Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممتا بنرجی کی مسلمانوں کو یقین دہانی ،’’بنگال میں وقف قانون نافذ نہیں ہو گا ‘‘

Updated: April 10, 2025, 9:59 AM IST | Kolkata

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے بالکل واضح اور دوٹوک انداز میں کہا کہ بنگال میں ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو ‘ پالیسی کام نہیں کریگی ، مسلمان بے فکر رہیں ، ہم ان کے ساتھ ہیں

West Bengal Chief Minister Mamata Banerjee addressing the program. (PTI)
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

وقف ترمیمی قانون پر جاری ہنگامہ، احتجاج اور مخالفتوں کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےایک تقریب کے دوران یہ اعلان کر دیا کہ یہ متنازع اور غیر آئینی قانون مغربی بنگال میں کسی بھی قیمت پر  نافذ نہیں ہوگا۔ کولکاتا میں جین طبقہ کی تقریب ’نوکار مہامنتر دیوس‘ سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے یہ اعلان کیا اور کہا کہ میں اقلیتی طبقہ کے لوگوں کو یہ یقین دلانا چاہتی ہوں کے ہم ان کے ساتھ ہیں۔مجھے معلوم ہے کہ آپ وقف معاملے سے غمزدہ ہیں اور سیاسی پارٹیوں سے شاکی بھی ہیں لیکن یقین رکھیں کہ بنگال میں کوئی ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘ پالیسی کام نہیں کرے گی ۔ بنگال کا پیغام ’جیو اور جینے دو‘ والا ہے۔ہم اسی پر عمل کریں گے۔
 وزیر اعلیٰ نے اقلیتی طبقہ کو مطمئن کرانے کے انداز میں کہا کہ بنگال میں رہنے والوں کو تحفظ فراہم کرنا ہمارا کام ہے۔ میں آپ سبھی سے گزارش کرتی ہوں کہ اگر کوئی آپ کو سیاسی طور سے اکٹھا ہونے کے  لئے اکساتا ہے، تو برائے کرم ایسا نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں، دیدی آپ کی اور آپ کی ملکیت کی حفاظت کرے گی۔ اگر ہم ساتھ رہیں گے توہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ اس ریاست میں ۳۳؍ فیصد اقلیتیں ہیں۔ اسی لئے بنگال میں کوئی بھی تقسیم کرنے والی پالیسی نافذ نہیں ہو گی۔ عام شہریوں کے درمیان یکجہتی پر زور دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمارا مقصد ہمیشہ جوڑنا  رہا ہے تقسیم کرنا نہیں۔ جب ہم متحد رہیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ کچھ لوگ بنگال کو بدنام کر رہے ہیں لیکن ہم بنگال کو سرفہرست ریاست بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK