• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

منوج جرنگے کو معلومات نہیں ہے، مسلمانوں کو پہلے ہی او بی سی زمرے میں ریزرویشن حاصل ہے :بھجبل

Updated: June 25, 2024, 10:01 AM IST | Agency | Jalna

مہایوتی کے لیڈران کی جانب سے مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے کو گھیرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ این سی پی (اجیت) کے سینئر لیڈر اور مراٹھا سماج کو او بی سی زمرے میں ریزرویشن دینے کے مخالف چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ منوج جرنگے کی معلومات کم ہے۔

Maratha social activist Manoj Jarangay. Photo: INN
مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے۔ تصویر : آئی این این

 مہایوتی کے لیڈران کی جانب سے مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے کو گھیرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔  این سی پی  (اجیت) کے سینئر لیڈر اور مراٹھا سماج کو او بی سی زمرے میں ریزرویشن دینے کے مخالف چھگن بھجبل نے کہا ہے کہ منوج جرنگے کی معلومات کم ہے۔ انہیں نہیں معلوم کہ مسلمانوں کو گزشتہ ۲۵؍ سال سے او بی سی ریزرویشن حاصل ہے۔ یاد رہے کہ منوج جرنگے نے ایک روز قبل کہا تھا کہ پرانے ریکارڈ میں مسلمانوں کے نام بھی کنبی زمرے میں ملے ہیں اس لئے انہیں بھی ریزرویشن ملنا چاہئے۔  
 چھگن بھجبل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’ مسلمانوں کو ریزرویشن ملنا چاہئے۔ یہ مطالبہ کون کر رہا ہے؟ منوج جرنگے کر رہے ہیں۔  ان کا مطالعہ کم ہے۔ ان سے کہئے کہ پہلے مطالعہ کریں۔ ‘‘ چھگن بھجبل نے کہا ’’ مسلمانوں کو ۲۵؍ سال پہلے ہی او بی سی زمرے میں ریزرویشن دیا جا چکا ہے۔  جرنگے کبھی مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے تو کبھی دھنگروں کو خوش کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی بیان دیتے رہتے ہیں۔‘‘ 
 منوج جرنگے مراٹھا لیڈر نہیں ہیں: وکھے پاٹل
 دوسری طرف بی جے پی لیڈر اور ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل  نے جرنگے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ منوج جرنگے کا مطلب مراٹھا سماج نہیں ہے۔ وہ مراٹھا سماج کے لیڈر نہیں ہیں۔ ‘‘  وکھے پاٹل نے کہا ’’مراٹھا  سماج کو حکومت نے ۱۰؍ فیصد ریزرویشن دیا ہے لیکن اب یہ تحریک اپنا راستہ بھٹک چکی ہے۔ منوج جرنگے کا مطلب مراٹھا سماج نہیں ہے۔  ہم بھی مراٹھا سماج کیلئے کام کرنے والے کارکن ہیں۔ مراٹھا سماج کیلئے کام کرنے والے بہت سے لوگ ہیں۔ ‘‘  رادھا کرشن وکھے پاٹل نے ایک روز قبل ناندیڑ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔   مراٹھا اور او بی سی سماج کے درمیان جاری کشیدگی کے تعلق  انہوں نے کہا ’’ حکومت دونوں ہی سماج کے نمائندوں سے بات کر رہی ہے۔  اور اس مسئلے کا کوئی مناسب حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ او بی سی کارکن لکشمن ہاکے نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔ اس لئے امید پیدا ہوئی ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کا کوئی حل نکا ل لیا جائے گا۔ 
  بھیڑ کے دم پر ریزرویشن نہیں مل سکتا: لکشمن ہاکے
 منوج جرنگے کے مقابلے میں بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والے او بی سی کارکن لکشمن ہاکے نے بھی منوج جرنگے پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی ایک شخص بھیڑ جمع کر کے یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے ریزرویشن چاہئے۔  دوسروں کو ریزرویشن دیا گیا تو ہمیں کیوں نہیں؟ یہ بیان آئین مخالف ہے۔  جمہوریت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ 
  چھگن بھجبل فساد کروانا چاہتے ہیں: منوج جرنگے 
  اس دوران خود منوج جرنگے نے چھگن بھجبل کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ چھگن بھجبل شروع سے مراٹھا سماج اور او بی سی سماج کے درمیان فساد کروانے کی کوشش میں ہیں۔ وہ لگاتار اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں لیکن ہم ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ منوج جرنگے نے رادھا کرشن وکھے پاٹل کے بیان پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ’’ مراٹھا لیڈروںکو چاہئے کہ وہ زیادہ چالاک بننے کی کوشش نہ کریں اور متحد ہو کر مراٹھا سماج کے حق میں کام کریں ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK