شیو سینا (ادھو ) کے ترجمان آنند دوبے نے کہا کہ اگزٹ پول کا ہریانہ الیکشن میں جوحشر ہوا اس کے بعد کوئی ان پر کیسے بھروسہ کرسکتا ہے
EPAPER
Updated: November 20, 2024, 11:02 PM IST | New Delhi
شیو سینا (ادھو ) کے ترجمان آنند دوبے نے کہا کہ اگزٹ پول کا ہریانہ الیکشن میں جوحشر ہوا اس کے بعد کوئی ان پر کیسے بھروسہ کرسکتا ہے
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کو لے کربدھ کو ریاست کی سبھی ۲۸۸؍ سیٹوں پر ووٹنگ ہوگئی جس کے بعد سبھی سیاسی پارٹیوںکی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہوگیا ۔ نتائج کا اعلان ۲۳؍ نومبر کو ہوگا لیکن اس سے پہلے اگزٹ پول کے نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں جن کی وجہ سے بھگوا خیمے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مہا وکاس اگھاڑی نے کہا ہے کہ انہیں اصل نتائج کا انتظار ہے جو اُن کےہی حق میں آئیں گے۔شیو سینا(ادھو ) کے ترجمان آنند دوبے نے کہا کہ ہریانہ الیکشن میں اگزٹ پول کا جو حشر ہوا تھا اس کے بعد کوئی بے وقوف ہی ان پر بھروسہ کرے گا۔ اسی لئے ہم کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اصل نتائج کا انتظار ہے۔ اگزٹ پول صرف مفروضہ ہے۔
جو اگزٹ پول سامنے آئے ہیں ان میں مہاراشٹر میں بر سر اقتدار مہا یوتی کو اکثریت دی گئی ہے جبکہ جھارکھنڈ میں بھی سیکولر اتحاد یو پی اے کو شکست اور بی جے پی کو تن تنہا اکثریت حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔مہاراشٹر کے اگزٹ پول کی بات کریں تو اے بی پی میٹریز کے مطابق مہایوتی کو ۱۵۰؍ سے ۱۷۰؍ سیٹیں ملیں گی جبکہ مہا وکاس اگھاڑی کو ۱۱۰؍ سے ۱۳۰؍ مل سکتی ہیں۔ دیگر پارٹیوں کو ۸؍ سے ۱۰؍ سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ پی مارک اگزٹ پول نے ۴۲؍ فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ حکمراں مہایوتی کیلئے ۱۳۷؍ سے ۱۵۷؍ سیٹیں اور مہا وکاس اگھاڑی کیلئے ۴۱؍ فیصد ووٹوں کے ساتھ ۱۲۶؍ سے ۱۴۶؍ سیٹوں کی پیش گوئی کی ہے۔ دیگر پارٹیوں کو ۲؍ سے ۸؍سیٹیں مل سکتی ہیں۔چانکیہ اسٹریٹجی کے اگزٹ پول کے مطابق بی جے پی اقتدار میں واپس آرہی ہے۔اس کے مطابق مہایوتی کو ۱۵۲؍ سے ۱۶۰؍ سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ وہیں کانگریس کی قیادت والے ایم وی اے کو ۱۳۰؍ سے ۱۳۸؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔ پول ڈائری نامی ایجنسی نے مہایوتی کو ۱۸۶؍ سیٹیں جبکہ کانگریس کی قیادت والے ایم وی اے کو ۶۹؍ سے ۱۲۱؍سیٹیں دی ہیں ۔