• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگاؤں کے رائے دہندگان صنعتی، تعلیمی اور معاشرتی ترقی کے منتظر

Updated: December 06, 2024, 5:49 PM IST | Mukhtar Adeel | Mumbai

مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ سے نومنتخب رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے عوام کی توقعات پر پورا اُترنے کا عزم دہرایا۔

Mufti Muhammad Ismail Qasmi with his supporters after winning the assembly elections. Picture: INN
اسمبلی الیکشن میں کامیابی کے بعدمفتی محمداسماعیل قاسمی اپنے حامیوں کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ سے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم )کے امیدوار مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے ۱۶۲؍ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں کے رائے دہندگان نے انہیں دوسری مرتبہ  اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے۔۲۰۱۹ءمیں بھی وہ اسی پارٹی سے جیتے تھے۔پہلی میعاد ۲۰۰۹ء سے ۲۰۱۳ء تک رہی ۔ مطلب وہ تیسری مرتبہ ایم ایل اے بنے ہیں۔ شمالی مہاراشٹرکے حلقہ  اسمبلی میں یا ممبئی کے علاوہ ریاست گیر سطح پر مالیگائوں کا حلقہ اور یہاں کا ایم ایل اے توجہ کا مرکز رہا ہے۔  اس اسمبلی حلقے کے رائے دہندگان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نومنتخب رکن اسمبلی مالیگاؤں کی صنعتی ، تعلیمی اور معاشرتی ترقی کیلئے کام کریں گے ۔
 شبیر احمد (دیگ والے) کے مطابق پارچہ بافی صنعت مالیگائوں کی شناخت ہے۔صنعتی مسائل کی طویل فہرست ہے۔ بجلی صارفین سے مزدوروں تک اور یارن بیوپاریوں سے کپڑے کے تاجروں  تک پوری  زنجیر  ہے اور ان کے کئی مسائل ہیں۔ ایک اچھے عوامی نمائندے سے عوام یہی توقع رکھتے ہیںکہ وہ مسائل کو بہتر انداز میں سُلجھائے گا اور ان سے نجات دلائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی فراہمی کیلئے نجی کمپنی کو سارا نظام سونپ دیئے جانے کےبعدشہرکی صنعتی صورتحال میں تغیر واقع ہوا ہے۔ اسے سمجھتے ہوئے مسائل کا سدباب حکومتی سطح پر کروایا جاسکتا ہے۔
 ڈاکٹر راشد خلیقی ( انجمن تہذیب الاخلاق) نے کہا کہ شہر میں اُردو کے تعلیمی ادارے کثرت سے ہیں۔ یہاں پر بسنے والے ۹۵؍ فیصد باشندے اُردو بولتے لکھتے اور پڑھتے ہیں۔ سرکاری امداد یافتہ اورغیر امدادی عصری مدارس کے مسائل حل طلب ہیں۔ نئی کلاسوں کی منظوری ، مختلف مدوں میں دی جانے والی سرکاری اعانت میں کٹوتی  پر روک ،کشادہ اور بہتر ماحول میں اسکول اور کالجز جاری رہ سکیں اس کیلئے کوششیں ، اِن  معاملات پررکن اسمبلی کی توجہ کی ضروری ہے ۔ نومنتخب عوامی نمائندے سے تعلیم یافتہ طبقے کی امیدیں وابستہ ہیں۔انہیں ملنے والے پوسٹل ووٹ دیگر امیدواروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔اس کا مطلب یہی ہےکہ شہر کا خواندہ ،سنجیدہ اور ذی شعور رائے دہندگان بھی انہیں پسند کرتے ہیں۔اب اُن کی ذمہ داری ہےکہ وہ شہر مالیگائوں کی تعلیمی وتہذیبی ترقی کیلئے کوشاں رہیں۔
 ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان نے کہا کہ بہت دُکھ کی بات ہے کہ مالیگائوں میں منشیات کاکاروبار بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ منشیات فروشوں کو پناہ دینے والے بھی مقامی سیاسی نمائندے ہیں۔ جب منشیات کی خریدو فروخت کے معاملات میں  اضافہ ہورہا  ہے توسیدھی سی بات ہے کہ سماج میں جرائم کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔لُوٹ مار، قتل  وغارت گری  اور آبروریزی کے سنگین جرائم پولیس تھانوں میں درج ہورہے ہیں۔ریاستی وزارت داخلہ ،حفاظتی دستے ،خفیہ ادارے ،انسداد منشیات محکمے اور پولیس انتظامیہ سے بہترتال میل پیدا کرکے مالیگائوںکو منشیات سے پاک کرنے کی عملی کوشش کارگر ہوسکتی ہے۔
 احمد بن عبدالعزیز(سماجی کارکن) نے کہا کہ سیاست نے شہر کو مختلف خانوں میں منقسم کردیا  ہے۔ فرقہ پرستی مقامی سطح سے لے کر ریاستی سطح تک پھیل گئی ہے۔ اہانت سرعام ہونے لگی ہے۔ بےروزگاری کا دَور دَورہ ہے۔ شہر مالیگائوں کے رائے دہندگان نے مفتی صاحب کی شخصیت پر آنکھ بندکرکے بھروسہ کیاہے تویہ بھروسہ ٹوٹنا نہیں چاہئے۔ایوانِ اسمبلی میں وہ صرف مالیگائوں  ہی کے نہیںبلکہ ملّت کے نمائندے ہیں۔
 اس تعلق سے  رکن اسمبلی مفتی اسماعیل نے کہا کہ اسمبلی الیکشن کی ووٹنگ سے چندروزقبل مجھے قلب کے عارضے نے جکڑلیا تھا ،اُس دوران انتخابی تشہیری مہم شہر کے لوگوں نے سنبھال لی تھی اور مجھے کامیاب کروانے کیلئے سخت محنت کی جس کا احسان اور قرض میں تا عمر نہیں اُتار سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عصبیت ، منشیات فروشی،نفرت اور اختلافات سے مالیگائوں کے مسلم معاشرے کو پاک کرنے کی پوری منصوبہ بندی ہمارے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کی جارہی ہے۔منظم منصوبے کےساتھ ہم لوگ کام کریں گے۔شہر کے عوام نے جس توقعات کے ساتھ مجھے نمائندگی کا موقع دیا ہے،بُرائی کے سامنے اچھائی کا انتخاب کیا ہے،اس کےپیش نظر ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK