معروف صحافیوں نے موجودہ دور کی صحافت پر گفتگو کی، فن کاروں نے جوہر دکھائے، جاوید صدیقی نے’الائو‘ میں اپنے تجربات بیان کئے۔
EPAPER
Updated: February 02, 2025, 1:04 PM IST | Inquilab News Network | Malegaon
معروف صحافیوں نے موجودہ دور کی صحافت پر گفتگو کی، فن کاروں نے جوہر دکھائے، جاوید صدیقی نے’الائو‘ میں اپنے تجربات بیان کئے۔
اردو زبان و ادب کے شہر مالیگاؤں میں ’’رشک بہاراں‘‘ کے عنوان سے سہ روزہ ادبی تہوار کا سنیچر کو دوسرا دن تھا جس میں مختلف سیر حاصل اور دلچسپ پروگرام منعقد کئے گئے اور اس دن کا اختتام شام غزل پر ہوا۔ اتوار کو اس پروگرام کا آخری دن ہے۔
مالیگائوں کے اردو گھر آڈیٹوریم میں صبح ’’جدید تعلیم وسائل اور اردو میڈیم اسکولیں‘‘ عنوان پر اور دوپہر میں ’میڈیا کا بدلتا منظر نامہ اور اردو صحافت‘ کے عنوانات پر مذاکرے ہوئے۔
دوسرے مذاکرے میںدہلی سے معروف صحافی معصوم مراد آبادی، آنجہانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے میڈیا ایڈ وائزر پنکج پچوری، روزنامہ انقلاب کے مدیر شاہد لطیف، روزنامہ اردو نیوز کے ایڈیٹرشکیل رشید اور تلنگانہ کے ایم ایل سی و روزنامہ سیاست کے مالک و مدیر عامر علی خان نے شرکت کی۔ ان حضرات نےسیر حاصل گفتگو کی۔
اس کے بعد شام ۶؍ بجے سے مالیگاؤں ہائی اسکول کے گراؤنڈ پر ’شام غزل‘ میں جےپور گھرانے سے تعلق رکھنے والے رحمٰن علی اور حیدرآباد سے آنے والی سنگنگ ریالٹی شو کی فائنلسٹ جیوتی شرما نے مالیگاؤں شہر کے بزرگ فنکار رمضان فیمس کی ترتیب کردہ دھنوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس درمیان معروف فلم رائٹر اور ’روشندان‘ اور ’لنگر خانہ‘ جیسی کتابوں کے مصنف جاوید صدیقی کے ساتھ رشک بہاراں کے کنوینر امتیاز خلیل نے ’الاؤ‘ کے عنوان سے دلچسپ گفتگو کی۔
اتوار کی صبح اردو گھر میں ’اردو فکشن کے موضوع پر ’کہانیوں کے درمیان‘ نام سے ایک نشست کا انعقاد ہوگا جس میں جاوید صدیقی کے ساتھ درجنوں فلمیں لکھنے والی نعیم اعجاز جوڑی کے نعیم شیخ بھی شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں کہانیوں کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ دوپہر میں ’اردو شاعری کی نئی لفظیات اور نئے رجحانات‘ کے عنوان سے ایک مذاکرہ ہوگا۔ اختتامی تقریب کے بعد شام ۶؍ بجے سے مالیگاؤں ہائی اسکول گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان مشاعرہ ہوگا۔