• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگائوں: شائستہ جبین کو پونے یونیورسٹی سے ۳؍ گولڈ میڈل

Updated: December 25, 2024, 5:01 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

صنعتی شہر سے تعلق رکھنے والی شائستہ جبین جمیل احمد کواعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر یونیورسٹی آف پونے کی جانب سے ۳؍طلائی تمغوں سے نوازا گیا ہے۔

Shaista Jabeen receiving the honor. Photo: INN
شائستہ جبین اعزاز حاصل کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

صنعتی شہر سے تعلق رکھنے والی شائستہ جبین جمیل احمد کواعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر یونیورسٹی آف پونے کی جانب سے ۳؍طلائی تمغوں سے نوازا گیا ہے۔ یونیورسٹی سے بیک وقت تین گولڈ میڈل حاصل کرنے والی وہ پہلی  طالبہ ہیں۔ اس سے قبل مالیگائوں کے کسی بھی طالب علم یا طالبہ کو پونے یونیورسٹی سے تین طلائی تمغے ایک ساتھ نہیں ملے ہیں۔ اس شاندار ریکارڈ کو قائم کرنے والی شائستہ جبین نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ یونیورسٹی فرسٹ رینکرکا پہلا میڈل، اکیڈمک ایکسی لینس کیلئے دوسرا اور مقابلہ جاتی امتحانات میں حسن کارکردگی کا تیسرا اِس طرح مجھے تین میڈل دئیے  گئے ہیں۔ یونیورسٹی کی سالانہ ثقافتی تقریب اور تقسیم انعامات میں جواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو )کے سابق وائس چانسلرڈاکٹروجئے کمار سارسوت (رکن نیتی آیوگ)کے ہاتھوں میڈل سونپے گئے۔ شائستہ نے اپنے تعلیمی سفر کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے طبعیات میں ماسٹرس ڈگری (ایم ایس سی۔ فزکس ) مالیگائوں کے گائیکواڑ کالج سے حاصل کی ہے جبکہ اسی شعبے میں بی ایس سی انہوں نے جے اے ٹی سینئر کالج سے مکمل کی تھی۔ اس  کےعلاوہ کے جی سے بارہویں تک تعلیم جے اے ٹی کیمپس سے ہوئی جبکہ بی ایڈکی ڈگری بھی انہوں نے یہیں سے حاصل کی۔ شائستہ کے مطابق ان کے والد جمیل احمد ۲؍سال قبل انتقال کرگئے۔ وہ یارن بروکر کے طور پر کام کرتے تھے۔ والدہ نسیم نے پڑھائی مکمل کرنے میں پوری مدد کی۔ چار بہنوں اور ایک بھائی پر مشتمل خاندان ہے۔ کفالت اور مستقبل کے پیش نظر فی الحال شہر کی ایک پرائیوٹ کوچنگ کلاس میں ٹیچنگ کررہی ہیں۔ واضح رہےکہ یونیورسٹی آف پونے سے امسال تین طلائی تمغے پانے والی شائستہ جبین اکلوتی مسلم طالبہ تھیں۔ جب وہ کانووکیشن اور پرائز ڈسٹری بیوشن ڈائس پراسکارف کے ساتھ پہنچی تو پورا ہال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK