Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مالونی :عدالت کے حکم کے بعدمسجد قباء کی ۲؍بالائی منزل کے خلاف مہاڈا کی کارروائی

Updated: February 27, 2025, 10:15 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شرپسندوں کی شکایت اورمخالفت کا شاخسانہ ۔ ٹرسٹیان ِ مسجد قانون اورضابطے کی پاسداری کررہے ہیں۔مقامی افراد سے اشتعال انگیزی سے بچنے کی بھی اپیل

The upper floor of the Quba Mosque is being demolished.
مسجد قباء کی بالائی منزل کوتوڑا جارہا ہے ۔ (تصویر: انقلاب)

یہاں گیٹ نمبر ۸؍ بس ڈپو کے سامنے والی گلی کے اندر واقع مسجد قباء کے دومنزلے توڑنے کا عدالت نے حکم دیا ہے اور مہاڈا کی جانب سے کارروائی شروع کی گئی۔ دراصل یہ کارروائی شرپسندوں کی شرانگیزی ، مسلم دشمنی اور مخالفت کا نتیجہ ہے۔ ٹرسٹیان خود مسجد کے بالائی منزلے توڑنے میں مدد کررہے ہیںاوراشتعال انگیزی سے بچنے کی اپیل بھی کررہے ہیں۔
  اس کارروائی کے لئے بی جے پی اوروشو ہندو پریشد کے کچھ عناصر سرگرم ہیں اوران کی جانب سےاس مسجد کے خلاف متعدد مرتبہ شکایت کی گئی کہ یہاںغیرقانونی طریقے سے مسجد بنائی گئی ہے اورایک نہیں تین منزلے چڑھائے گئے ہیں۔ اس کے بعد مہاڈا حرکت میںآیا ۔ یہ معاملہ عدالت بھی گیا مگر وہاں بھی ٹرسٹیان کوراحت نہیںملی اورمسجد کے دومنزلے توڑنے کا حکم دیا گیا۔ دوسری جانب حالات یہ بھی ہیںکہ جو شکایت کررہے ہیں، وہ بھی غیرقانونی تعمیرات میں نہ صرف ملوث ہیں بلکہ کئی ایسے ہیںجنہوں نے خود غیرقانونی تعمیرات کررکھی ہیں مگر انہیںاپنا یہ فعل نظرنہیںآتا ،البتہ مسجد کی مخالفت میںوہ دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ 
 مہاڈا کی جانب سے انہدامی کارروائی شروع کی گئی ہے اورٹرسٹیان نے پورا تعاون کررہے ہیں۔  ان کی جانب سے بھی غیرقانونی قرار دیئے گئے حصے کوتوڑنے میںمدد کی جارہی ہے۔تیسری منزل سے پترے ہٹائے گئے اوردیواروں کوبھی توڑا جارہا ہے ۔ مہاڈا کے افسران بھی انہدامی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس کےساتھ ہی پولیس کے جوان بھی پہرہ دے رہے ہیں ۔مہاڈا کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’ غیرقانونی طریقے سے بالائی منزلے بنائے گئے تھے، اسی وجہ سے انہیں توڑا جارہا ہے ۔‘‘ اس افسر نے بھی اس کااعتراف کیا کہ ٹرسٹیان کی جانب سے تعاون کیا جارہا ہے اورکوئی رکاوٹ نہیںپیدا کی جارہی ہے ۔
 مسجد کےٹرسٹی ذوالفقار احمد نے مذکورہ بالا معاملے میںنمائندۂ انقلاب کے استفسار کرنے پر بتایا کہ’’ عدالت نے حکم دیا ہے ا ورمہاڈا کی جانب سے کارروائی شروع کی گئی ہے لیکن ہم سب خود بھی تعاون کررہے ہیں۔اس تعلق سے مقامی ایم ایل اے اسلم شیخ اورپولیس کے افسران سے بھی بات چیت کی گئی ، انہوں نے تعاون کیا مگر عدالت کے حکم کے سبب مہاڈا کی جانب سے یہ کارروائی کی جارہی ہے اور کہا گیا ہےکہ گراؤنڈ کو محفوظ رکھتے ہوئے بالائی منزل توڑدی جائے ۔‘‘انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ہمارا مقصد مسجد کا تحفظ ہے اوررمضان المبارک کے پیش نظر یہ کوشش بھی کی جارہی ہے کہ مصلیان کو نماز کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہ ہو۔‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ہم سب قانون کے پابند ہیں، عدالت کے حکم کااحترام کرتے ہیںاوریہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیںکہ بالائی منزل توڑنے سے ہمیں شدید قلبی تکلیف پہنچی ہے مگر ہم سب کسی قسم کی اشتعال انگیزی کے قائل نہیںہیں ، اس لئے کوئی بھی اس طرح کا کوئی قدم نہ اٹھائے اورنہ ہی اسے ہوا دینے کی کوشش کرے ۔ ٹرسٹیان  آئندہ بھی ہر ممکن طریقے سے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔‘‘ 

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK