• Tue, 21 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگائوں فیسٹیول (سیزن۵) کی شعری وادبی روایت برقرار، خوش نویسی مقابلے کا انعقاد

Updated: January 20, 2025, 11:12 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

۷۰۰؍طلبہ نے شرکت کی اور اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ خوش نویسی کے ذریعے شعرائے مالیگائوں کو یاد کیاگیا۔

The students who participated in this competition were awarded certificates by the guests. Photo: INN.
اس مقابلے میں شریک ہونیوالے طلبہ میں مہمانان کے ہاتھوں توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔ تصویر: آئی این این۔

مالیگائوں فیسٹیول ٹرسٹ کے زیر اہتمام پانچواں آل مالیگائوں خوش نویسی مقابلہ کامیاب رہا۔ شہر کے ۳۵ ؍ تعلیمی اداروں کے ۷۰۰ طالبانِ علم نے نہ صرف فنِ خوش نویسی کا مظاہرہ کیا بلکہ اپنے ادبی ذوق وشوق، اپنی نفاست پسندی کا بھی خوب خوب اظہار کیا۔ اس مقابلے کی خاص بات یہ رہی کہ شریک مقابلہ طلبہ نے شعرائے مالیگائوں کے پسندیدہ و معروف اشعار کو نہ صرف خوش خط لکھا بلکہ اسے خطاطی وآرٹ کا بہترین نمونہ بھی بنایا۔ 
اس مقابلہ کے جج حضرات جمال احمد شمس الضحیٰ، انصاری عارف انجم(کیلی گرافی آرٹسٹ) اور سالک عبداللطیف (شامنامہ ) نے نہایت عرق ریزی سے تمام پرچوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے انعام کے حقداروں کا انتخاب کیا۔ خطاطی کے اصولوں سے انحراف اور تکنیکی غلطیوں کی وجہ سے کئی طلبہ اچھا ورک ہونے کے باوجود انعام کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ اتوار کی صبح ۱۱؍ بجے سے حج کمیٹی ہال میں ہوئے اس بامقصد کثیر المقاصد مقابلۂ خوش نویسی میں بحیثیت مہمان و مشاہد کئی معززین نے بھی شرکت کی ان میں رضوان ربانی سر، خان سلیم سر، عارف مرزا، الطاف فاروق سر، عارف انجم سر، مولانا حافظ رفیق احمد قادری اشرفی، شفیق انور سر، ہاشم سر، محمد امین ساگر، قاسم سر، شاہد سر، محوی سر وغیرہ شامل تھے۔ سبھی مہمانوں کا خیر مقدم فیسٹیول کے سیکریٹری حافظ انیس اظہر نے کیا، طلبہ نے خوش نویسی کے ذریعے عطاء مالیگانوی، مسلم مالیگانوی، ادیب مالیگانوی، اختر مالیگانوی، دانش، نشاط، یوسف عزیز، سہیل، امین صدیقی، نسیم مینا نگری، اثر صدیقی، اسحق خضر، آزاد انصاری، اشفاق انجم، مقیم اثر بیاولی، الیاس صدیقی، سید عارف، الطاف ضیا ء، واحد انصاری، رفیق سرور، فرحان دل، ارشاد انجم جیسے شعرا کے عمدہ اشعار لکھ کر اپنے ادبی رجحان کااظہار کیا۔ سبھی شرکاء کو سرٹیفکیٹ اور قلم کا تحفہ دیا گیا۔ ججوں کے فیصلے کے مطابق انعامات کی تقسیم ۲۴؍ جنوری جمعہ کی شام ۷ بجے فیسٹیول اسٹیج پر ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK