منی پور میں جاری نسلی تشدد کے شروع ہونے کے دو سال بعد وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے استعفیٰ دے دیا، اس سے قبل ان کے متعصبانہ طرز حکومت کے خلاف کوکی، زومی، ہمار گروپ بیرین سنگھ کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
EPAPER
Updated: February 09, 2025, 8:47 PM IST | Imphal
منی پور میں جاری نسلی تشدد کے شروع ہونے کے دو سال بعد وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ نے استعفیٰ دے دیا، اس سے قبل ان کے متعصبانہ طرز حکومت کے خلاف کوکی، زومی، ہمار گروپ بیرین سنگھ کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے اتوار کو ریاست کے دارالحکومت امپھال میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کی سرکاری رہائش گاہ راج بھون میں گورنر اجے کمار بھلا کو سونپ دیا۔اس سے قبل کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی اسمبلی میں بیرین سنگھ کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ہوا کا رخ دیکھتے ہوئے بیرین سنگھ نے استعفیٰ دے دیا، حالانکہ ان کے استعفے کا مطالبہ دوسال سے ہو رہا تھا، جب نسلی تشدد کا آغاز ہوا تھا۔
کانگریس نے بیرین سنگھ کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ نریندر مودی کو دو سال سے منی پور جانے کا وقت نہیں ملا، کیا اب وہ منی پور کا دورہ کریں گے۔‘‘بیرین سنگھ کے دور اقتدار میں کوکی، میتئی، زومی، ہمار نسلی گرپوں کے مابین مئی ۲۰۲۳ء سےنسلی تشدد برپا ہے، جس کے نتیجے میں ۲۵۸؍ افراد ہلاک اور ۵۹۰۰۰؍ سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔ ۲۱؍ ماہ سے سنگھ کے خلاف ان کے متعصبانہ طرز حکمرانی ، اور اکثریت نواز پالیسی کے سبب استعفیٰ کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
واضح رہے کہ پیر کو سپریم کورٹ نے مرکزی فارنسک سائنس لیب کو ہدایت دی تھی کہ وہ مہر بند لفافے میں آڈیو کلپ کی رپورٹ پیش کرے، جو مبینہ طور پرریاست میں ہونے والے نسلی تشدد میں سنگھ کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔یہ حکم کوکی آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس ٹرسٹ کی درخواست پر آیا ہے۔ تنظیم نے آڈیو ریکارڈنگ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیپ میں وزیر اعلیٰ کو تنازعہ کیسے اور کیوں شروع ہوا،اس کا کریڈٹ لیتے ہوئےسنا جا سکتا ہے۔
سنگھ نے اپنے استعفیٰ میں منی پوری عوام کی حفاظت کیلئے مرکز کے ذریعے اٹھائے گئے اقدامات کیلئے شکریہ ادا کیا۔ سنگھ نے مرکز پر زور دیا کہ وہ ’’ منی پور کی علاقائی سالمیت کو برقرار رکھے، سرحدی دراندازی کے خلاف کارروائی کرے اور منشیات اور نارکو دہشت گردی کے خلاف لڑائی جاری رکھے۔ ساتھ ہی سنگھ نے منی پور میں تشدد کو ہوا دینے کیلئے پڑوسی ملک میانمار کے غیر قانونی در اندازوں کو مورد الزام ٹھرایا۔