• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاو ِکاس اگھاڑی متحد، شیوسینا اور کانگریس دونوں نے اختلافات کی تردید کی، ۷۔۸؍ سیٹوں پر فیصلہ باقی

Updated: October 22, 2024, 10:41 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کانگریس اور شیوسینا نے مہاوکاس اگھاڑی میں اختلافات اور اتحاد کے ٹوٹنے کے امکانات کو خارج کرتے ہوئے پیر کو اعلان کیا کہ ۷؍ سے ۸؍ سیٹوں پر فیصلہ باقی ہے جسے حل کرکے منگل کو سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کردیا جائےگا۔

According to Mahavakas Aghadi leaders, today (Tuesday) a meeting of Uddhav Thackeray, Sharad Pawar and Nana Patole will give the final stamp on the distribution of seats. Photo: INN
مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈروں کے مطابق آج (منگل کو) اُدھو ٹھاکرے، شرد پوار اور نانا پٹولے کی میٹنگ میں سیٹوں کی تقسیم پر حتمی مہر لگ جائے گی۔ تصویر : آئی این این

کانگریس اور شیوسینا نے مہاوکاس اگھاڑی میں اختلافات اورا تحاد کے ٹوٹنے کے امکانات کو خارج کرتے ہوئے پیر کو اعلان کیا کہ ۷؍ سے ۸؍ سیٹوں پر فیصلہ باقی ہے جسے حل کرکے منگل کو سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کردیا جائےگا۔ دونوں پارٹیوں نے بی جےپی پر الزام لگایا کہ وہ اپوزیشن اتحاد کے تعلق سے افواہیں  پھیلارہی ہے۔
کانگریس کے  لیڈروں نے دہلی میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھرے کی موجودگی میں منعقدہ اعلیٰ کمان کی میٹنگ  کے بعد پیر کو بقیہ سیٹوں کے مسئلے کو جلد حل  کرلینے کی یقین دہانی کرائی۔ اُدھو کی فرنویس سے خفیہ ملاقات اور سنجے راؤ کو امیت شاہ کے فون سے متعلق دعوؤں  کی تردید کرتے ہوئے راؤت نے اپنے انداز میں بی جےپی  اور اس کے لیڈوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔  
 آج  تینوں پارٹیوں کی حتمی میٹنگ
 مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) میں سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے پیر کو بتایاکہ ایم وی اےمیں کوئی اختلاف نہیں ہے، سیٹ الاٹمنٹ پر بات چیت جاری ہے  جو بہت  جلد مکمل ہو جائے گی۔ کانگریس کے۹۶؍ حلقوں پر بات چیت اب تک مکمل ہوچکی ہے ۔کل  شرد پوار اورادھو ٹھاکرے کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوگی۔  امیدواروں کی فہرست کا اعلان کل (منگل کو) ہی کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
شیو سینا کے ایم وی اے سے نکلنے کی خبر جھوٹ
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نے دہلی میں ہائی کمان سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران  ایم وی اے میں اختلافات اور شیو سینا  کے اتحاد سے  نکل جانے کے امکانات کو پوری طرح خارج کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جےپی جان بوجھ کر اپوزیشن کے بارے میں غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ شکست کے خوف سے بی جے پی یہ کھیل کھیل رہی ہے۔مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کو اقتدار میں لانے کیلئے ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں۔‘‘
بی جے پی کا ہندوتوا محض دکھاوا 
 ایک سوال کے جواب میں نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کا ہندوتوا اور ہندوؤں سے محبت محض دکھاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۱۱؍ برسوں میں کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے، ان میں زیادہ تر ہندو تھے۔ بے روزگاری کی وجہ سے جن نوجوانوں نے خودکشی وہ بھی ہندو تھے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK