• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالونی چارکوپ :پائپ لائن ٹوٹنے سے روڈ پر سیلابی کیفیت، پانی کی سپلائی متاثر

Updated: December 03, 2023, 9:16 AM IST | Mumbai

کئی علاقوں میں پانی سپلائی نہ ہونے سے مکین پریشان۔ بی ایم سی نے مرمت کا کام شروع کیا۔ ٹریفک نظام بھی متاثر

Due to the rupture of the pipeline, water spread on the road.
پائپ لائن ٹوٹنے سے سڑک پر پانی پھیل گیا تھا۔

 اویس قرنی قبرستان ناکہ کچے روڈ سے متصل پائپ لائن پھٹنے سے روڈ پر سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔ خبر لکھے جا‌نے تک بی ایم سی عملہ روڈ کی کھدائی کرنے اور مرمت کے کام میں مصروف تھا۔ پائپ لائن پھٹ جانے کی وجہ سے مالونی کے متعدد علاقوں ماروے روڈ، مڈھ، مالونی چرچ اور گیٹ نمبر۶؍ میں سنیچر کو  پانی کی سپلائی نہیں ہوئی۔اس کی وجہ سے مکینوں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ  اسی جگہ پر ۲؍ ماہ قبل بھی یہی لائن پھٹی تھی‌اور ۳؍ دن لوگ پانی کے لئے پریشان ہوئے تھے۔لائن ٹوٹ جانے سے پانی اس قدر تیزی سے روڈ پر بہہ رہا تھا جیسے سیلاب آگیا ہو۔ یہاں ۳؍ دنوں سے سڑک پر پانی جمع ہو رہا تھا لیکن توجہ نہیں دی جارہی تھی جب روڈ پر کافی پانی جمع ہوگیا اور روڈ کو کھودا گیا تب اندازہ ہوا کہ زمین کے نیچے بڑی پائپ لائن ٹوٹ گئی ہے ۔
 بی ایم سی کی کھلی لاپروائی 
 یہیں قریب میں عبدالرحمن نام کے ایک دکاندار نے بتایا کہ ۳؍ دن سے روڈ پر پانی جمع ہو رہا تھا لیکن بی ایم سی کی جانب سے توجہ نہیں دی جارہی تھی اب جب کافی پانی جمع ہو گیا تب روڈ کے ایک حصے کو بند کر کے کھدائی کرنے پر پائپ لائن پھٹ جانے کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بی ایم سی کی کھلی لاپروائی ہے کیونکہ ابھی ۲؍ مہینہ بھی نہیں ہوا اسی سے قریب پائپ لائن ٹوٹی تھی اور اب پھر اسی جگہ وہی مسئلہ ہوا ہے، اس کا کیا مطلب ہے۔
  کھجوری جال میں رہنے والے عبدالرحیم انصاری نے بتایا کہ سبھی لوگ پانی کے انتظار میں تھے اور جب ۵؍بجے تک پانی سپلائی نہیں کیا گیا تو لوگ پریشان ہونے لگے ۔ہماری چال میں ۴؍ بجے پانی آتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پائپ لائن ٹوٹنے یا پھٹ جانے کا مسئلہ پیش آتا رہتا ہے لیکن بی ایم سی اس وقت جاگتی ہے جب مسئلہ پیچیدہ ہو جاتا ہے ۔ اب تو  جدید ٹیکنالوجی آگئی ہے، اگر اس کا استعمال کر کے پہلے سے ہی پائپ لائن چیک کر لی جائے تو شاید وقت سے پہلے اندازہ ہو جائے اور عوام کو اس طرح کی دقتوں سے بچایا جا سکے۔
 پانی سپلائی نہیں  ہوا، مرمت جاری
 بی ایم سی’ پی‘ نارتھ وارڈ کے واٹر ڈپارٹمنٹ انجینئر نے بتایا کہ کافی پرانی پائپ لائن ہے اس کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے چونکہ روڈ سیمنٹ کا ہے اسی لئے اسے توڑنے میں وقت لگا اور یہ بھی خیال رکھنا پڑا کہ کام کی وجہ سے ٹریفک پوری طرح رکنے نہ  پائے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ جلدی کام پورا کر لیا جائے تاکہ اتوار  سے معمول کے مطابق پانی سپلائی کیا جا سکے۔
  مقامی سابق کارپوریٹر قمر جہاں صدیقی کے شوہر معین صدیقی نے بتایا کہ لائن ٹوٹ جانے کی وجہ سے ماروے ،  مڈھ، مالونی چرچ اور گیٹ نمبر ۵؍اور ۶؍ کا علاقہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ لائن بہت پرانی ہے اس لئے ۲؍ مہینے کے اندر دوبارہ ٹوٹی ہے۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے نئی لائن ڈالی جارہی ہے اور بڑی حد تک  کام بھی پورا ہو چکا ہے ۔آنے والے وقت میں اس طرح کے مسائل سے مکینوں کو نجات ملنے کی امید ہے۔

malad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK