• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی جے پی پرسنجے رائوت کے کئی سنسنی خیز الزامات

Updated: February 16, 2022, 8:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کہا کہ مہاراشٹر حکومت گرانے کیلئے بار بار مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کیاجارہاہے،فرنویس سرکار میں کئی بدعنوانیوں کا پردہ فاش کیا ،۴؍ ہزار کروڑ کا حساب مانگا

Sanjay Rawat addressing a press conference at Sena Bhawan. I also see the mayor of Mumbai and other leaders. (PTI)
سنجے رائوت سینا بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ ساتھ میں ممبئی کی میئر اور دیگر لیڈران بھی نظر آرہے ہیں۔ (پی ٹی آئی )

: شیوسینا لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے منگل کو  دادر میں واقع شیو سینا بھون میں پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے   مرکز کی بی جے پی حکومت پرکئی سنسنی خیز اور سنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نے کھچاکھچ بھری پریس کانفرنس اور باہر موجود سیکڑوں شیو سینا حامیوں کے درمیان کہا کہ جب شیو سینا نے مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت گرانے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تو اس کے بعد سے ہی مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے شیوسینا کے متعدد لیڈروں ان کے قریبی افراد، ساتھ ہی پوار خاندان کے اراکین کوہراساں کیا جانے لگا اور ان کے گھروں پر چھاپہ ماری شروع کی گئی۔سنجے راؤت نے  مزید کہا کہ جس طرح چھاپے ماری کا سلسلہ مہاراشٹر میں شروع کیا گیا ہے اسی طرح مغربی بنگال میں بھی مرکزی ایجنسیوں کی  چھاپہ مار کارروائی ہورہی ہے۔ وہا ں کے تو گورنر نے ودھان سبھا کر برخاست کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بی جے پی کو مہاراشٹر کی حکومت گرانی ہے اور اسی لئے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کیا جار ہا ہے۔ جھوٹے الزامات اور فرضی کارروائیاں کرکے دھمکایا جارہا ہے کہ اگر سرکار گرانے میں مدد نہیںکی گئی تو ایجنسیوں کی کارروائی اسی طرح جاری رہے گی۔ 
صدر جمہوریہ کو خط لکھا 
  سنجے راؤت جو سامنا کے مدیر بھی ہیں، نے  الزام لگایا کہ مہاراشٹر میں ۱۷۰؍ اراکین اسمبلی کی حمایت والی حکومت  قائم  ہے ،اس کے باوجود بی جےپی کی جانب سے آئے دن حکومت گرانے کی تاریخ کا اعلان کیا جاتا ہے۔ابھی ۱۰ ؍ مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان کس بھروسے پر کیاگیاہے؟  جب سے مَیں نے نائب صدر  وینکیا نائیڈو کو مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا خط دیا ہے اسی کےبعد سے ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کا غلط استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ جھوٹے الزامات ، بدنامی اور مرکزی ایجنسیوں کی کارروائی کا دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کا یہی مطلب ہے کہ تم  ہار مان لو  ورنہ حکومت گرا دی جائے گی۔ 
بی جے پی لیڈروں نے ملاقات کی تھی 
  سنجے رائوت نے  دعویٰ کیا کہ بی جےپی کے چند اہم لیڈروں نے مجھ سے ملاقات کی تھی اور بار بار یہ کہنے کی کوشش کی کہ تم اس حکومت کو بچانے کی کوشش نہ کرو۔انہوںنے بی جےپی کی حکومت بنانے میں مدد کرنے کی پیشکش بھی کی تھی۔ رائوت کے مطابق  بی جے پی کی کوشش حکومت گرانے اور صدر راج نافذکرنے کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی دھمکی دی تھی کہ اگر ہم  مدد نہیں کریں گے تو مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے ہمیں پھنسایا جائے گا اور تہاڑجیل بھیج دیاجائے گا۔ سنجے راؤت نے حالانکہ  پریس کانفرنس میں ان بی جے پی لیڈروں کانام نہیں بتایا لیکن کہا کہ جب موقع آئے گا تو وہ نام بھی ظاہر کردیں گے ۔
فرنویس سرکارنے ۴؍ ہزار کروڑ کسے دئیے ؟  
 راؤت نے الزام لگایاکہ مہاراشٹر میں جب بی جے پی کی حکومت تھی تو ایک دودھ والا محض ایک سال میں ۷؍ ہزار کروڑ کا مالک بن گیا تھا جبکہ یہاں ساڑھے ۴؍  ہزار کروڑ روپے پہنچائے گئے تھے وہ کسے پہنچائے  گئے تھے یہ بی جے پی والے بتائیں۔ انہوںنے کہا کہ اس مرتبہ بی جے پی نے غلط لوگوں سے دشمنی مول لی ہے ۔ شیو سینک ڈرنے والوں میں  سے نہیں ہیں  بلکہ وہ ٹیڑھی انگلی کو بھی سیدھا کرنا جانتے ہیں۔  
راکیش وادھوان اور کریٹ سومیا پر سوال  
  سنجے رائوت نے الزام لگایا ہے کہ پنجاب مہاراشٹر کو آپریٹیو بینک (پی ایم سی) گھوٹالے کا ماسٹر مائنڈ راکیش وادھوان کریٹ سومیا کا پارٹنر ہے۔ راکیش وادھوان کو بی جے پی نے۲۰؍ کروڑ روپے دیئے تھے۔ سومیا کے بہت سے قریبی لوگوں نے پی ایم سی بینک گھوٹالہ سے پہلے اس سے رقم نکال لی ہے۔ اس لئے کریٹ سومیا اور ان کے بیٹے نیل سومیا کو گرفتارکیا جانا چاہئے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK