• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کارگل وجے دیوس کے موقع پر کارگل سمیت پورے ملک میں تقاریب کا اہتمام، شہیدوں کو یادکیاگیا

Updated: July 27, 2021, 6:40 AM IST | New Delhi

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ملک کیلئے جان قربان کرنے والوں کو خراج پیش کیا گیا،وزیراعظم ، وزیردفاع اور دیگر لیڈروں نے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کیا اور ان پر عقیدت کے پھول برسائے

A scene from Vijay Dewas function in Kargil Picture: PTI
کارگل میں وجے دیوس کے موقع پر منعقدہ تقریب کا ایک منظر (تصویر: پی ٹی آئی)

کارگل وجے دیوس‘ کی ۲۲؍ سالگرہ کے موقع پر کارگل سمیت ملک بھر میں شہیدوں کو یاد کیا گیا اور ان کی قربانیوں کاا عتراف کرتے ہوئے ان پر عقیدت کے پھول برسائے گئے۔اس موقع پر صدر جمہوریہ، وزیراعظم، وزیر دفاع ، فوجی سربراہ اور اپوزیشن لیڈرسمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرس نے ملک پر قربان ہونےوالوں کی قربانیوں کو یاد کیا  اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
  پیرکو دراس (کارگل) میں واقع کارگل وار میموریل پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کارگل جنگ کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر لداخ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے وار میموریل  پر گلہائے عقیدت پیش کی۔ اس تقریب میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو شریک ہوناتھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔ بعد ازاں انہوں نے  شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں واقع ڈیگر وار میموریل پر پھولوں کا ہار چڑھایا اور ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔کارگل وار میموریل پر منعقدہ تقریب کا آغاز چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی طرف سے ’سوارنم وجے ورش فتح مشعل‘ کے استقبال سے ہوا۔
 خیال ر ہے کہ ملک بھر میں۲۶؍ جولائی کو۱۹۹۹ء میں کارگل جنگ کے دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو یاد کیا جاتا ہے اور اسے وجے دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
  اس موقع پر  پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شہید ہونے والے ملک کے بہادر فوجیوں کے اعزاز میں چند لمحوں کی خاموشی  اختیار کرکے انہیں  خراج عقیدت  پیش کیا گیا۔لوک سبھا کے اسپیکر  اوم برلا نے صبح۱۱؍ بجے ایوان کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہم ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری اور قربانی کی یاد میں کارگل کی فتح کی۲۲؍ ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقع پریہ ایوان ہندوستانی فوجیوں کی ناقابل تسخیر جرأت اور ان کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہے جو کارگل کی جنگ جیتنے کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے تمام تر رکاوٹوں، ناموافق موسم اور  اور اونچائی پر موجود دشمن پر قابو پایا تھا۔ قوم ان تمام شہیدوں کے تئیں احسان مند ہے جنھوں نے اس مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اسی طرح راجیہ سبھا میں بھی شہیدوںکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی کے آغاز پر کہا کہ آج کارگل جنگ کی فتح کا دن ہے۔ اس جنگ میں، فوجیوں نے مشکل حالات میں جرأت کا مظاہرہ کیا۔ ان کی بہادری آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گی۔
  دونوںایوانوں میں اراکین نے کھڑے ہوکر شہید فوجیوں کے تئيں احترام  کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع   راج ناتھ سنگھ ، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرس نے بھی شہیدوں کو یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK