• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’وزیراعظم خوفزدہ نہیں ہیں تو چین پر خاموش کیوں ہیں؟‘‘

Updated: April 05, 2024, 12:26 PM IST | Inquilab News Network

کانگریس صدر کھرگے کا الزام ، کہا کہ ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے بجائے چین پر لب کشائی کریں۔

Mallikarjun Kharge. Photo: INN
ملکارجن کھرگے۔ تصویر : آئی این این

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے راجستھان کے چتور گڑھ میں وزیر اعظم مودی پر زوردار حملہ کرتےہوئے چین کی دراندازی پر انہیں  سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ہندوستان کی سرحد میں چین کی دراندازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی اپنا سینہ ۵۶؍کاانچ بتاتے ہیں  اور یہ کہتے ہیں  کہ وہ ڈریں  گے نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر وزیراعظم ڈرتے نہیں تو ہندوستان کا کچھ حصہ چین کے لئے کیوں چھوڑدیا ہے؟ چین ہندوستان کی سرحد میں گھس رہا ہے اور وزیر اعظم مودی سو رہے ہیں۔ کانگریس صدرنےچتوڑ گڑھ میں پارٹی امیدوار ادے لال انجانا کی حمایت میں ایک بہت بڑے جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ میں کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈدوتاسرا، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ لوک سبھاانتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ وہ چتوڑگڑھ کے عوام کی عدالت میں  بی جے پی کے ذریعہ کی جارہی ناانصافیوں  کا مقدمہ پیش کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے چتورگڑھ کو بہادروں  کی سرزمین بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں  امید ہے کہ راجستھان کے عوام کانگریس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ انکم ٹیکس نے ان کی پارٹی کے بینک کھاتوں سے ۱۳۵؍کروڑ روپے نکال لئے۔ آج کانگریس پر ساڑھے تین ہزار کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ بی جے پی والوں نے جو پیسہ لیا اس کا حساب نہیں دیا۔ بی جے پی کو تقریباً چار ہزار۶۰۰؍کروڑ روپے کے جرمانہ کا سامنا ہے لیکن اس سے مانگا نہیں جارہا ہے۔ اقتدار میں رہتے ہوئے مودی اپنے گناہ چھپا رہے ہیں اور کانگریس پر الزام لگا رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’وزیراعظم مودی پھرہوا میں باتیں کرکے چلے گئے‘‘

کانگریس صدر کھرگےنے کہا کہ وزیراعظم مودی کہتے ہیں کہ وہ کرپشن ختم کریں  گے لیکن وہ پہلے اپوزیشن لیڈروں کوبدعنوان کہتے ہیں، پھر انہی لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ایسے۲۵؍ لیڈروں کو بی جے پی میں شامل کیا۔ وزیر اعظم مودی بدعنوانوں کے ساتھ حکومت کرتے ہیں اور دوسری پارٹیوں کو بدعنوان کہتے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بی جے پی کے پاس ایک بہت بڑی واشنگ مشین ہے جس میں تمام بدعنوان صاف ہو جاتے ہیں۔ مودی نے ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو سب کے پیچھے لگا دیاہے۔ وزیر اعظم پر جھوٹ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدرنے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے۔ وہ کالا دھن لے کر آئیں  گے اور ہرایک کے کھاتے میں  ۱۵؍لاکھ روپے ڈالیں  گے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کریں  گے، لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، صرف جھوٹے وعدے کئے۔ منی پور میں تشدد ہو رہا ہے، لیکن آج تک مودی نے منی پور کا دورہ نہیں کیا۔ انہیں بے روزگاری کی بھی فکر نہیں ہے۔ وہ صرف اپنے دوستوں کی جیبیں بھررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK