Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مالیگائوں: رمضان کا پورا مہینہ افطاری کا دسترخوان لگانے کی روایت برقرار

Updated: March 16, 2025, 10:59 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

شہر کے سابق رُکن اسمبلی شیخ رشید اور ان کے چھوٹے بھائی شیخ خلیل کی یاد میں ہر سال یہاں روزے داروں کی میزبانی کی جاتی ہے۔

People who come to Malegaon from all over the country to shop also participate in it. Photo: INN.
اطراف و اکناف سے خریداری کیلئے مالیگائوں آئے افراد بھی اس میں شرکت کرتے ہیں۔ تصویر:آئی این این۔

صنعتی شہر مالیگائوں کے سب سے بڑے اور مصروف ترین اولڈ آگرہ روڈ پر واقع کے ڈی آفس کے قریب رمضان میں پورا مہینہ افطاری کا دسترخوان لگانے کی روایت امسال بھی برقرار ہے۔ اس کے سارے انتظامات سابق رُکن اسمبلی شیخ آصف اور ان کے اہل خانہ کی نگرانی میں کئے جاتے ہیں۔ اس کیلئے عوامی یا خصوصی سطح پر کسی قسم کی مدد نہیں لی جاتی۔ اس کی شروعات ۲۰۲۲ء میں ہوئی تھی۔ یہاں سابق رکن اسمبلی شیخ رشید مرحوم اور ان کے چھوٹے بھائی شیخ خلیل مرحوم(سابق چیئرمین میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی، مالیگائوں )کی یاد میں روزے داروں کی میزبانی کی جاتی ہے۔ 
شیخ آصف کے چچا زاد بھائی اور افطاری دسترخوان کے مہتمم شیخ احسان نے کہا کہ مالیگائوں میں رمضان اور عید کی مناسبت سے اطراف واکناف سے کثیر تعداد میں عامتہ المسلمین آتے ہیں۔ یہاں کے ہفتے واری بازار کے علاوہ سبزی منڈی، قصاب واڑہ، گاندھی کپڑا مارکیٹ، انجمن چوک فیشن اسٹریٹ اور صرافوں کے یہاں خریداروں کا جم غفیر ہوتا ہے۔ بیرون قصبے اور شہروں سے آنے والے روزے داروں کیلئے افطاری کی سہولت فراہم کرنا ہمارا مقصد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ڈھائی سے ۳؍ سَو روزے دار اس دسترخوان پر موجود ہوتے ہیں۔ ان کیلئے معیاری کھجوریں، تازے پھل، پکوڑے اور ٹھنڈے مشروبات کا انتظام کیا جاتاہے۔ 
واضح رہے کہ اس خانوادے کی جانب سے اولڈ آگرہ روڈ پر ماہِ رمضان کی آمد کی خوشی ومبارک باد کیلئے ڈیجیٹل بینر بھی لگائے گئے ہیں۔ سیکڑوں روزے داروں کیلئے افطاری کے انتظامات کے علاوہ اس پورے مہینے ہر جمعہ اور اتوار کو افطاری کےساتھ کھانے(پلائو، بریانی وغیرہ) کا انتظام بھی کیا جاتا ہے۔ موقع کی مناسبت سے بدھ کے دن بھی افطاری مع طعام کا انتظامات ہوتا ہے۔ شیخ رشید خانوادے نے مالیگائوں ومضافات کے عامتہ المسلمین سے گزارش کی ہے کہ افطاری کے دسترخوان پر ضرور شریک ہوں اور اپنی دعائوں میں اس خانوادے کو یاد رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK