• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگائوں: جنرل اسپتال کے طبی عملے کو کہیں اور منتقل نہیں کیا جائے گا

Updated: September 25, 2024, 9:41 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

سماج وادی پارٹی کے وفد کی محکمہ صحت کے حکام سے ملاقات ، حکام کی جانب سے تحریری یقین دہانی اور افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل

Shaan Hind and Direct Dignity talking to Civil Surgeon Anant Pawar
شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی سول سرجن اننت پوار سے بات کرتے ہوئے

حال ہی  میں مالیگائوں کے جنرل اسپتال کے طبی عملے کو ساوتری بھائی پھلے اسپتال منتقل کر دیا گیا جو ابھی ابھی شروع ہوا ہے۔  اس تعلق سے سماج وادی پارٹی کے ایک وفد نے ضلع کے محکمہ صحت کے حکام سے ملاقات کی  ۔ طویل میٹنگ کے بعد حکام نے تحریری یقین دہانی کروائی کہ  جنرل اسپتال میں جاری امراض اطفال اور زچگی کے شعبے حسب معمول جاری رہیں گے ۔یہاں کام کرنے والے طبّی عملے کو کسی اور سرکاری اسپتال میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔  
  پیر کی رات ہوئی اس میٹنگ  میں اننت پوار (سول سرجن ناسک ڈسٹرکٹ سول اسپتال ) ، این ایل چوہان ( میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، جنرل اسپتال مالیگاؤں ) ، ڈاکٹر آہیرے ( ہیلتھ آفیسر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن ) ، شانِ ہند ( صدر سماجوادی ) اور سماجوادی لیڈران  محمد مستقیم ، زاہد ندوی ، ابواللیث انصاری  اورعبدالرحمٰن انصاری وغیرہ شریک تھے ۔ وفد نے شکایت کی کہ   وزیر دادا بھسے کی زبانی ہدایت پر جنرل اسپتال کے طبی عملے کو  ساوتری بائی پھلے اسپتال  منتقل کردیا گیا ۔اس کے علاوہ ہارون انصاری اسپتال ، علی اکبر اسپتال ، این این واڈیا اسپتال سے حاملہ خواتین کو بوقت ضرورت جنرل اسپتال منتقل نہ کئے جانے کی کارروائیاں بھی سامنے آئیں ۔ مالیگاؤں کے   ۸۰؍ فیصد مسلم عوام کیلئے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی غیر انسانی سلوک کا ٹھوس ثبوت ہے ۔ اس پر سول سرجن ڈاکٹر اننت پوار نے کہا کہ جنرل اسپتال اور دیگر سرکاری  اسپتالوں  میں  امراض اطفال اور زچگی کے شعبے بند نہیں ہوں گے ۔ یہاںکے ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگرملازمین کو ساوتری بائی پھلے سرکاری اسپتال میں ٹرانسفر نہیں کیاجائے گا ۔   وفد نے زبانی یقین دہانی کے بجائے تحریری جواب طلب کیا ۔ سول سرجن نے وفد کے مطالبے کی تکمیل کی ۔          میٹنگ کے بعد سول سرجن نے کہا کہ افواہوں پر قطعی دھیان نہ دیں ۔طبّی مسائل کے سدباب اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اپنے اختیار و دائرہ کار کے مطابق کام کرتا رہے گا ۔ 
       اس سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد مستقیم نے کہا کہ مالیگاؤں کی سیاسی قیادت کمزور ہونے کے ساتھ نا سمجھ بھی ہے ۔ ساوتری بائی پھلے اسپتال  مالیگاؤں کے جنرل اسپتال کے احاطے میں تعمیر کیاجانا  تھا جسے دادا بھسے نے اپنے اثر ورسوخ کا استعمال کرکے مغربی حصے میں تعمیر کروایا ۔ دادا بھسے کے خلاف مالیگاؤں سینٹرل کے رکن اسمبلی مفتی اسماعیل نے ہائی کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا جو آج تک اعلان ہی ہے ۔ ادھر  رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی ( ایم آئی ایم ) نے کہا کہ  ’تیرا میرا ‘ کی سیاست کرکے شہر میں امن وامان  خراب کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ اس معاملے میں پولیس سختی کا مظاہرہ کرے ۔ سرکاری اسپتالوںکے دروازے مشرقی مالیگاؤں کے عوام کیلئے بند نہیں ہیں اور نہ بند ہونے دیئے جائیں گے ۔ سرکاری محکمہ صحت عامہ کے مقامی سے لے کر اعلیٰ سطحی افسران تک  سے باز پُرس کی گئی تو عقدہ کھلا کہ اِس معاملے میں صرف ’ سیاست ‘ حاوی ہے جس کا حاشیہ اور بین السطور مالیگاؤں کے رائے دہندگان سمجھ چکے ہیں ۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK