• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جبالیہ رفیوجی کیمپ میں قتل عام، لبنان میں پھر امن بردار فوج پر حملہ

Updated: October 13, 2024, 11:39 AM IST | Agency | Gaza/Beirut

غزہ پرصہیونی فوجوں کےحملے میں ایک دن میں ۴۹؍ افراد شہید ،جنوبی غزہ ملبہ کے ڈھیر میں تبدیل ،جبالیہ میں ۲۲؍ فلسطینی جاں بحق، لبنان میں امن بردار فوج کا پانچواں جوان زخمی۔

People displaced by Israeli attacks leave their destroyed homes. Photo: INN
اسرائیلی حملوں میں بے گھر ہونےوالے افراد اپنے تباہ حال گھروں کو چھوڑ کر جاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

اسرائیلی فوجوں نے غزہ پر حملے تیز کرتے ہوئے سنیچر کو ایک دن میں   ۴۹؍ افراد کو شہید کردیا۔ ان میں  صرف جبالیہ رفیوجی کیمپ میں جام شہادت نوش کرنےوالوں کی تعداد ۲۲؍ بتائی گئی ہے۔ الجزیرہ کے مطابق صہیونی فوجوں نے جنوبی غزہ کو پوری طرح ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے جبکہ عالمی برادری کے شدید انتباہ کے باوجود تل ابیب کی فوجوں  نے لبنان میں لگاتار تیسرے دن امن بردار فوج کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حملوں  میں زخمی ہونے  امن بردارفوجیوں  کی تعداد ۵؍ ہوگئی ہے۔ عالمی برادری اورامریکہ کے انتباہ کے بعد صہیونی ریاست نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ امن بردارفوجوں  کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں  بناگیا اوراس کی جانچ کی جارہی ہے۔ 
 یہودی تہوار یوم کپور پرصہیونیوں کا جشن
قابض اسرائیلی فوج اور پولیس نے یہودیوں کے تہوار’یوم کپور‘ کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے ہیں۔  اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں اور دیہاتوں میں بھی تعینات کی گئی ہے۔  عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج کی بھاری نفری بیت المقدس میں تعینات کی گئی ہے جبکہ قابض فوج نے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیمنٹ کے بھاری بلاک اور آہنی رکاوٹوں سے بند کردیئے ہیں۔  قابض فوج نے بیت حنینا، شعفاط اور شمالی بیت المقدس کو ملانے والے پل کو کنکریٹ کے بلاک اور آہنی رکاوٹوں سے بند کردیا ہے جس کے بعد دونوں طرف کے فلسطینی پھنس کررہ گئے ہیں۔  عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور اندرون فلسطین کو ملانےوالےراستوں کوبھی بند کردیا گیا ہے اور کراسنگ پوائنٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کی نقل وحرکت بند ہوگئی۔ 
جبالیہ رفیوجی کیمپ میں قتل عام
جبالیہ رفیوجی کیمپ پر اسرائیلی حملوں  میں   بچوں  اور خواتین سمیت ۲۲؍ افراد جاں  بحق ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جبالیہ رفیوجی کیمپ پر زمینی حملے ایک ہفتے پہلے شروع کئے تھے جن میں ہر گزرتے لمحے شدت آتی جارہی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کو فلسطین نے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیاہے۔ یہ حملہ رات کی تاریکی میں کیاگیا جس میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں  ایجنسیوں ’’اے ایف پی‘‘ اور’’ رائٹرس‘‘ نے سنیچر کو ایک دن میں  اسرائیلی فوج کے ہاتھوں   ۴۹؍فلسطینیوں کی موت کی تصدیق کی ہے جبکہ ۲۱۹؍ زخمی ہوئے ہیں۔ ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رات گئے اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر حملےکئے، جہاں ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ رائٹر کی رپورٹ جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی فورسیز کے حملے میں ۳۰؍ فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ حملے کے نتیجے میں ۴؍ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ 
 اسرائیل کو حزب اللہ کی وارننگ 
 اس بیچ حزب اللہ نے سنیچر کو اعلان کیا کہ وہ شمالی اسرائیل میں رہائشی عمارتوں اور اڈوں کو نشانہ بنائے گا جو اسرائیلی فوج کے زیر استعمال ہیں اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے اطلاع تک ان عمارتوں سے دور رہیں۔ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ ’’اسرائیلی دشمن قوتیں شمالی مقبوضہ فلسطین کی کچھ بستیوں میں آباد کاروں کے گھروں کو اپنے افسروں اور فوجیوں کو رکھنے کیلئےاستعمال کر رہی ہیں۔ لبنان کے خلاف جارحیت کا انتظام کرنے والے اس کے فوجی اڈے بڑے مقبوضہ شہروں جیسے حیفہ، تبرایا (تبیریاس) اور ایکر (عکا) میں بستیوں کے پڑوس میں واقع ہیں۔ یہ مکانات اور فوجی مقامات حزب اللہ کے راکٹوں اور فضائیہ کے اہداف ہیں اور ہم آباد کاروں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ آئندہ اطلاع تک اپنی حفاظت کیلئےان فوجی مقامات کے نزدیک نہ جائیں۔ ‘‘
 تحریک میں کہا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل میں بستیاں جو اس وقت حزب اللہ کے حملوں کی وجہ سے ویران ہیں، اس وقت تک آباد رہیں گی جب تک اسرائیل غزہ کی پٹی اور لبنان کے خلاف جنگ بند نہیں کرتا۔ 
امریکہ کی اسرائیل سے اپیل
 لبنان میں امن بردار فوج پر اسرائیلی حملوں   کے معاملے میں واشنگٹن نے تل ابیب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سے باز رہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے مطابق وہ ’’پوری طرح مثبت انداز میں  ‘‘اسرائیل سے اپیل کرتے ہیں کہ حزب اللہ سے لڑائی کے دوران اقوام متحدہ کے امن برداروں   کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ اسرائیلی حملوں  میں سب سے پہلے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے اقوام متحدہ کی امن بردارفوج کے ۲؍ فوجی زخمی ہوئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK