ترنمول سربراہ کی نوین پٹنائیک سے ملاقات ۲۱؍کومتوقع،سماجوادی پارٹی کی دو روزہ قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ آج سے، آئندہ کی حکمت عملی پر غور و خوض
سماجوادی پارٹی کے سربراہ ا کھلیش یادو کی جمعہ کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات نے اپوزیشن الائنس کی قیاس آرائیوں کوہوا دے دی ہے ۔ ممتا آئندہ ہفتے اڈیشہ کے اپنے ہم منصب نوین پٹنائیک سے بھی ملنے والی ہیں، جس سے سیاسی حلقوں میںغیر بی جے پی۔ اور غیر کانگریس والے تیسرے محاذکے قیاس کو مزید تقویت ملنے لگی ہے۔اکھلیش یادو سماجوادی پارٹی کے دو روزہ مجلس عاملہ کے اجلاس کیلئے کولکاتا پہنچے ہیں،جس کا آغاز سنیچر سے ہوگا۔
سماجوادی پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کیلئے کولکاتا پہنچے اکھلیش یادو نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی ہے۔ خیال ہے کہ دونوں لیڈران آئندہ پارلیمانی ا نتخابات کیلئے غیر بی جے پی اور غیر کانگریسی اتحاد کے تعلق سے بات چیت کریںگے۔ انہوں میڈیا سے بات چیت کے دوران اشارہ دیا تھا کہ اپوزیشن اتحاد اس ملاقات میں موضوع گفتگو ضرورہوگا۔یہ ملاقات ممتا بنرجی کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں سینئرایس پی لیڈرکرنمئے نندا بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے بعد اکھلیش نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’’ آج کولکاتا میں ایک ملاقات۔سب کیلئے قابل احترام دیدی کے ساتھ۔‘‘قبل ا زیں، ترنمول کانگریس کے آفیشیل ہینڈل سے بھی ملاقات کی جانکاری دی گئی ہے۔
یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات چیت میںیوپی کی بی جے پی حکومت پر سخت حملے کئے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت جانچ ایجنسیوں کو اپوزیشن لیڈران کو پریشان کرنے کیلئے بطور سیاسی ہتھیار استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں تو کم مگر یوپی میں کئی اپوزیشن لیڈر بلا قصورسلاخوں کے پیچھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جو لیڈر بی جے پی یا اس کی حکومتوں کے خلاف لب کشائی کرتے ہیں ان کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کی ٹیم لگا دی جاتی ہے۔