• Fri, 21 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین جنگ پرامریکہ - روس مذاکرات میں اہم پیش رفت

Updated: February 19, 2025, 12:48 PM IST | Agency | Riyadh

دونوں ممالک نے اپنے اپنے ملکوں میں ایک دوسرے کے سفارتخانوں کے حتمی حل پر اتفاق کیا، واشنگٹن نے جنگ کو ۳؍ مرحلوں میں ختم کرنے کا منصوبہ پیش کیا۔

A scene from Tuesday`s Saudi-mediated meeting between Russian and US officials in Riyadh. Photo: INN
ریاض میں سعودی ثالثی میں منگل کو روسی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی میٹنگ کا منظر۔ تصویر: آئی این این

 یوکرین  جنگ کے خاتمہ کیلئے ریاض میں روسی اور امریکی حکام کے درمیان منگل کو ہونےوالی میٹنگ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔د ونوں ملکوں نے جنگ کے خاتمے کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے اس کیلئے اپنی اپنی جانب س مذاکرات مقررکرنے کافیصلہ کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان بھی برف پگھلتی ہوئی محسو س ہورہی ہے۔ دونوں ملکوں نے اپنے اپنے یہاں ایک دوسرے کے سفارتخانوں کا مسئلہ یکبارگی میں ہمیشہ کیلئے حل کرلینے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کو ۳؍ مرحلوں میں ختم کرنے کا منصوبہ پیش کیاگیا ہے، ساتھ ہی یہ تجویز بھی رکھی گئی ہے کہ ماسکو اور کیٖف ایک دوسرے کے توانائی کے مراکز کو نشانہ نہ بنائیں۔
سفارتخانوں کا مسئلہ حل کرنےپر اتفاق
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے  منگل کو ریاض میں ہونے والی میٹنگ کے بعد بتایا کہ امریکہ اور روس نے اپنے سفارتخانوں کا مسئلہ یکبارگی اور ہمیشہ کیلئے حل کرلینے پر اتفاق کیا ہے۔  یاد رہے کہ یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد دنوں ملکوں نے اپنے سفارتکاروں کو نکال دیاتھا اور گزشتہ ۳؍ برسوں سے سفارتخانے  ے کار پڑے ہیں۔  سفارتخانوں کی بحالی کا مقصد یہ ہے کہ  بات چیت میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ پیدا ہو۔
 روس یوکرین کی زمین لوٹانے کو تیار نہیں
  اس بیچ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ماسکو کے نمائندوں نے جنگ بندی پر اتفاق تو کیا ہے مگر وہ یوکرین کی وہ زمین لوٹانے کیلئے تیار نہیں ہے جس  پر جنگ کے دوران اس نے قبضہ کیا ہے۔  میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوکرین  کے تنازع کو حل کرنے کیلئے امریکہ اور روس  اپنی اپنی جانب سے ٹیمیں بنائیں گے جو بات چیت کرتی رہیں گی۔ امریکہ کا کہنا ہےکہ اس کا مقصد جنگ کو مستقل طور پر ختم کرنا ہے۔ 
  یوکرین کو بھی شامل کیا جائےگا
  اس تنقید پر کہ یوکرین جنگ کے خاتمہ کیلئے بات چیت ہورہی ہےاو راس میں یوکرین ہی مدعو نہیں ہے، امریکہ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کیلئے بات چیت اور کوششوں میں کسی نہ کسی مرحلہ  میں  یوکرین اور یورپ کو بھی شامل کیا جائےگا۔ امریکی نمائندہ نے کہا ہے کہ ہم ایسا حل نکالیںگے کہ جنگ سے متاثرہ ہر فریق کیلئے قابل قبول ہو۔ واشنگٹن نے  یورپ کو مشورہ دیا ہےکہ وہ سلامتی پر خرچ میں تخفیف پر غور کرے۔ 
 روس نے میٹنگ کو کارآمد قرار دیا
 سعودی عرب  کے دارالحکومت ریاض  میں  منگل کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے میٹنگ کو انتہائی کامیاب قراردیتے ہوئے کہا کہ طرفین نے’’ایک  دوسرے کو سننا‘‘ شروع کردیا ہے۔  انہوں نےبتایا کہ ماسکو اور واشنگٹن نے ایک دوسرے کے یہاں سفارتکاروں کی جلد از جلد تقرری کا عہد کیا ہےتاکہ سفارتخانوں کےموثر طریقے سے کام کرنے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ 
امریکی وزیر خارجہ کا منصوبہ
  امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے ۳؍ مرحلوں پر مشتمل منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس   میں اعلیٰ سطحی میٹنگ شامل ہے جس میں یوکرین اوریورپی ممالک کے نمائندے شریک ہوںگے۔اس کے ساتھ ہی جنگ بندی کی صورت میں تمام فریقوں کیلئے رعایتوں کو یقینی بنایا جائےگا۔  مارکو روبیو  نے ریاض میں  ہونے والی  میٹنگ کو   ’’طویل اور مشکل سفر کاآغاز‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ  روس سنجیدگی سے اس معاملے میں شریک ہورہاہے۔  انہوں نے ایک ایسے حل پر زور دیا جو انصاف پر مبنی، دیر پا اور سب کیلئے قابل قبول ہو۔ 
پوتن زیلنسکی سے گفتگو کو تیار
  یوکرین جنگ کے حوالے سے برف تیزی سے پگھلتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ میٹنگ سے قبل ہی  کریملن کے نمائندہ دیمتری پیسکوف نے اعلان کیا ہے کہ ضرورت پڑی تو روسی صدر ولادیمیر پوتن  یوکرین کے صدر زیلنسکی سے بات چیت بھی کریں گے۔  بہرحال انہوں نے کہا کہ ’’اہم سوال یہ ہے کہ کیا زیلنسکی حقیقی معنوں میں  یوکرین  کے صدر ہیں؟‘‘ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ روس یوکرین کے یورپی یونین میں شامل ہونے کے خلاف نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK