• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’نیٖٹ‘ امتحان میں بھیونڈی کے کئی طلبہ کامیاب

Updated: June 09, 2024, 8:51 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

خان صفوان محمد آصف نے ۷۰۵؍نمبر حاصل کرکے صنعتی شہر میں اول مقام حاصل کیا۔۵۰؍سے زائد طلبہ نے ۵۰۰؍سے زائد نمبرات حاصل کئے

Khan Safwan Muhammad Asif with his father.
خان صفوان محمد آصف اپنے والد کے ساتھ۔

طبی شعبہ یعنی ایم بی بی ایس اور اسی طرح کے دیگر کورسیز میں داخلے کیلئے منعقد کئے جانے والے قومی انٹرنس ٹیسٹ(نیٖٹ) میں خان صفوان محمد آصف نے ۷۲۰؍میں سے ۷۰۵؍ نمبر حاصل کر کے صنعتی شہر میں اول مقام حاصل کیا۔شانتی نگر کے وفا کمپلکس میں رہنے والے خان حبیب اللہ منصورنے ۷۲۰؍میں سے ۷۰۰؍نمبرحاصل کر کے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔اسی طرح عارف انصاری ۶۹۲؍ نمبر، خان عبیداللہ  ۶۸۵؍نمبر،ذکی مومن نے ۶۷۱؍نمبر،انعم شیخ ۶۶۷؍نمبر،انصاری صالحہ محمد عمران ۶۶۴؍نمبرحسین انصاری  ۶۶۶؍ نمبر، خان نعیمہ وقاضی ریدا۶۴۱؍ نمبر، صدیقی اسرا محمد راشد ۶۳۲؍نمبر،زیفا انصاری ۶۲۷؍نمبر،عاتقہ انصاری۶۲۶؍ نمبر، حدیقہ انصاری ۶۲۴؍ نمبر، مومن خضرارشاد ۶۲۲؍،انصاری ماہ وش رضوان ۶۱۸؍نمبر، شیخ عائشہ ۶۱۵؍سعدیہ شیخ ۶۱۴؍ نمبر، انصاری عبدالرحمان اور یزدان انصاری ۶۱۳؍ نمبر، خان فرحین قادر ۶۱۰؍ نمبر انصاری تشویب فاطمہ شکیل احمد اورمومن عمیرہ نے۶۰۳؍ نمبرحاصل کئے۔
 تعلیمی میدان میں متحرک افراد سے موصول اطلاع کے مطابق اس سال صنعتی شہر سے تقریبا ً ۲۰۰؍سے زائدمسلم طلبہ نے نیٹ کا امتحان دیا تھا جن میں ۵۰؍ سے زائدطلبہ نے ۵۵۰؍سے زائد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ ان میں اردو میڈیم کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ ان طلبہ میں سے  خان صفوان محمد آصف رفیع الدین فقیہ ہائی اسکول کے قابل استاد محمد آصف خان (آصف جامعی)کے فرزند ہیں۔صفوان نے بھیونڈی کے معروف تعلیمی ادارہ کے ایم ای ایس سوسائٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج سے دسویں اور بارہویں جماعت میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کی۔
 صفوان اپنی کامیابی پر بے خوش  ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی سہرہ اپنے اساتذہ اور والدین کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ موجودہ مقابلہ جاتی دور میں سخت محنت اور لگن سے ہی کامیابی ممکن ہے جس کے پیش نظر وہ صبح سے دیر رات تک پوری یکسوئی کیساتھ پڑھائی کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تعلیم شاہین اکیڈمی کے اساتذہ کی نگرانی میں مکمل دینی ماحول میں ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں ٹائم شیڈول بہت اچھا تھا۔ہر چیز کا وقت مقرر تھا۔صفوان کے مطابق ان کی نائٹ اسٹڈی بہت کار آمد ثابت ہوئی۔نماز مغرب کے بعد۴؍گھنٹے یا اس سے زائدکی پڑھائی میں ان کے سارے شبہات کو اساتذہ بہت ہی اچھے طریقے سے دور کردیا کرتے تھے۔ انہوں نے  طلبہ کو مشورہ دیا کہ کامیابی کی بلندی پر پہنچنے کیلئے مشقت کرنی پڑے گی۔پڑھائی کے دوران میں نے خود کو موبائل فون سے دور رکھا تھا ۔ساری توجہ میں نے پڑھائی پر مرکوز رکھی تھی  جس کی وجہ سے مجھے اچھے نمبر حاصل ہوئے۔
 تعلیم کے میدان میں سرگرم ڈاکٹر عبدالحفیظ انصاری ،انجینئر شمیم انصاری،شاہجہاں مولانا ، اسرار  پٹھان، وسیم انصاری  نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسرت کا مقام ہے کہ صنعتی شہر میں طلبہ اعلیٰ تعلیم کی جانب راغب ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال ۱۵؍سے ۲۰؍ طالب علم ایم بی بی ایس میں داخلہ لے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر سال طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہو۔ شمیم انصاری نے بتایا کہ طلبہ کو ایم بی بی ایس یا انجینئرنگ کے شعبے میں داخلے کیلئے کسی بھی طرح کا کوئی مشورہ درکار ہو تو وہ ان کے موبائل نمبر ۹۴۲۲۰۷۶۱۹۴؍ پر  رابطہ کرسکتے ہیں۔   

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK