Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ملاڈ اسٹیشن : نئےنامکمل پلیٹ فارم کا مسافروں نے خود افتتاح کردیا !

Updated: February 20, 2025, 3:07 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Malad

مگرریلوے کی جانب سے زیادہ ترحصوں کوبند کیا جارہا ہے کچھ ہی حصے کوکھلا رکھا جائے گا۔ ۱۵؍مارچ تک کام مکمل کرکے اسے مسافروں کیلئے کھول دیا جائے گا۔

The new platform is still in the works, waiting for the passenger train. Image: Revolution)
نئے پلیٹ فارم جس کا کام ابھی باقی ہے، پرمسافرٹرین کا انتظار کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب)

یہاں ریلوے اسٹیشن پرآدھے ادھورے بنے ہوئے نئےپلیٹ فارم کا مسافروں نے خود افتتاح کردیا۔ اس سے انہیں سہولت توہورہی ہے مگرریلوے کی جانب سے زیادہ تر حصوں کو بند کیا جارہا ہے، کچھ ہی حصے کوکھلا رکھا جائے گا کیونکہ ابھی کام پورا نہیں ہوا ہے۔ مستقل سہولت کے لئے مسافروں کو ابھی ۱۵؍ مارچ تک انتظار کرنا ہوگا۔ ریلوے کے مطابق مذکورہ تاریخ تک کام پورا ہوجائےگا۔
 نئے پلیٹ فارم نمبرایک پردونوں جانب ٹرین میں سوار ہونے اوراترنے کی سہولت سے بھگدڑ مچنےاورکسی طرح کے حادثے کا اندیشہ تقریباً ختم ہوجائے گا کیونکہ دونوں جانب اترنے کے سبب بھیڑ منتشر ہوجائے گی۔ 
راستہ بند کرنے پر مسافروں کا اعتراض  
 نمائندۂ انقلاب نے دیکھا کہ جس حصے سے مسافر گزر رہے ہیں، اس پر پترا لگاکر بند کیا جارہا ہے اور مغربی جانب کاندیولی کی سمت خودکار زینے سے متصل راہ داری چھوڑی جارہی ہے۔ یہاں کام کرنے والوں سے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ تھوڑے سے حصے سے مسافروں کوجانے کےلئے راستہ فراہم کرایاجائے گا۔بقیہ پلیٹ فارم کو اس لئے بند کیا جارہا ہے تاکہ کام تیزی سے پورا کیا جائے اورکوئی حادثہ بھی نہ ہونے پائے۔ ابھی کافی کام کرنا باقی ہے۔
 مزدوروں کے ذریعے پلیٹ فارم کا حصہ بندکرنے پر عبدالرحمٰن خان نےکہا کہ ’’یہ عجب تماشہ ہے، جس حصے کا کام پورا ہوگیا ہے، اسے کھول دیا جائے تاکہ بریج پر جو بھیڑ اکٹھا ہوتی ہے، وہ کم ہوجائے۔ پھرجیسے جیسے کام آگے بڑھے اسی ترتیب سےپلیٹ فارم کے بقیہ حصے کوکھولا جائے ۔‘‘ ایک اورمسافر رام سمُجھ یادو نے کہاکہ ’’ اتنے دنوں سے کام چل رہا ہے اورابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ ‘‘ انہوں نے بھی یہی دہرایا کہ ’’پلیٹ فارم کے جس حصے کاکام پورا ہوگیا ہے، اسے بھی بند رکھنا دانشمندی نہیں ہے۔ اسے کھلا رکھنے سے کچھ فیصد تومسافر فائدہ اٹھائیں گے اور اس سے بھیڑبھاڑ  پرقابو پانے میں مدد ملے گی۔‘‘ 
 ’’بھیڑختم ہوجائے گی مگر ابھی کچھ اورانتظارکرنا ہو گا‘‘
 ویسٹرن ر یلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے انقلاب کے استفسار پربتایاکہ ’’پلیٹ فارم کے جس حصے میں کام پورا ہوگیا ہے، وہاں سے مسافروں کی آمدورفت کےلئے راستہ فراہم کرایا جارہا ہے، بقیہ حصے کو بند رکھا جائے گا، اسے ۱۵؍مارچ تک پوری طرح سے کھولا جائے گا۔‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’کام تیزی سے جاری ہے اور بڑی حد تک پورا بھی کرلیا گیا ہے مگراندھیری کی سمت والے حصے میں کام باقی ہے ،اسے مکمل کرنے کے بعد نئے پلیٹ فارم کی دونوں جانب مسافر آسانی سے آمدورفت کرسکیں گے۔ اس کام سے صرف بھیڑبھاڑہی کم نہیں ہوگی بلکہ ملاڈ مغرب کی سمت جانے والوں کوبریج چڑھنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK