• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی اسکولوں کے کئی اساتذہ ۵؍ما ہ کی تنخواہ سے محروم

Updated: February 21, 2025, 11:10 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Malad

یہ اساتذہ گھنٹے کے حساب سے تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد قریب ہونے سےانہیںاوربھی مالی مسائل کا سامنا ہے۔ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسرنے مسئلہ کا جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

: پی نارتھ وارڈ میں سی ایچ بی (گھنٹے کی بنیاد پر تدریسی خدمات انجام دینےوالے) کئی اساتذہ کو ۵؍ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں ۔ یہ اردو کے اساتذہ ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد ہےاس لئے ان کی مالی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ان اساتذہ کوفی گھنٹہ ڈیڑھ سو روپے بی ایم سی کی جانب سے دیئے جاتے ہیں۔ 
 تعلیمی اوقات میں صبح ساڑھے ۷؍ تا دوپہر ساڑھے۱۲؍ تک ۵؍ گھنٹےکے ۷۵۰؍ روپے ایک دن کے ہوتے ہیں جبکہ جمعہ کوہاف ڈے کے سبب دوپہر بجے سے شام ۶؍بجے تک یعنی ۶۰۰؍ روپے ہوتے ہیں۔ جس دن تعطیل اور سرکاری چھٹی ہوتی ہے اس دن کی انہیں تنخواہ نہیں دی جاتی ہے۔ اس اعتبار سے انہیں ماہانہ ۱۶؍سے ۱۷؍ہزارروپے ملتے ہیں وہ بھی ۵؍مہینے سے نہیں ملے ہیں ۔ اس لئےیہ اساتذہ بہت پریشان ہیں ۔ ان کی پریشانی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ کھل کرکچھ کہنے سےاس لئے کتراتے ہیں کہ کہیں ایکشن نہ ہوجائےیا مستقل ملازمت کی انہیں جو امید ہےان کے لئے مسئلہ نہ بن جائے۔ 
 مالونی میں میونسپل اسکولوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے ایسےاساتذہ کی تفصیلات اور ان کے نام وغیرہ نمائندۂ انقلاب کے پاس موجود ہیں جوتنخواہ نہ پانے والوں کی اس فہرست میں شامل ہیں۔ 
  ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر مغربی مضافات نثار خان نے اس مسئلے کا اعتراف کیا اوریہ یقین دلایا کہ جلد ہی ان اساتذہ کو تنخواہیں مل جائیں گی، اس پر کام جاری ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ پہلے فنڈ کی کمی کا مسئلہ تھا وہ حل ہوگیا ہے۔ سی ایچ بی کے ۲۰؍اساتذہ ایسے ہیں جن کی تنخواہوں کا مسئلہ ہے۔ ان کے دو طرح کے مسائل ہیں۔ ۱۵؍اساتذہ کا وینڈر کوڈ نہیں بنا ہے جبکہ ۵؍ اساتذہ کے آدھارکارڈ بینک میں لنک نہیں ہیں ۔ اس کے علاوہ گھنٹے کے حساب سے تدریسی خدمات انجام دینے والوں کی مجموعی تعداد فی الوقت ۸۰؍ ہے۔ ‘‘
 نثار خان نےیہ بھی بتایاکہ’’بسا اوقات اساتذہ اپنے مسائل بیان نہیں کرتے ہیں اور ہیڈ ماسٹرس ان مسائل کوصحیح ڈھنگ سےبیان نہیں کرتے ہیں ، اس لئے میں اساتذہ سے یہ درخواست کرتاہوں کہ کسی کا بھی مسئلہ ہو وہ بلاجھجھک میرے دفتر بجاج اسکول پہلی منزل، کاندیولی (مغرب) میں مجھ سے دفتر کے اوقات میں ملاقات کرے، اس کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔ ‘‘ 
 انہوں نےمزیدبتایاکہ’’ پوترپورٹل پرتفصیلات درج کرانے والے ۸۵۰؍ اساتذہ کی تقرری عمل میں آچکی ہے۔ اس کے علاوہ ہیڈ ماسٹرس کوہدایت دی گئی ہے کہ ضرورت محسوس ہونے پروہ مزیداساتذہ کااپنے طورپر نظم کرلیں تاکہ کسی جماعت میں استاد غیرحاضرنہ رہےاورطلبہ کا کسی صورت تعلیمی نقصان نہ ہو۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK