Updated: January 06, 2024, 4:37 PM IST
| New Delhi
کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے آج پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت نے کانگریس کو پارلیمنٹ میں اپنی آواز اٹھانے کا موقع فراہم نہیں کیا اس لئے وہ بھارت جوڑو نیائے یاترا نکال رہے ہیں جو لوگوں کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ کھرگے نےتفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال پر بھی بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی اس کے ذریعے اپوزیشن لیڈران کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریسی صدر ملکار جن کھرگے۔ تصویر: آئی این این
کانگریسی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ حکومت نے ان کی پارٹی کو پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا موقع فراہم نہیں کیا اس لئے پارٹی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاتراکا آغاز ۱۴؍ جنوری کو ہو گا۔ یہ یاترا منی پور سے شروع ہو کر ممبئی میں ختم ہو گی۔ یاترا کا اختتام ۲۰؍ مارچ کو ہوگا۔ یاترا ۶؍ہزار ۷۱۳؍ کلومیٹر کا سفر طے کرے گی۔ کھرگے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس یاترا کا مقصد ملک کے سماجی، سیاسی اور معاشی مسائل کو اجاگر کرنا ہوگا۔ یاترا میں شرکت کیلئے انڈیا اتحاد کے لیڈران جبکہ شہری سوسائٹی کے ممبران بھی مدعو کئے گئے ہیں۔ کانگریس نے قبل ازیں کہا تھا کہ بھارت نیائے یاترا بھی بھارت جوڑو یاترا کی طرح متاثر کن ہو گی۔
کھرگے نے پریس کانفرنس کے دوران یاترا کے تعلق سے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیں اپنی آواز اٹھانے کا موقع نہیں دیا اس لئے ہم نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ذریعے اپنے مسائل کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اس یاترا کے ذریعے لوگوں کو سننے اور ان کے مسائل جاننے کی کوشش کریں گے۔ یاترا میں ۱۱۰؍ اضلاع کور کئے جائیں گے۔
کھرگے نے مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منی پور میں ناقابل یقین حادثات پیش آئے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی جوہر جگہ تقریراور فوٹو سیشن کرتے ہیں، نے منی پور تشدد پر خاموشی اختیار کی۔ مودی حکومت اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن لیڈران کو ڈرانے کیلئے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ ۲۲؍جنوری کو ایودھیا کے رام مندر کے افتتاح میں شرکت کریں گے یا نہیں تو انہوں نے کہا کہ انہیں مندر کے افتتاح کیلئے مدعو نہیں کیا گیا ہے اور وہ اس بارے میں جلد ہی فیصلہ کریں گے۔