لاکھوں روپے کا مالی نقصان،لنکنگ روڈ پر واقع مال کے کروماشوروم میںچوتھے لیول کی آگ لگی تھی، جسے بجھانے کیلئے روبوٹ بھی استعمال کیاگیا
EPAPER
Updated: April 29, 2025, 11:06 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
لاکھوں روپے کا مالی نقصان،لنکنگ روڈ پر واقع مال کے کروماشوروم میںچوتھے لیول کی آگ لگی تھی، جسے بجھانے کیلئے روبوٹ بھی استعمال کیاگیا
یہاں کے لنکنگ روڈ پر واقع لنک اسکوائر مال کے کروما شوروم میں منگل کی علی الصباح لگنےوالی بھیانک آگ میں لاکھوں روپےکامالی نقصان ہونےکا خدشہ ظاہر کیاگیاہے۔ ۳؍تہہ خانےکے علاوہ گرائونڈ پلس ۳؍ بالائی منزل والے اس مال میں آتشزدگی میں کسی کے زخمی ہونےکی اطلاع نہیں ہے۔آگ چوتھے لیول کی تھی۔آگ پرقابوپانےکیلئے فائر روبوٹ اور جائے وقوع سے متصل عمارتوںکو خالی کروانےکیلئے این ڈی آرایف کی مددلی گئی۔
ممبئی فائر بریگیڈ کےمطابق ۳؍ منزلہ تجارتی کمپلیکس لنک اسکوائر مال کے تہہ خانے میں واقع الیکٹرانک سازوسامان کے’ کروما شوروم‘میں صبح ۴؍بجکر ۱۰؍منٹ کے قریب لگی تھی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر ممبئی فائر بریگیڈ،ممبئی پولیس ، اڈانی الیکٹرسٹی ، پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ اور مقامی وارڈ کےعملے سمیت کئی ایجنسیوں کےنمائندے جائے وقو ع پر پہنچے۔ کروما شوروم کے قریب کی دیگر دکانیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ شوروم میں لگنےوالی آگ سے پورے لنک اسکوائر مال میں کثیف کالا دھواں پھیل گیاتھا۔ مال میں گرمی اور دھواں پھیلنے سے آگ بجھانےکیلئے تہہ خانےتک پہنچنےمیں دقت ہورہی تھی، جس کی وجہ سےفائر عملے کو آگ بجھانےکیلئے بڑی جدوجہد کرنی پڑی علاوہ ازیں فائر روبوٹ کا استعمال بھی کیاگیا۔آگ بجھانے میں آنےوالی رکاوٹوں کی وجہ سےآگ متواتر بڑھتی گئی ،ابتدائی مراحل میں آگ پہلے لیول کی تھی بعدازیں دوسرے،پھر تیسرے اور چوتھے لیول تک پہنچ گئی ، جس کی وجہ سے جائے وقوع سے متصل عمارتوںمیں رہائش پزیر مکینوںکو بحفاظت نکالنےکیلئے ممبئی فائر بریگیڈ نے این ڈی آر ایف کی مدد حاصل کی ۔آگ بجھانےکیلئے ۱۲؍فائرانجنوں، ۹؍جمبو واٹر ٹینکرز، ۲؍سانس لینےکے آلات کی وین، ایک ریسکیووین اور ایک واٹرکوئیک رسپانس وہیکل کا استعمال کیاگیا۔ ایک ۱۰۸؍ایمبولینس بھی احتیاطی اقدام کےطورپر جائے وقوع پر موجودتھی۔ آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ،فائر عملہ اس کی تحقیقات کررہاہے۔
این سی پی کے لیڈر اورسابق رکن اسمبلی ذیشان صدیقی نے ممبئی فائر بریگیڈ پر تنقید کرتےہوئے ، دعویٰ کیا کہ فائر ڈپارٹمنٹ آگ پر قابو پانے میں ناکام رہا کیونکہ آگ بجھانےکے مطلوبہ آلات ان کے پاس نہیں تھے ، ابتدائی وقت میںآگ پر آسانی سے قابو پایا جا سکتا تھا، لیکن فائر آفیسرز کے تساہل سے معاملہ بڑھ گیا۔واضح رہےکہ لنک اسکوائر مال ذیشان صدیقی کے خاندان کی ملکیت ہے۔