بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والی سماجی کارکن کی طبیعت بگڑی۔ اسپتال داخل کرایا گیا۔ مقامی سماجی خدمتگار نے بھی بامبے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاہے
EPAPER
Updated: February 10, 2025, 1:47 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malad
بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والی سماجی کارکن کی طبیعت بگڑی۔ اسپتال داخل کرایا گیا۔ مقامی سماجی خدمتگار نے بھی بامبے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاہے
یہاں ایورشائن بریج بند کئے جانے کے خلاف مالونی وکاس منچ کی جانب سے پیر (آج) صبح ۱۱؍ بجے گیٹ نمبر ۶؍ نالے کے پاس زبردست ریلی نکالی گائے گی اور ملاڈ میں بی ایم سی کے صدر پر احتجاج بھی کیا جائے۔ اس تعلق سے جگہ جگہ بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں۔ بریج بند کے خلاف ایک مقامی سماجی خدمت گار نے ہائی کورٹ میں مفادعامہ کی عرضی بھی داخل کی ہے اور اسی تعلق سے بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والی سماجی خدمت گار کی حالت بھی بگڑگئی، ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں شتابدی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ دیگر کارکنان احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پیر کوبڑی تعداد میں لوگوں کو صدائے احتجاج بلند کرنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ اس ریلی کے لئے پولیس اور بی ایم سی کو تحریری طور پر پیشگی اطلاع دے دی گئی ہے۔ یہ ریلی بند کئے گئے بریج ہوتے ہوئے پی نارتھ وارڈ پہنچے گی۔
احتجاج کے ذریعے شہری انتظامیہ کو جگانے کی کوشش
مالونی وکاس منچ کے ذریعے آج نکالی جانے والی ریلی کے تعلق سے ویلفیئر پارٹی آف انڈیا مہاراشٹر کے سیکریٹری پروفیسر عاقب شیخ نے بتایا کہ ریلی وقت مقررہ پر نکالی جائے گی۔ اس میں تمام مالونی واسیوں ، سماجی خدمت گاروں ، سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور بریج سے گزرنے والے بائیکرس کو آواز دی گئی ہے کہ وہ احتجاج کا حصہ بنیں اور ناانصافی کے خلاف اور اپنے حق کے لئے آواز بلند کرکے شہری انتظامیہ کو بیدار کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلی کے لئے جگہ جگہ بینر آویزاں کئے گئے ہیں اور مختلف طریقے سے پیغام رسانی کی گئی ہے۔ اس تعلق سے مالونی، بانگور نگر اور ملاڈ پولیس اسٹیشنوں کے ساتھ بی ایم سی کو پہلے ہی لیٹر دے دیا گیا ہے۔
عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی ضرورت کیوں پیش آئی
مقامی سماجی خدمتگارجمیل مرچنٹ نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر بتایا کہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کی ضرورت اس لئے پڑی کہ بی ایم سی کو یہ معلوم ہوکہ اسے من مانی نہیں کرنے دی جائے گی۔ عدالت میں پی آئی ایل کے ذریعے یہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک دوسرا انتظام نہ ہوجائے ، یہ بریج پہلے کی طرح شروع رکھا جائے تاکہ بریج بند کرنے کے بعد سے مالونی میں ٹریفک جام کا جو مسئلہ پیدا ہوا ہے، اس سے لوگوں کو نجات مل سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آر ٹی آئی کے ذریعے ہم نے بریج کے تعلق سے تفصیلات مانگی ہیں ، اسے بھی عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ بی ایم سی اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے بریج کے بارے میں جو جھوٹ بولا ہے، غیر ضروری طور پر بریج کے کمزور ہونے اور حادثے کا جو اندیشہ ظاہر کیا ہے، وہ بھی دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوسکے۔
طبیعت میں بہتری اور پھر سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا عہد
بریج کھلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بے مدت بھوک ہڑتال کرنے والی رضوانہ خان کے شوہر عیسیٰ خان نے انقلاب کو بتایا کہ عوام کی سہولت چھیننے اور کوئی دوسرا راستہ مہیا نہ کرانے کے خلاف رضوانہ نے۴؍دن قبل سے بے مدت بھوک ہڑتال شروع کی۔ ۸۰؍گھنٹے تک وہ صرف پانی پی کر رہیں ، اس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی، ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں پہلے بھومی پارک کے پاس سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، اس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے شتابدی اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔ وہاں ان کی طبیعت بہتر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رضوانہ کا عزم ہے کہ صحت بہتر ہونے کے بعد وہ دوبارہ بھوک ہڑتال شروع کریں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھوک ہڑتال کے دوران مالونی پولیس کے سینئر انسپکٹر، رکن اسمبلی اسلم شیخ کے چند کارکنان اور کچھ سماجی خدمت گاروں نے ملاقات کی تھی۔ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ مالونی کے عوام کو پہلے کی طرح سہولت ملے اور بریج جسے بند کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا، اسے فورا کھولا جائے۔