• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگاؤں : شرح رائے دہندگی میں اضافے کیلئے ووٹوتھان کا کامیاب انعقاد

Updated: November 18, 2024, 12:01 PM IST | Mukhtar Adeel | Nashik / Malegaon

ناسک کے کلکٹر جلج شرما اور ضلع پریشد سی ای او اشیما متّل کی سربراہی میں بیداری مہم چلائی گئی۔

Voters taking pictures next to a selfie box set up for polling booths. Photo: INN
ووٹوتھان کیلئے بنائےگئے سیلفی باکس کے پاس تصویریں کھنچواتے ہوئے ووٹرز۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کیلئے ۲۰ / نومبر بدھ کو ہونے والی ووٹنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی خاطر رائے دہندگان میں جوش وخروش نیز بیداری پیدا کرنے کی غرض سے ناسک اور اس کے ۱۵ / اسمبلی حلقوں میں خصوصی مہم بنام ’ ووٹوتھان‘ شروع کی گئی ہے۔ اس مہم کی سربراہی ڈاکٹر پروین گیدام ( محصول کمشنر )، جلج شرما ( کلکٹر ) اور اشیما متّل ( چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضلع پریشد ) اور حلقہ ہائے اسمبلی کی الیکٹورل و ریٹرننگ آفیسرز کررہے ہیں۔ 
  اشیما متّل نے کہا کہ انتخابات جمہوری تہوار ہوتے ہیں ۔ رائے دہی کے عمل میں رائے دہندہ کو شریک کروانے کیلئے سرکاری انتظامیہ مختلف جہتوں میں کوششیں کرر ہی ہیں ۔ ووٹوتھان، بیداری مہم کا حصہ، جس میں سرکاری افسران وملازمین کے ساتھ سماجی کارکنان اور عام رائے دہندگان بھی جوش و جذبے سے شامل ہو رہے ہیں۔ شرح رائے دہندگی میں اضافہ اس مہم کا بنیادی مقصد ہے اور ووٹوتھان کے ذریعے ہم اپنے مقصد کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ 
 جلج شرما نے کہا کہ ووٹوتھان میں کالجز اور اسکولز کے اسٹوڈنٹس خاص طور سے شامل کروائے گئے ہیں۔ ایسے رائے دہندگان جو پہلی مرتبہ اپنا حق رائے انتخابی عمل میں بروئے کار لائیں گے اُن کا جوش اور حوصلہ بڑھانا ہمارا کام ہے۔ شرما نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ضروری ہیکہ رائے دہی کے عمل کو شفاف اور مضبوط بنایا جائے۔ حق رائے دہی ادائیگی کیلئے بلا خوف وخطر رائے دہندگان پولنگ مراکز پہنچیں اور اپنا ووٹ ڈالیں۔ 
 واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ کی اس مہم میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن بھی شریک ہے۔ کمشنر و ایڈ منسٹریٹر رویندر جادھو نے کہا کہ ووٹنگ فیصد بڑھانے کیلئے مختلف شعبوں سے منسلک نمائندہ افراد، تنظیموں اور اہم ذمہ داران سے مالیگاؤں شہری انتظامیہ نے تبادلہ خیال کرکے مہم میں شمولیت اختیار کروائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK