فرنویس، چندرکانت باونکلے اور اشوک چوہان کی بیٹی کاکانام بھی شامل، ۷۱؍ایم ایل ایز کو ایک بار پھر سے موقع دیا ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کی پارٹیوں کی طرف سے بھی جلد ہی فہرست جاری ہونے کا امکان۔
EPAPER
Updated: October 21, 2024, 1:15 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
فرنویس، چندرکانت باونکلے اور اشوک چوہان کی بیٹی کاکانام بھی شامل، ۷۱؍ایم ایل ایز کو ایک بار پھر سے موقع دیا ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی کی پارٹیوں کی طرف سے بھی جلد ہی فہرست جاری ہونے کا امکان۔
طویل انتظار کے بعد مہاراشٹر اسمبلی کیلئے مہایوتی کی جانب سے پہلی فہرست اتوار کو بی جےپی کی جانب سے جاری کردی گئی ہے۔ اس فہرست میں ۹۹؍ امیدواروں کے نام شامل ہیں جن میں نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، بی جے پی کے ریاستی صدر باونکلے کے ساتھ ساتھ حال ہی میں کانگریس کا ہاتھ چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان کی بیٹی سریجایا اشوک چوان کا نام بھی شامل کیا گیاہے۔ قابل ذکر ہےکہ بی جے پی نے اپنی پہلی فہرست میں ۹۹؍اسمبلی حلقوں میں ۷۱؍ موجودہ اراکین اسمبلی پر اعتماد جتایا ہے اور انہیں پھر سے امیدواری کا موقع دیا ہے۔
بی جے پی کی پہلی فہرست کے بعد اب توقع کی جارہی ہے کہ مہایوتی کی دوسری دوپارٹیاں شیو سینا( ایکناتھ شندے ) اور اسی طرح اجیت پوار کی این سی پی کی جانب سے بھی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
اتوار کو جاری کردہ بی جے پی کی فہرست کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ناگپور ساؤتھ ویسٹ اسمبلی حلقہ سے اور ریاستی بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے کامٹھی سے انتخاب لڑیں گے۔ دریں اثنا، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان کی بیٹی سریجایا اشوک چوان – جنہوں نے اس سال کے شروع میں کانگریس کو چھوڑ ا تھا کو بھوکر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
بی جے پی کی پہلی فہرست میں کابینہ وزیر سدھیر منگٹی وار کو بلّار پور سے جبکہ ہاؤسنگ وزیر اتل ساوے کو اورنگ آباد ( ایسٹ ) سے پی ڈبلیو ڈی وزیر رویندر چوہان کو حسب سابق ڈومبیولی سے ، وزیر گریش مہاجن کو جنیر سے’ اور گنیش نائک کو ایرولی اسمبلی حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
مہا وکاس اگھاڑی کی بھی فہرست جاری ہونے کا امکان
مہا یوتی کے بعداب سبھی کی نگاہیں مہا وکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) پر مرکوز ہیں کہ وہ کب اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرتی ہے۔ ایم وی اے میںشامل تینوں پارٹیوں کانگریس، این سی پی ( اجیت پوار) اور شیو سینا (ادھو) نے مشترکہ میٹنگوں کے ساتھ ساتھ اپنے پارٹی اعلیٰ کمان اور لیڈروں سے بھی میٹنگ جاری رکھی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ مہاراشٹر کانگریس لیڈر پیر کو نئی دہلی میں مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کے امیدواروں کے ناموں پر حتمی فیصلہ کرنے کیلئے جائیں گے جس کے بعد امیدوارو ںکے ناموں کااعلان کیاجاسکتا ہے۔
شیو سینا ( ادھو ) نے میٹنگ بلائی
اپوزیشن کانگریس اور شیو سینا یو بی ٹی کے درمیان جاری اختلافات کے درمیان، ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے سیٹوں کی تقسیم پر بات کرنے کے لئے پارٹی لیڈران کی میٹنگ بلائی ہے۔ شیو سینا ( ادھو) کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے ایم پی سنجے راؤت نے کہا کہ ’’کچھ فیصلے کرنے ہیں اور اس کیلئے پارٹی کے تمام لیڈروں کی ایک ہنگامی میٹنگ بلائی گئی ہے۔‘‘
سیٹوں کی تقسیم کہاں تک پہنچی؟
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اتوار کو کہا کہ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت آخری مرحلے میں ہے اور کل ۲۸۸؍ اسمبلی حلقوں میں سے صرف۳۰؍ تا ۳۵؍ سیٹوں پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔ دریں اثنا، شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے سیٹ شیئرنگ کے مسائل پر تبادلہ خیال اور حل کرنے کے لئے کانگریس کے رمیش چنیتھلا سے ملاقات کی۔ ایم وی اے کا دعویٰ ہے کہ ۲۶۰؍ اسمبلی سیٹوں کے لیے اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اتوار کو تلک بھون میں کانگریس لیڈران کی میٹنگ ہوئی ہے۔سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے ریاست میں مختلف عوامی جلسوں میں مہاراشٹر کی ۵؍سیٹوں پر اپنے امیدواروں کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے۔