Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

امریکی ٹیرف میں راحت کے اشارے سے مارکیٹ میں رونق

Updated: March 06, 2025, 12:52 PM IST | Agency | Mumbai

ٹرمپ انتظامیہ کے ٹیرف میں کچھ راحت کے اشارے پر عالمی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے ہندوستانی بازار میں بھی تیزی رہی۔

Figures are displayed on the screen of the National Stock Exchange building. Photo: Inqilab, Syed Sameer Abidi
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کی اسکرین پر اعداد وشمار نظرآرہےہیں۔ تصویر: انقلاب، سید سمیرعابدی

 ممبئی(ایجنسیاں): امریکی ٹیرف میں راحت کے اشارے کے درمیان چین کی طرف سے جوابی کارروائی میں محرک پیکیج کے اعلان کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں اضافے سے حوصلہ افزائی کرنے والے سرمایہ کاروں کی طرف سے مقامی سطح پر ہمہ جہت خریداری کے ساتھ بدھ کو اسٹاک مارکیٹ میں رونق رہی۔
 ۳۰؍ شیئرز پر مشتمل بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس۷۴۰ء۳۰؍پوائنٹس یا۱ء۰۱؍ فیصد چھلانگ لگا کر ۷۳؍ ہزار پوائنٹس کے نفسیاتی نشان کو عبور کرتے ہوئے ۷۳۷۳۰ء۲۳؍ پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۲۵۴ء۶۵؍ پوائنٹس یعنی ۱ء۵۱؍ فیصد اضافے کے ساتھ ۲۲۳۳۷ء۳۰؍  پوائنٹس پر بند ہوا۔ بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کی طرح مڈ کیپ اور اسمال کیپ کمپنیوں کے حصص میں بھی کافی خرید و فروخت ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ۲ء۶۶؍ فیصد بڑھ کر۳۹۷۵۱ء۷۳؍ پوائنٹس اورا سمال کیپ ۲ء۸۰؍ فیصد بڑھ کر ۴۴۵۳۸ء۲۰؍ پوائنٹس تک پہنچ گئی۔
 اس عرصے کے دوران بی ایس ای پر کل۴؍ ہزار ۱۰۱؍ کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے۳؍ ہزار ۲۴۷؍ میں اضافہ ، ۷۶۸؍ میں کمی اور۸۶؍میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی۴۶؍ کمپنیاں سبز رنگ میں بند ہوئیں جبکہ دیگر ۴؍ سرخ رنگ میں بند ہوئیں۔
 تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی کامرس سیکریٹری ہاورڈ لٹنک نے عندیہ دیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ٹیرف میں کچھ راحت دے سکتی ہے، خاص طور پر کنیڈا اور میکسیکو سے آنے والی مصنوعات پر ٹیکسوں میں کمی ممکن ہے۔ اس اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ سے ہندوستانی بازار میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی۔
 ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے جواب میں چین کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج کی وجہ سے چینی اور جاپانی منڈیوں میں مضبوطی دیکھی گئی۔ اس کا اثر ہندوستانی بازاروں پر بھی پڑا جس نے مثبت جذبات کو برقرار رکھا۔
  اس کے ساتھ ہی امریکہ کی طرف سے چین، میکسیکو اور کنیڈا پر لگائے گئے بھاری محصولات ہندوستانی برآمد کنندگان کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس سے امریکی مارکیٹ میں ہندوستانی زرعی مصنوعات، مشینی اوزار، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور چمڑے کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ متوقع ہے، اس طرح ہندوستان کو تجارتی فوائد حاصل ہوں گے۔
 بی ایس ای کے تمام۲۱؍ گروپوں میں خرید و فروخت ہوئی۔ اس کی وجہ سے یوٹیلٹیز۴ء۴۰، پاور۳ء۶۷، سروسیز۳ء۶۴، میٹلز۳ء۵۲، ٹیلی کام۳ء۳۶، کموڈیٹیز۲ء۸۸، سی ڈی۲ء۲۰، انرجی ۲ء۱۱، ایف ایم سی جی۱ء۷۱، فائنانشیل سروسیز ۰ء۵۵،ہیلتھ کیئر۱ء۴۲،۲ء۵۴۷، بینکنگ ۰ء۷۷، کیپٹل گڈز۲ء۶۲، کنزیومر ڈیوریبلز ۱ء۵۱، آئل اینڈ گیس۲ء۴۶، ریئلٹی ۲ء۳۲، ٹیک ۲ء۰۵؍ اور فوکسڈ آئی ٹی گروپ کے حصص میں۲ء۰۹؍ فیصد اضافہ ہوا۔
 بین الاقوامی سطح پر بھی تیزی کا رجحان رہا۔ اس عرصے کے دوران، برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں۰ء۸۱؍ فیصد، جرمنی کے ڈیکس میں۳ء۵۲ ؍ فیصد، جاپان کے نکی میں۰ء۲۳؍ فیصد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں۲ء۸۴؍ فیصد اور چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں۰ء۵۳؍ فیصد اضافہ ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK