• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ایچ ایم پی وی‘ سے بازار متاثر، ۱۲؍سوپوائنٹس کا غوطہ کھایا

Updated: January 07, 2025, 3:58 PM IST | Agency | Mumbai

ہندوستان میں ایچ ایم پی وی کے۳؍ معاملے سامنے آنے کے بعد مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر فروخت ہوئی۔ نفٹی بھی ۳۸۸؍پوائنٹس گرا۔

Investors suffered losses on the first day of trading in the share market. Photo: INN
شیئر بازار کے کاروبار کے پہلے دن ہی سرمایہ کاروں کو نقصان ہوگیا۔ تصویر: آئی این این

امریکی اسٹاک مارکیٹس میں اضافے کے باوجود، ہندوستانی بینچ مارک انڈیکس سینسیکس اور نفٹی ہفتے کے پہلے تجارتی سیشن میں یعنی پیر کو گر گئے۔ ہندوستان میں ہیومن میٹانیووائرس (ایچ  ایم پی وی) کے۳؍ معاملے سامنے آنے کے بعد مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر فروخت دیکھی گئی۔
۳۰؍ حصص پر مشتمل بی ایس ای سینسیکس پیر کو ۵۰؍سے زیادہ پوائنٹس بڑھ کر ۷۹۲۸۱ء۶۵؍ پوائنٹس پر کھلا۔ کچھ اتار چڑھاؤ کے بعد یہ سرخ رنگ میں آگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران یہ ۱۴۴۰؍ پوائنٹس تک گر گیا تھا۔ آخر کار، سینسیکس۱۲۵۸؍ پوائنٹس یا ۱ء۵۹؍ فیصد کی گراوٹ کے ساتھ۷۷۹۶۴ء۹۹؍  پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۵۰؍ بھی فائدہ کے ساتھ کھلا۔ بھاری فروخت کے بعد۲۴۷۰۰؍ سے نیچے پھسل گیا۔ آخر کار  نفٹی ۳۸۸ء۷۰؍ پوائنٹس یا۱ء۶۲؍فیصد کی زبردست گراوٹ کے ساتھ۲۳۶۱۶ء۰۵؍  پر بند ہوا۔
سینسیکس کی۳۰؍ کمپنیوں میں، سن فارما اور ٹائٹن کو چھوڑ کر تمام حصص گراوٹ میں بند ہوئے۔ ٹاٹا اسٹیل کے حصص میں سب سے زیادہ ۴؍ سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ کوٹک مہندرا بینک، ایشین پینٹس اور دیگر تمام سٹاک گراوٹ میں رہے۔

 پیر کو اسٹاک مارکیٹ کیوں گرا؟
کرناٹک اور گجرات میں ایچ ایم پی وی کے مجموعی طورپر ۳؍ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کی ابتدائی علامات بالکل کورونا کی وبا جیسی ہیں، جس میں مریض کو سردی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مریض کو  ہلکابخار، کھانسی، ناک بہنا، سینے میں جکڑن اور تھکاوٹ کا بھی سامنا ہوتا ہے۔
بھاری اسٹاک جیسے ٹاٹا اسٹیل، ریلائنس انڈسٹریز، ایچ ڈی ایف سی بینک، کوٹک بینک، ٹاٹا موٹرس اور آئی ٹی سی میں فروخت نے مارکیٹ کو نیچے کی طرف گھسیٹا۔
ڈالر کے مقابلے روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پیر کو امریکی کرنسی کے مقابلے روپیہ گر کر ۸۵ء۸۲؍  روپے پر آگیا۔ 
ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی منافع میں جبکہ چین کا شنگھائی کمپوزٹ، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ اور جاپان کا نکئی خسارے میں رہا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آل راؤنڈ فروخت کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو ۱۲؍لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ بی ایس ای پر درج کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ (ایم کیپ)۱۲۳۸۶۳۸؍  کروڑ روپے کم ہو کر۴۳۸۹۵۲۱۰؍ کروڑ روپے رہ گیا۔ جمعہ کو یہ ۴۵۱۳۳۸۴۸؍  کروڑ روپے تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK