• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالونی :غیرقانونی پارکنگ کیخلاف زبردست کارروائی

Updated: August 03, 2024, 1:30 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۳۸۳؍گاڑیوں کوٹوئنگ کیا گیا، صبح ۸؍بجے سے رات میں ۸؍ بجے تک گیٹ نمبرایک سے گیٹ نمبر ۸؍ کو نوپارکنگ زون قرار دیاگیا، غیرقانونی ہاکرس کے خلاف بھی کارروائی کی تیاری۔ مقامی افراد نے کارروائی کی ستائش کی اور پارکنگ کا انتظام کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

Vehicles parked illegally on the side of the road in Maloney are being towed away. Photo: Inquilab
مالونی میںسڑک کے کنارے غیرقانونی طریقے سے کھڑی گاڑیوں کولے جایا جارہا ہے۔ تصویر: انقلاب

یہاں غیرقانونی پارکنگ کے سبب ٹریفک کے مسائل سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا  ہے جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے اس کے خلاف   کارروائی شروع کرتے ہوئے گزشتہ ۵؍ دن کے دوران ۳۸۳؍ گاڑیاں کو ٹوئنگ کیا اور ان کے مالکان پر جرمانہ عائد کیا۔ اسی طرح  ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے ڈی سی پی (ویسٹ ریجن ) نتن پوار کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صبح ۸؍بجے سے رات میں ۸؍ بجے تک گیٹ نمبرایک سے گیٹ نمبر ۸؍ کو نوپارکنگ زون قرار دیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کو اب مستقلاً نوپارکنگ زون رکھا جائے گا۔ 
ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے ملاڈ اور کاندیولی ڈویژن کے انچارج انسپکٹر مودی راج سے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پرانہوں نے  ٹوئنگ کی گئی گاڑیوں کی تعداد بتائی کہ ۵؍ دن کے دوران ۳۸۳؍ گاڑیاں کو ٹوئنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’بی ایم سی کوبدھ کے دن  ایک خط دیا گیا تھا اوراب غیرقانونی ہاکرس کے خلاف بھی مشترکہ کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے ۔‘‘ان سے یہ پوچھنے پرکہ ’’یہ نوٹیفکیشن تو۲۴؍مارچ ۲۰۲۲ء کوجاری کیا گیا ہے اوراس کا نفاذ اب کیاجارہا ہے‘‘ تو انہوںنے بتایا کہ کبھی بھی اس کا نفاذ کیا جاسکتا ہے ،ویسے بھی اس وقت غیرقانونی پارکنگ کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی ہے بلکہ بڑھتی جارہی ہے جس سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے اس لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔‘‘
 یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی کی جانب سے اس تعلق سے متعدد مرتبہ شکایت کی گئی اوریہ بھی کہا جارہا ہے کہ ۱۲؍اگست کو کانوڑ یاترا ہے، اس کے پیش نظربھی روڈ کوٹریفک سے پاک رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس لئے یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ جسے ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے ’مستقل نو پارکنگ زون ‘قرار دیا ہے ،واقعی کب تک یہ نوپارکنگ زون رہتا ہے۔
 ٹریفک پولیس کی کارروائی کے تعلق سے شبلی مسرور اخترصدیقی  نامی شخص نے کہا کہ ’’غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی ٹھیک ہے، اس سے ٹریفک جام سے نجات ملے گی مگر اس کارروائی میں بھی جانبداری نظر آرہی ہے۔ گیٹ نمبر۷؍ اور سبزی مارکیٹ کے پاس خاص طور پرٹیکسیاں کھڑی رہتی ہیںجس سے ٹریفک جام رہتا ہے، ادھر کوئی توجہ نہیں ہے ۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’کارروائی محض وقتی نہ ہوبلکہ ٹریفک جام سے مقامی افراد کونجات دلانے کےلئے اس کا مستقل حل ڈھونڈا جائے ورنہ چند دن کے بعد پھر سب کچھ پہلے جیسا ہوجائے گا۔‘‘
’سمے فاؤنڈیشن‘ سے وابستہ امجد شیخ نے کہا کہ ’’ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کارروائی قابل ستائش ہے۔ اس تعلق سے ہمارے ادارے کی جانب سے بھی محکمہ ٹریفک کو خط دیا گیا تھا اورمیٹنگ کی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس تعلق سے کوئی ایسا نظم کیا جانا چاہئے جس سے گاڑی والوں کوبھی دشواری نہ ہو اور ٹریفک سے بھی عوام کونجات ملے۔ اس کےلئے بیداری لانا اور پارکنگ کا نظم کیا جانا ضروری ہے ، محض گاڑیاں اٹھانا مسئلے کاحل نہیں ہوگا۔‘‘
 ہمایوں شیخ نامی مقامی شخص نے کہاکہ ’’ٹریفک پولیس کی کارروائی سے ٹریفک جام یقیناً کم ہوگا اور اس سے شہریوں کوراحت ملے گی لیکن یہ کارروائی وقتی نہ ہو بلکہ جس طرح نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کے ۲؍سال بعد ٹریفک محکمہ بیدار ہوا ہے، اسی طرح اب وہ مستقل بیدا ر رہے ۔ اسی کے ساتھ یہ بھی بہت اہم مسئلہ ہے کہ گیٹ نمبر ایک سے گیٹ نمبر ۸؍ تک کہیںپارکنگ کی سہولت نہیں ہے تو مالکان گاڑیاں کہاں پارک کریں گے؟ اس لئے حکومت کو گاڑیوںکی پارکنگ کے انتظام پربھی فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقل طورپریہ مسئلہ حل ہوسکے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK