سوامی دیانند پانڈے کی غیر حاضری پر۵؍ ہزار کا غیر ضمانتی وارنٹ ، سادھوی کی تاخیر سے حاضری پر برہمی،۳؍ اکتوبر کو صبح۱۱؍ بجے سبھی ملزمین کو حاضر رہنے کا حکم ۔
EPAPER
Updated: September 26, 2023, 8:24 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
سوامی دیانند پانڈے کی غیر حاضری پر۵؍ ہزار کا غیر ضمانتی وارنٹ ، سادھوی کی تاخیر سے حاضری پر برہمی،۳؍ اکتوبر کو صبح۱۱؍ بجے سبھی ملزمین کو حاضر رہنے کا حکم ۔
مالیگاؤں بم دھماکہ ۲۰۰۸ء معاملہ میں ایک طرف جہاں ۳؍ سو سے زائد سرکاری گواہوں کے بیانات درج کئے جاچکے ہیں اور مزید گواہوں کے بیانات درج کرنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے ، وہیں دوسری طرف پیر کو اس کیس کی شنوائی کے سلسلے میں تمام ۷؍ ملزمین کو عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا لیکن اس حکم کی تعمیل نہیں کی گئی ، اس کے سبب بیانات ریکارڈ نہیں ہوسکے۔ کلیدی ملزمہ اور بھوپال کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے کمرۂ عدالت میں تاخیر سے آنےاور ایک ملزم کے غیر حاضر ہونے پر کورٹ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ سادھوی کے وکیل کے ذریعہ علیل ہونے کا جواز پیش کرنے کےباوجود عدالت نے ۳؍ اکتوبر کو سبھی ۷؍ ملزمین کو صبح ۱۱؍ بجے کمرہ عدالت میں حاضر رہنے کی ہدایت دی ۔ ساتھ ہی غیر حاضر رہنے والے ملزم کیخلاف ۵؍ ہزار روپے کا غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ پیر کو این آئی اے کی خصوصی عدالت میں صبح ۱۱؍ بجے شروع ہونے والی سماعت میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے علاوہ کرنل شری کانت پرساد پروہت ،رمیش اپادھیائے ،اجئے راہیکر ، سدھا کر چترویدی سمیر کلکرنی اور سدھاکر دیویدی عرف سوامی دیانند پانڈے کو عدالت کے روبرو حاضر ہونا تھا لیکن مذکورہ بالا کیس کے ۵؍ ملزمین دوپہر ۱۲؍ بجے کورٹ کے روبرو حاضر ہوئے جبکہ کلیدی ملزمہ دوپہر ۲؍ بجے بھگوا لباس میں موجود اپنے وکلاء کی ٹیم کے ساتھ کمرہ عدالت میں داخل ہوئی تھی ۔پیر کو تمام ملزمین کی موجودگی میں کورٹ کو ان کے بیانات درج کرنے کا سلسلہ شروع کرنا تھا لیکن اس حکم تعمیل نہ ہونے سے یہ سلسلہ رک گیا۔ اسی درمیان سادھوی پرگیہ سنگھ کے وکیل نے عدالت کے روبرو تحریر ی جواب داخل کرتے ہوئے بتایا کہ سادھوی مختلف عارضہ میں مبتلا ہیں اور علیل ہونے کے سبب کورٹ میں تاخیر سے حاضر ہوئی ہیں ۔ اس پر خصوصی عدالت کے جج اے کے لاہوٹی نے ایک بار پھر تمام ملزمین کو مخاطب کرتے ہوئے ۳؍ اکتوبر کو صبح ۱۱؍ بجے کورٹ کے روبرو حاضر ہونے کا فرمان جاری کیا ۔ عدالت نے اس کیس کے ملزم نمبر ۱۰؍ سدھاکر دیویدی عرف سوامی دیانند پانڈے کے غیر حاضر رہنے پر اس کیخلاف۵؍ ہزار کا غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے ۔ اس ملزم کے لیپ ٹاپ سے اس کیس کی جانچ کرنے والی سابقہ ایجنسی مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ ( اے ٹی ایس) نے دھماکہ سے قبل ہونے والی میٹنگوں کی آڈیو و ویڈیو کلپ حاصل کی تھی ۔عدالت میں ملزمین کےتاخیر سے حاضر ہونے پر جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے نمائندگی کرنے والے وکیل شاہد ندیم نے کہا کہ’’ اگر ملزمین اور دفاعی وکلاء عدالت سے تعاون نہیں کریں گے تو ملزمین کے بیانات درج کرنے میں مزید کئی اورماہ لگ سکتے ہیں۔ ملزمین کے عدم تعاون کے سبب متاثرین کو انصاف ملنے میں مزید تاخیر ہوگی۔‘‘
عدالتی کارروائی کے بعد عدالت کے احاطے میں کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کی جو مالیگاؤں میں بم دھماکہ کرنے کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار ہوئی تھیں اور اب ضمانت پر رہا ہیں ۔ انہوں نے ایک بار پھر سابق ایجنسی اے ٹی ایس پر جھوٹا کیس درج کرنے اور سابقہ کانگریس حکومت پر ذہنی اور جسمانی تشدد کرنے کے سبب مختلف عارضہ میں مبتلا ہونے کا الزام لگایا۔ مقدمہ کی سماعتوں کو طول دینے کے سوال پر سادھوی پرگیہ سنگھ نے کہا کہ’’ میں دوسروں کے تعلق سے کچھ نہیں کہہ سکتی، البتہ میں عدالت کے حکم پر ہمیشہ حاضر رہی ہوں اور جب علاج کے لئے شہر آنا ہوا ہے، اس وقت بھی میں کورٹ کے حکم کے بغیر بھی شنوائی میں شامل رہی ہوں۔ ‘‘