• Sat, 04 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے مالیگائوں میں ہفت روزہ اردو کتاب میلے کا آغاز، تیاریاں مکمل

Updated: January 01, 2025, 6:01 PM IST | Mukhtar Adeel | Mumbai

انجمن محبان اردو کتب اور ایم جی ودیا مندر ٹرسٹ کے اشتراک سےمنعقدہ رنگا رنگ میلے میں مختلف ادبی وثقافتی پروگرام منعقد ہوں گے

This book fair will continue till next Tuesday. Photo: INN
یہ کتاب میلہ آئندہ منگل تک جاری رہے گا۔ تصویر: آئی این این

صنعتی شہر مالیگائوں میں غیر سرکاری طور پر انجمن محبان اُردو کتب (رجسٹرڈ)کے زیر اہتمام اور ادارئہ صوت الاسلام وایم جی ودیا مندرٹرسٹ کے اشتراک سے ہو رہا ہے اردو کتاب میلے کا انعقاد ہور ہا ہے۔اس کا آغاز  آج  یعنی یکم جنوری سے  اور اختتام ۷؍جنوری منگل کوہو گا۔اے ٹی ٹی ہائی اسکول کے پیچھے سٹی کالج نیو کیمپس (مراٹھااسکول)میں لگنے والے اس میلے  کی  افتتاحی تقریب آج صبح ساڑھے ۱۰؍بجے ہو گی۔میلے میں داخلے کیلئے دو گیٹ ہوں گے ۔ پہلے گیٹ کا افتتاح مفتی محمد حسنین نعمانی اور دوسرے گیٹ کا افتتاح ڈاکٹر سبھاش نکم (پرنسپل ایم ایس جی کالج)کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔  وسیم احمد (رکن انجمن محبان اُردو کتب )نے کہا کہ اس کتابی میلے کیلئے سارے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس میں۲۰؍اسٹال ہوں گے۔میلے کی نوعیت خالص ادبی وثقافتی رکھی گئی ہے۔اُردو زبان وادب کے فروغ کے علاوہ قارئین کو کتابوں سے قریب لانے کیلئے میلہ   منعقد کیاجارہاہے۔انجمن محبان اُردو کتب ،یہ رجسٹرڈ ادارہ ہے جس میںمالیگائوں کے سبھی کتب فروش ،طابع اور ناشرین کو رکنیت حاصل ہے۔   وسیم احمد نے کہا کہ اس میلے میںروزانہ ثقافتی تقریبات کے ساتھ نئی کتابوں کے اجراء بھی کئے جائیں گے ۔ پہلے دن صرف افتتاحی جلسہ و تقریب ہے۔جمعرات ۲؍جنوری کی شام ۶؍ بجے ’مصنفین سے ملاقات‘کا پروگرام ترتیب دیا گیا ۔ ا سکی صدارت پروفیسر عبدالعزیز انصاری کریں گے۔تقریب کی مناسبت سے مدعومصنفین میں ڈاکٹر اشفاق انجم ،سلیم شہزاد،نعیم الظفر نعمانی،زبیر احمد ندیمی ،اقبال برکی،عبدالمجید صدیقی ،شب انصاری ،یاسین ملّی،عتیق شعبان،اسماعیل وفا، حسین مشاہد رضوی،شفیق فلاحی ، جلیس الرحمٰن ، ادریس ندوی ،شاہ ایاز ،مبین نذیر اور پروفیسر عبدالقدیر شامل ہیں۔  ڈاکٹر عارف انجم (انچارج پرنسپل سٹی کالج) نے کہا کہ کتابی میلے سے خوشگوار ماحول سازی میں مدد ملتی ہے۔علوم وفنون سے وابستہ نمائندہ شخصیات سے عام قارئین روبرو ہوتے ہیں۔نئی کتابوں کی فروخت کے ساتھ نئے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ماضی میںکئی کتابی میلے سرکاری وغیرسرکاری نوعیت کےہوئےجن کی کامیابیاں اپنے آپ میں بہت بڑی  شمار کی جاتی ہیں۔ایم جی ودیامندرٹرسٹ نےاس کتابی میلے کیلئے ۶۰؍ہزار مربع فٹ قطعہ اراضی بلا معائوضہ دی ہے۔دیگر انتظامی امور میںمیلہ انتظامیہ کمیٹی کے ساتھ سٹی کالج کے اساتذہ وطلبہ قدم سے قدم ملائے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اس میلے میں شرکت کیلئے مالیگائوں کے اُردو میڈیم اسکولوں میںدعوت نامے بھی پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK