انتخابات کے دوران دھاندلی کی شکایت کی، ضلع اور پولیس انتظامیہ کوغیر جانبدارانہ الیکشن کرانے میں ناکام قراردیا۔
EPAPER
Updated: February 06, 2025, 11:04 AM IST | Agency | Lucknow
انتخابات کے دوران دھاندلی کی شکایت کی، ضلع اور پولیس انتظامیہ کوغیر جانبدارانہ الیکشن کرانے میں ناکام قراردیا۔
اترپردیش کے ضلع ایودھیا کی ملکی پور اسمبلی سیٹ پر بدھ کو ہوئے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر شیام لال پال نے ریاست کے چیف الیکشن افسر سے ملاقات کر ضمنی الیکشن مین ایس پی کے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ سینٹر سے باہر نکال دینے، پولیس افسران کے ذریعہ ووٹروں کے آئی ڈی چیک کرنے، درجنوں پولنگ اسٹیشنوں پر بی جے پی کے ذریعہ فرضی ووٹنگ کرانے، بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ چار پہیہ گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ انتخابی حلقے میں گھوم گھوم کر غیر جانبدارانہ الیکشن کو متاثر کئے جانے کی شکایت کی۔ پال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کئی میمورنڈم دے کر آزادانہ، غیر جانبدارانہ، خوف سے آزاد الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن ضلع انتظامیہ، پولیس انتظامیہ نے غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پور ضمنی الیکشن میں صبح ۷؍ بجے سے بڑی تعداد میں شکایتیں موصول ہوئیں۔ پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بھی الیکشن میں گھپلے بازی کا ویڈیو شیئر کیا۔ ایودھیا سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد نے بھی ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔ اس دوران ملکی پور اسمبلی حلقے کے ضمنی الیکشن میں سخت سیکوریٹی بندو بست کے درمیان بدھ کی شام پانچ بجے تک۶۲ء۲۵؍فیصد افراد نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ مجموعی طور سے پر امن رہی۔ ووٹنگ کا فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔