• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی ومضافات کے کئی علاقے جل تھل، معمولات متاثر، عوام کو شدید دقتوں کا سامنا

Updated: June 10, 2021, 8:21 AM IST | saadat khan and kazim Shaikh,Iqbal Ansari | Mumbai

موسلادھار بارش سے جنوبی ممبئی میں عام ز ندگی مفلوج ،پائپ لائنوںکاکام نامکمل ہونے سے دُہری پریشانی ،کرلا میںپائپ روڈ سے لےکرریلوےاسٹیشن تک کا راستہ غرقاب ،تھانے اور ممبرا بھی بے حال

An underwater road in the Parel area.Picture:PTI
پریل علاقے کی ایک زیر آب سڑک تصویرپی ٹی آئی

 : ممبئی میونسپل کارپوریشن کے تمام دعوے ہر سال کی طرح امسال ایک بار پھر کھوکھلے ثابت ہوئے جب پہلی بارش  میں ہی شہر و مضافات کے متعدد علاقوں میں  پانی بھر گیا ۔ کئی علاقوں میں بارش کا پانی دکانوں اور مکانوں میں داخل ہوگیاجس سے مکینوں اور راہ گیروں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔کرلا پائپ روڈکے علاقے میں رہنے والے آرزو ایڈورٹائزرس کے مالک آصف سہیل نے بتایا کہ مرکز مسجد میں  تیز بارش  کے دوران  پانی داخل ہوگیا ۔  اسی طرح  پائپ روڈ  کے  واحد ہوٹل میں بھی پانی بھر گیا ۔ اس کے علاوہ پائپ روڈ کلیم ڈیری سے لے کر کرلا ریلوے اسٹیشن کے سامنے محمود درانی چوک تک پانی  جمع ہونے سے آنے جانے والوں کو کافی دشواریوں کے سامنا کرنا پڑا  ۔ کرلا ایل آئی جی اور ایم آئی جی کالونی کے آس پاس پانی جمع ہونے کے علاوہ بلڈنگوں کے کمپاؤنڈ میں پانی بھرنے سے مکینوں کا باہر نکلنا دشوار تھا ۔ نیز مرکز کے سامنے سے گل حسن پٹری تک پانی بھرجانے سے لوگ گھروں میں قید ہو نے پر مجبور ہوگئے ۔ 
 کرلا ایل بی ایس مارگ پر پی او پی کی دکان میں کام کرنے والے محمد عاطف نے کہا کہ کرلا شیتل ٹاکیز سے لے  کرسی ایس ٹی فلائی اوور بریج تک اور کرلا ڈپو سے لے کرکرلا گارڈن تک ایل بی ایس پر پانی بھرجانے سے چھوٹی گاڑیوں کی آمد روفت گھنٹوں  متاثر رہی ۔ اسی طرح بیل بازار کے علاقے میں واقع میٹھی ندی کے کنارے اور جری مری کے علاقے میں واقع متعدد چالیوں میں کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا تھا  اور مکینوں کو دوسروں کے گھروں میں پناہ  لینی پڑی۔ 
 ماٹونگا ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے ملحق گاندھی مارکیٹ میں دکان لگانے والے شمس الدین نے بتایا کہ ممبئی کی پہلی بارش نے میونسپل کارپوریشن  کےتمام دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ۔انہوں نے کہا کہ اخبارات کے ذریعہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے دعویٰ کیا تھا کہ پوری ممبئی میں گٹروں اور نالوں کی صفائی جنگی پیمانے پر ہوئی ہے لیکن  پہلی  ہی بارش نے یہ ثابت کردیا کہ صفائی صرف کاغذ اور فائلوں میں ہوئی ہے ۔ 
 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گاندھی مارکیٹ کی کئی دکانوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ اس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔  
 اندھیری کے جوہو گلی سے عبدالغنی شیخ کا کہنا ہے کہ موسم کی پہلی بارش کے دوران اندھیری سب وے ، ملاڈ سب وے اور سانتاکروز سب وے میں پانی بھرجانے سے گاڑیوں کی آمدورفت ٹھپ پڑگئی تھی۔ اس کے علاوہ گلبرٹ ہل اور علاقے کے کئی نشیبی مقامات پر بار ش کا پانی جمع ہو گیا تھا۔ اسی طرح مرول پائپ لائن سے مکرم حسین (سوشل ورکر) نے کہا کہ مرول پائپ لائن اور اس کے آس پاس کے  علاقوں میںبارش کا پانی بھرنے سے شہریوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرناپڑا ۔ چمٹ پاڑہ ، حسن پاڑہ ، ساکی ناکہ اور جری مری ۹۰؍ فٹ روڈ  کے متعدد علاقے زیر آب رہے۔
  جنوبی ممبئی میںجگہ جگہ پانی 
  موسلادھاراور تیزبارش سےجنوبی ممبئی کے کئی نشیبی علاقوںمیں پانی جمع ہوگیاتھا۔بریج کینڈی ، لال باغ، پریل، ہند ماتا ،دادر ،کنگ سرکل ، ماٹنگا اورسائن وغیرہ کے علاقوںمیں پانی بھر جانےسے عوام کو پریشانیوں کا سامناکرناپڑا۔ پانی بھرجانے سے ان علاقوںمیں دکانیں وغیرہ بھی بند رہیں۔ بی ایم سی اور پولیس کا عملہ راہگیروںکی مدد کیلئے جگہ جگہ تعینات دکھائی دیئے۔ 
  محمد علی روڈ کے سماجی کارکن امین پاریکھ نے بتایاکہ ’’منگل کو جس طرح کی موسلادھار بارش ہوئی تھی اتنی بارش میں بھنڈی بازار، محمد علی روڈ اور اطراف کےعلاقوںمیں پانی بھرجاتاتھا مگر منگل کو ان علاقوں میں پانی نہیں جمع ہوا۔ جس کی وجہ سےعوام کو آمدورفت میں تکلیف کا سامنانہیں کرناپڑا۔دکانیں بھی معمول کےمطابق کھلی رہیں۔‘‘
  سورتی محلہ کے ایک مکین نے بتایاکہ ’’گزشتہ کئی مہینوںسے یہاں پائپ لائن کا کام جاری ہے ۔ کام کسی حدتک مکمل ہوگیاہےمگر کچھ کام باقی ہےجبکہ بارش شروع ہوگئی ہے ایسے میں کام کے پورا نہ ہونے سے اس علاقےمیں پانی  اور کیچڑ ہونے سے عوا م کوتکلیف ہورہی ہے ۔‘‘
ممبرا تھانے میں کمپاؤنڈ دیوار اوردرخت گرنے کے واقعات
 ممبرا سمیت تھانے میں بھی  بدھ کو موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب شہر کے ۵۵؍ مقامات پر  پانی بھر گیا تھا۔تھانے میں صبح ساڑھے ۸؍ تا رات ساڑھے ۸؍بجے ان ۱۲؍ گھنٹو ںمیں ۱۲۳؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔ اس دوران  ۳؍ مختلف مقامات  پر کمپاؤنڈ کی دیواریں منہدم ہو گئیں۔  ۱۳؍ مقامات پر درخت  یا  شاخیں گرنے کے واقعات  ہوئے۔ تھانے میونسپل کارپوریشن نے وارڈ کی سطح پر قائم کئے گئے  ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نمبرجاری کئے   ہیں  او رناگہانی حالات میں ان نمبرات پر شہریوں کو رابطہ قائم کرنے درخواست کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK