• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اب حکومت کو ایک گھنٹے کا بھی وقت نہیں دیں گے!‘‘

Updated: December 27, 2023, 12:36 PM IST | Agency | Aurangabad

منوج جرنگے ممبئی آنے کیلئے کمر بستہ، کھیتی باڑی کا کام نپٹاکر مراٹھا سماج عروس البلاد کی طرف کوچ کرے گا، ۳؍ کروڑ افراد کی شرکت متوقع؟

Will space be available for the protest of 3 crore Maratha people in Mumbai? Photo: INN
کیا ممبئی میں ۳؍ کروڑ مراٹھا افراد کے احتجاج کیلئے جگہ دستیاب ہوگی؟۔ تصویر : آئی این این

’’اب ہم حکومت کو ایک گھنٹے کا بھی زائد وقت نہیں دیں گے۔ اب ریزرویشن حاصل کئے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔‘‘ مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے۔ وہ منگل کو اورنگ آبادمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ جرنگے نے حکومت کو ریزرویشن کیلئے ۲۴؍ دسمبر تک کا وقت دیا تھا مگر حکومت نے اس تاریخ تک ریزرویشن کا کوئی اعلان نہیں کیا، لہٰذا اب انہوں نے ۲۰؍ جنوری کو ممبئی آکر بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ 
منوج جرنگے نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ’’ ہماری تیاری پوری ہو چکی ہے۔ ہم پوری طرح لیس ہیں۔ اب ہم انصاف حاصل کئے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ہم نے کھیتی کا کام نپٹانے کے بعد ممبئی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی کا احتجاج اب تک کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا اس لئے ہم سارا کام ختم کرکے وہاں پہنچیں گے۔‘‘ جرنگے کا کہنا تھا ’’ممبئی کے لوگ ہمارے ہی ہیں۔ اس لئے وہاں کا ہر شخص ہمارا استقبال ہی کرے گا۔‘‘ حکومت کے اب تک کے رویے پر بات کرتے ہوئے منوج جرنگے نے کہا ’’حکومت نے ہمارے ساتھ فریب کیا ہے۔ اب تک ( اس احتجاج کے دوران) گئی جانوں کیلئے حکومت ہی ذمہ دار ہے۔ اسکے آگے ہم حکومت کو ایک گھنٹے کا بھی وقت نہیں دیں گے۔ ‘‘انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا’’ جلد از جلد ریزرویشن دیا گیا تو ٹھیک ہے ورنہ مراٹھا سماج ٹوٹ پڑےگا۔ اس کے بغیر نہیں رہے گا۔ ‘‘
اس دوران منوج جرنگے نے چھگن بھجبل کو بھی نشانہ بنایا۔ مراٹھا کارکن نے کہا ’’چھگن بھجبل صرف اپنے مفاد کیلئے سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے مراٹھا سماج اور او بی سی سماج کے درمیان تفرقہ ڈالنے کا کام کیا ہے۔ اب ان کی گولی (دوا) شروع کیجئے۔ ‘‘
۳؍ کروڑ لوگوں کی ممبئی آمد؟ 
منوج جرنگے نے اپنے اس دعوے کو دہرایا ہے کہ ۲۰؍ جنوری کو ان کے ساتھ مراٹھا سماج سے تعلق رکھنے والے ۳؍ کروڑ افراد ہوں گے۔ پوری ریاست سے مراٹھا عوام اس احتجاج میں شرکت کیلئے عروس البلاد کا رخ کریں گے۔ اس کیلئے ۱۰؍ لاکھ گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ احتجاج ممبئی کے تاریخی آزاد میدان پر کیا جانے والا ہے لیکن جب کبھی مارچ نکالا جاتا ہے تو احتجاج میں شریک ہونے والوں کی ضروریات کے مطابق انتظام کیا جاتا ہے۔لہٰذا کروڑوں لوگوں کی ممبئی آمد اور ان کے رہنے ، احتجاج کرنے کا اور دیگر ضروریات کا انتظام کیسے ہوگا، یہ ایک معمہ ہے۔
 جرنگے کو روکنے کی کوشش جاری 
 دوسری طرف خبر ہے کہ حکومت کی جانب سے لگاتا جرنگے کو ممبئی آنے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کیلئے ریاستی وزیر گریش مہاجن اور رکن اسمبلی بچو کڑو کو کام پر لگایا گیا ہے۔ وہ مسلسل جرنگے کے رابطے میں ہیں۔ یاد رہے کہ ۲۲؍ جنوری کو رام مندر کے افتتاح کی تقریب ہے جبکہ اس کے ۴؍ دنوں بعد ۲۶؍ جنوری یعنی یوم جمہوریہ ہے۔ ایسی صورتحال میں سیکوریٹی کا مسئلہ درپیش ہوگا۔ لہٰذا اور سرکاری کارندے مصروف ہوں گے لہٰذا یہ احتجاج مہاراشٹر حکومت کےلئے درد سر ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK