریس اور شیوسینا (ادھو) کے درمیان ہے۔ این سی پی (شرد) اور شیوسینا (ادھو) کے درمیان  جن امور پر گفتگو ہونی ہے ان میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اس لئے جینت پاٹل نے ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی ہے۔ 
 فرنویس کے ساتھ ملاقات کی افواہ اور تردید
  اس دوران اتوار کی رات ہی سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ کچھ روز پہلے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کی ملاقات ہو چکی ہے۔ یہ بھی کہا جانے لگا کہ پارٹی ترجمان سنجے رائوت نے فون پر امیت شاہ گفتگو کی ہے اور اگر کانگریس کے ساتھ بات نہ بنی تو  ادھو  دوبارہ بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔   پیر کی صبح ان خبروں میں مزید تیزی آئی  کیونکہ دہلی میں کانگریس اعلیٰ کمان کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مہاراشٹر سے اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار بھی پہنچے تھے۔ البتہ میٹنگ کے فوراً بعد  وجے وڈیٹیوار نے ان خبروں کی تردید کی کہ کانگریس شیوسیناپر سیٹوں کی دبائو ڈال رہی ہے یا یہ کہ ادھو ٹھاکرے دوبارہ  بی جے پی کے ساتھ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وڈیٹیوار نے اس کیلئے بی جے پی کو مورد الزام ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا ’’ بی جے پی کی طرف سے دانستہ طور پر اس طرح کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ 
  سنجے رائوت برہم 
  شیوسینا رکن پارلیمان سنجے رائوت نے اس طرح کی خبروں کی نہ صرف تردید کی بلکہ ان پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ’’ہم مہاراشٹر کے وقار کا سمجھوتہ کرکے الیکشن نہیں لڑیں گے۔  بی جے پی والے ڈرے ہوئے ہیں اور وہ شیوسینا (ادھو) کے تعلق سے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔‘‘ رائوت نے کہا ’’ بی جے پی نے اس طرح کی خبریں پھیلانے کی سپاری دی ہے۔ میں آخری آدمی رہوں گا جو بی جے پی کے جھانسے میں آئوں گا۔ ہماری لڑائی مہاراشٹر کو لوٹنے والوں کے خلاف ہے۔ لٹیروں کے ساتھ ہمارا نام جوڑ ا جا رہا ہے۔ اس سے ان لوگوں کے اندر کا خوف صاف دکھائی دے رہا ہے۔ ‘‘ سنجے رائوت نے اس بات کو دہرایا کہ مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان جو بھی سیٹوں کے تعلق سے اختلافات ہیں وہ جلد دور ہو جائیں گے ۔  اس دوران سنجے رائوت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مجموعی طور پر مہا وکاس اگھاڑی میں ۲۱۰؍ سیٹوں پر اتفاق رائے قائم ہو چکا ہے۔ باقی کی سیٹوں پر بھی جلد اتفاق ہو جائے گا۔
 ادھو ٹھاکرے کا پلان بی تیاری؟
  اس پورے معاملے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ  ادھو ٹھاکرے کانگریس سے بیشتر ایسی سیٹیں مانگ رہے ہیںجہاں مسلم آبادی ہے کیونکہ لوک سبھا الیکشن میں انہیں مسلمانوں نے یکطرفہ طور پر ووٹ دیا تھا۔ جبکہ کانگریس اس پر آماد نہیں ہے۔ بی جے پی کے ساتھ واپس جانے کے علاوہ ادھو ٹھاکرے کے تعلق سے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے ’پلان بی‘ بھی تیار کر رکھا ہے جس کے ذریعے وہ مسلم ووٹ بھی حاصل کرلیں گے اور انہیں  بی جے پی سے ہاتھ بھی نہ ملانا پڑے گا۔ مگر یہ پتے ابھی کھولے نہیں گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK