Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملاڈ اسٹیشن پرحادثے کے اندیشے کے پیش نظر پلیٹ فارم تنگ ہونے کابورڈ آویزاں

Updated: April 03, 2025, 10:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Malad

ریلوے نے مسافروں کو آگاہ کیا۔ نیاپلیٹ فارم ادھورا اور تنگ ہونے سے مسافروں کو پریشانی ۔ تعمیراتی کام بھی جاری۔

A board is seen on platform number one to inform passengers. Photo: INN.
پلیٹ فارم نمبر ایک پر مسافروں کو آگاہ کرنے کیلئے بورڈ نظر آرہا ہے۔ تصویر:آئی این این۔

ملاڈ اسٹیشن پر نیا پلیٹ فارم نمبر ایک تنگ ہونے کے سبب مسافروں کو حادثے سے بچانے کیلئے اب ریلوے نے بورڈ آویزاں کیا ہے۔ اس طرح اس نے مسافروں کو اس تعلق سے معلومات فراہم کرانے کا طریقہ اپنایا ہے۔ دوسرے پلیٹ فارم نمبر ایک پر اندھیری کی سمت والا حصہ اب بھی ادھورا ہے، اس کے باوجود مسافر یہاں سے ٹرین میں چڑھتے اترتے ہیں۔ اگر پلیٹ فارم کا بقیہ حصہ جلد پورا کردیا جائے تو مزید سہولت ہوگی اور حادثے کا اندیشہ ختم ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ بریج کے اوپر پلیٹ فارم نمبر ایک اوردو پرجانے کیلئے لفٹ کے قریب اب بھی بھیڑ کومنتشر کرنے کیلئے رسی باندھی جارہی ہے اور آرپی ایف کے جوان پہرہ دیتے رہتے ہیں کہ کہیں کوئی حادثہ نہ پیش آجائے یا بھگدڑ نہ مچ جائے۔ 
ویسٹرن ریلوے کے چند انتہائی مصروف ریلوے اسٹیشنوں میں ملاڈ اسٹیشن کا بھی شمار ہوتا ہے۔ اس لئے یہاں اسی طرح کی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ 
یہاں سے روزانہ سفر کرنے والےعبدالرحیم خان نے بتایا کہ’’ پلیٹ فارم پر جگہ کم ہونے کے سبب ریلوے کی جانب سے ’پلیٹ فار م تنگ ہے‘کا بورڈ تو آویزاں کردیا گیا ہے اوراس پرلکھ بھی دیاگیا ہے لیکن کیا یہ مسئلے کا حل ہے ؟ کیا ریلوے انتظامیہ کو اس کا اندازہ ہے کہ جب پلیٹ فارم نمبرایک پر ٹرین آتی ہے تودونوں جانب مسافروں کے اترنے کے سبب کیا حال ہوتا ہے۔ اس لئے ریلوے انتظامیہ الرٹ رہے اورپلیٹ فارم نمبر ایک کے اندھیری کی سمت والے حصے کاکام جلد پورا کیاجائے۔ ‘‘عبداللہ عبدالرحمٰن خان نےکہاکہ ’’بورڈلگادینا یا اعلان کردینا مسئلے کاحل نہیں ہے بلکہ کام کو وقت پرپورا کرنا اور اس انداز میں آگے بڑھانا کہ آمدو رفت بھی جاری رہے اور کام بھی آگے بڑھے نہ کہ حادثے کااندیشہ برقرار رہے۔ ریلوے انتظامیہ بورڈ لگاکریہ سمجھ لے کہ اس کی ذمہ داری ادا ہوگئی، ایسا نہیں ہونا چاہئے جبکہ اب تک یہی ہورہا ہے۔ ‘‘ 
ویسٹرن ریلوے کےچیف پی آر ا و ونیت ابھیشیک نے ان مسائل کے جواب میں کہا کہ ’’مسافروں کی پریشانی کودیکھتے ہوئے ہی نئے پلیٹ فارم کی دونوں جانب چڑھنے اور اترنے کی سہولت مہیاکرائی گئی ہے۔ یہ درست ہے کہ ابھی اندھیری کی سمت پلیٹ فارم نمبر ایک کا کام باقی رہ گیا ہے لیکن اسے بھی جلد پورا کرلیا جائے گا تاکہ پورے نئے پلیٹ پرمسافروں کی آمدورفت ہوسکے جو ابھی آدھےحصے میں ہورہی ہے۔ اس سے بھیڑبھاڑ ازخود منتشر ہوجائے گی اور حادثے کا خطرہ بھی نہیں رہے گا۔ ‘‘انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’پلیٹ فارم پر جگہ کم ہے، بورڈ اسی لئے لگایا گیا ہے کیونکہ کام جاری ہے۔ ٹرین آنے پرمسافر تیزی سے بھاگتے ہیں، اس لئے بورڈ کے ذریعے یاددہانی کرائی گئی ہے کہ وہ خیال رکھیں کہ جگہ کم ہے، احتیاط سے اتریں یا ٹرین میں سوار ہوں تاکہ کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔ جہاں تک کام جلد پورا کرنے کی بات ہے توگنجائش کے مطابق کافی تیزی سے کام کیاجارہا ہے۔ ویسے بھی اسٹیشن پرمسافروں کی آمدورفت روک کرکام کرنا ممکن نہیں ہے اس لئے دونوں کام چلایا جارہا ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK