۲۳؍ منزلہ نوجیون بلڈنگ ایس آر اے پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی جارہی ہے۔
EPAPER
Updated: September 06, 2024, 12:05 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
۲۳؍ منزلہ نوجیون بلڈنگ ایس آر اے پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی جارہی ہے۔
جمعرات کی دوپہر ملاڈ مشرق میں واقع ایک زیر تعمیر ۲۳؍ منزلہ عمارت کا حصہ اچانک منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے ۳؍ مزدوروں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر ۳؍ زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے
اطلاع کے مطابق یہ حادثہ دوپہر ۱۲؍ بجکر۱۰؍ منٹ پر ہوا جس میں گووند نگر میں حاجی باپو روڈ پر زیر تعمیر ۲۳؍ منزلہ نوجیون بلڈنگ کے۲۰؍ ویں منزلہ کا کچھ حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔ اس وقت وہاں مزدور تعمیراتی کام میں مصروف تھے اور ۶؍ مزدور اس کی زد میں آگئے۔ چند مزدور عمارت کے اوپری منزلوں پر کام کررہے تھے اور ملبہ کی زد میں آنے کی وجہ سے نیچے زمین پر جاگرے اور گرائونڈ فلور پر موجود چند مزدور ملبہ کے نیچے دب گئے۔انہیں دیگر مزدوروں اور فائربریگیڈ کی مدد سے ملبہ سے نکال کر قریبی ایم ڈبلیو دیسائی اسپتال پہنچایا گیا لیکن ۳؍ مزدوروں کو داخلے سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
بی ایم سی کے مطابق اس حادثہ میں گوپال مودی (۳۲)، سوہن روتھا (۲۶) اور ونود سردار (۲۶) کی موت ہوگئی۔
زخمیوں میں شامل سلام الدین شیخ (۳۰) کو علاج کیلئے کوپر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ آئی سی یو میں زیرعلاج ہے۔ البتہ اس کی حالت ٹھیک بتائی گئی ہے۔ دیگر زخمی روپسن مامین (۳۰) کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے اسے ایم ڈبلیو دیسائی اسپتال کے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے جبکہ جلیل شیخ (۴۵) کو اسی اسپتال میں ہڈیوں کے علاج کیلئے ’آرتھو وارڈ‘میں رکھا گیا ہے۔ شہری انتظامیہ نے بتایا ہے کہ نوجیون نامی عمارت ’ایس آر اے‘ پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی جارہی ہے۔