اپوزیشن پارٹیوں کےعلاوہ برسراقتدار طبقہ کے کارکنان بھی شامل، کورٹکر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، نام نہاد صحافی نے ویڈیو جاری کرکے چھترپتی شیواجی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
EPAPER
Updated: March 04, 2025, 10:59 AM IST | Ali Imran | Nagpur
اپوزیشن پارٹیوں کےعلاوہ برسراقتدار طبقہ کے کارکنان بھی شامل، کورٹکر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، نام نہاد صحافی نے ویڈیو جاری کرکے چھترپتی شیواجی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تاریخ داں اندر جیت ساونت کو دھمکی دینے اور چھترپتی شیواجی کے تعلق سے توہین آمیز کلمات ادا کرنے والے پرشانت کورٹکر کے خلاف پیر کو امراوتی میں `شیوسمان مارچ کا انعقاد کیا گیا اورمطالبہ کیا گیا کہ پرشانت کورٹکر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ کانگریس، این سی پی، شیوسینا(ادھو)اور سمبھاجی بریگیڈ سمیت مختلف تنظیموں کے کارکنان نے اس مارچ میں حصہ لیا۔ شہر کے پنچوٹی چوک سے شروع ہو نے والے اس مارچ میں رکن پارلیمان بلونت وانکھیڈے، کانگریس لیڈر و سابق وزیر یشومتی ٹھاکر، ڈاکٹر سنیل دیشمکھ، شیو سینا(ادھو) کے رکن اسمبلی گجانن لوٹے، این سی پی (اجیت پوار) کے سٹی صدر پرشانت ڈورے، سابق میئر ملند چیموٹے وغیرہ نے شرکت کی۔ مارچ میں شریک قائدین نے ارون چوک میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسکے بعد یہ ا مارچ گرلز ہائی اسکول چوک سے ہوتا ہوا کلکٹریٹ کے سامنے پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا۔ اس موقع پر پرشانت کورٹکر کی تصویر کو جوتوں کے ہار پہنائے گئے۔ کچھ مظاہرین نے کورٹکر کی تصویر کو اپنے جوتوں سے روندا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے یشومتی ٹھاکر نے کہا ’’جب بھی چھترپتی شیواجی کی توہین ہوتی ہے یہ حکومت خاموش رہتی ہے، لیکن مہاراشٹر ان عظیم ہستیوں کی توہین کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورٹکر کے ساتھ راہل شولاپورکر کے خلاف بھی معاملہ درج کیا جائے۔ یشومتی ٹھاکر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ان لوگوں نے اتنی دولت اور مہنگی کاریں کیسے حاصل کیں ؟ اس کی بھی تفتیش ہونی چاہئے۔ مہاراشٹر میں فرقہ واریت کی ایک بڑی سازش زیر زمین چل رہی ہے۔ اس سازش کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ ہر کوئی جانتا ہے کہ کورٹکر اور شولاپورکر کے کس سے قریبی تعلقات ہیں۔ ان دونوں کو گرفتار کیا جائے۔ پولیس جانتی ہے کہ کورٹکر کہاں ہے۔ یشومتی ٹھاکر نے کہا کہ یہ لوگ جھوٹی تاریخ عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں، بہوجن کی توہین کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ‘‘
کورٹکر نے ویڈیو جاری کیا
اس سے قبل اتوار کی شام پرشانت کورٹکر نے ایک ویڈیو جاری کرکے چھترپتی شیواجی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ کولہاپورکی عدالت نے اسے ضمانت قبل از گرفتاری دیدی ہے لیکن وہ اب بھی فرار ہے۔ اپنے ویڈیو میں کورٹکر نے چھترپتی شیواجی کی تعریفیں کی ہے اور ان کی مورتی پر مالا ڈال کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں معروف تاریخ دان اندر جیت ساونت کو فون کرکے پرشانت کورٹکر نے دھمکی دی تھی کہ وہ برہمنوں کو بدنام کرنا بندکریں۔ ساتھ ہی اس نے چھترپتی شیواجی کے تعلق سے بھی توہین آمیز باتیں کہی تھیں۔ اس گفتگو کا آڈیو وائرل ہونے پر وہ فرار ہو گیا اور پولیس اب تک اسے پکڑ نہیں پائی ہے۔ اسی دوران اسکے وکیل نے کولہاپور کی عدالت میں اسکی ضمانت کی عرضی داخل کی اور عدالت نے اسے ضمانت قبل از گرفتاری دیدی۔ کورٹکر نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں اسکا کہنا ہے کہ ’’چھترپتی شیواجی میرے آئیڈیل ہیں۔ ان کے اس ریاست پرکئی احسانات ہیں۔ پوری ریاست کیلئے وہ قابل احترام ہیں۔ انہوں نے بڑی جانفشانی اور قربانیوں کے بعد مہاراشٹر میں سوراج کی داغ بیل ڈالی تھی۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں اسلئے آج میں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ان کی مورتی کو ہار پہنا کر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔