Inquilab Logo

مر یم نوازنےعمران خان کی کارکردگی کو بدبو دار ٹوکرا قرار دیا

Updated: May 13, 2022, 12:12 PM IST | Agency | Islamabad

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے بقول:’’ کرسی ہلی ہے تو دماغ بھی ہل گیا ہے۔‘‘ پی ٹی آئی سربراہ کو خراب حالات کیلئے ذمہ داربتایا ، کہا : عمران خان نے ۴؍سال میں پاکستان کو۴؍سوسال پیچھے دھکیل دیاہے

Maryam Nawaz .Picture:INN
مر یم نواز۔ تصویر: آئی این این

 مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی کو بدبو دار ٹوکرا قراردیتے ہوئے  ان پر جارحانہ تنقید کی۔  پاکستان کی موجودہ خراب صورتحال کیلئے عمران خان کو ذمہ قرار دیا ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرسی ہلنے سے عمران خان کا  دماغ بھی ہل گیا ہے۔ اسی دوران مر یم نواز نے فوری الیکشن کی بھی حمایت کی۔   صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے چلےگئے اس کو راستے پر لانا دو تین مہینے کا نہیں بلکہ دو تین سال کا کام ہے، عمران خان کو عوام میں جانے دو ، عوام خود پوچھ لیں گے کہ ملک کا برا حال کیوں کیا؟ ان کا یہ بھی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کارکردگی بدبو دار ٹوکرا ہے، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کو یہ ٹوکرا سر پر اٹھانےکی ضرورت نہیں ہے، ن لیگ سےکہتی ہوں کہ عمران کی بری کارکردگی کلنک کا ٹیکا ہے، اسے منہ پرلگانےکی ضرورت نہیں۔ مریم نواز کا  یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کبھی فوج،کبھی عدلیہ اور کبھی میڈیا کو برا بھلا کہتے ہیں، میر جعفر قرار دیتے ہیں ، عمران خان کی غلاظت کا ٹوکرا فوج کیوں اٹھائے؟ یہ ٹوکرا عمران خان کو ہی اپنے سر پر اٹھانا پڑےگا ۔ نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ کرسی ہلی ہے تو دماغ بھی ہل گیا ہے۔ کہتے ہیں یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، جب تک تمہاری کرسی رہی ادارے بہت اچھے ہوا کرتے تھے، اب کرسی نیچے سے کھسک گئی تو تمہیں میر جعفر اور میر صادق نظر آگئے، قوم سب جانتی ہے تمہارے تماشوں کو اچھی طرح سمجھتی ہے، تمہاری شکایت صرف یہ ہے کہ جنہوں نے پہلے سروں پر بٹھاکر رکھا تھا اب وہ ساتھ دینے کو تیار نہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، لاہور لاہور ہوتا ہے چاہے خیبرپختونخوا میں ہو یا پنجاب میں ہو، یہاں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کر کے (ن) لیگ کوفتح دلوائی۔جھوٹوں،ڈرامے بازوں اورفتنہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، شکرہے کہ ان قومی مجرموں سے پاکستان کی جان چھوٹی۔  پاکستان کوجادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے جان چھوٹی۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے فوری الیکشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں، فتنوں میں الجھنے کے بجائے نواز شریف کو دوتہائی اکثریت دیں تا کہ وہ ملک کی تقدیر بدلیں۔سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جو۴؍سال کی کارکردگی نہ دکھا سکے تو سازش، مراسلےکی ضرورت پڑتی ہے، عمران خان کی شکل میں بڑی سازش پاکستان کیخلاف ہوئی ، جتنی سازش عمران خان نےکی اتناتوکوئی غیرملکی بھی نہیں کرسکتاتھا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتےہیں میں خطرناک ہوجاؤں گا، جس نےقوم سےروٹی،چینی،ادویات چھین لی وہ خطرناک نہیں توکیاہوگا؟ لوگ جانتے ہیں  کہ مہنگائی ، ڈالر مہنگا اور اسٹاک ایکسچینج کی تباہی آپکی وجہ سےہے ، آپ نے ملک کو دیوالیہ کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔  ملک میں مہنگائی سے متعلق مریم نواز نے کہا کہ۴؍ ہفتے قبل عمران خان کے وزراءکہتےتھے کہ دنیامیں مہنگائی ہے، پاکستان میں نہیں، آج آپ کواچانک مہنگائی یادآگئی۔۴؍سال میں آپ نےمعیشت کابراحال کردیا ہے، عمران خان نے۴؍سال میں پاکستان کو۴؍سوسال پیچھے دھکیل  دیاہے۔ عمران خان کی پریس کانفر نس سے متعلق ان کاکہنا تھا کہ آپ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرم نہیں آتی، جب کسی اناڑی کو اٹھاکراقتدارمیں بٹھاتے ہیں تو اس  سےکیاتوقع کی جاسکتی ہے؟ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی  سے متعلق  انہوں نے کہا کہ اب یہ الٹےبھی لٹک جائیں تب بھی ان کا کوئی ساتھ نہیں دے گا ، ان کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے۔ کوئی شہید بننے کی کوشش کرے گا تو  اسے۴ ؍سال کی کارکردگی منہ چڑھا ئے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK