• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی کی گیتا کالونی میں بھیانک آگ ،۱۲؍ کچے مکانات خاکستر،کئی بکریاں اور مرغیاں بھی جل گئیں

Updated: December 07, 2024, 10:18 AM IST | Agency | New Delhi

حادثہ میں انسانی جان کا نقصان نہیں،ع لاقے میں گودام اور جھوپڑپٹیاں تھیں۔

The area of ​​Delhi that was engulfed in fire. Picture: INN
دہلی کا وہ علاقہ جو آگ کی لپیٹ میں آیا۔ تصویر: آئی این این

مشرقی دہلی کی گیتا کالونی میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب لگی خوفناک آگ نے کئی جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب مقامی افراد گہری نیند سورہے تھے  ۔ آگ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ۱۲؍ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا  ۔ اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے فائر بریگیڈ کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ فائر اسٹاف نے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کنٹرول روم کو اس حادثے کی اطلاع رات ۲؍ بجکر ۲۵؍ منٹ پرملی تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رات ۲؍ بجے تک سب کچھ ٹھیک تھا۔ ایک کچے مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور جلد ہی اس نے کئی جھوپڑ پٹیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ بتایا گیا ہےکہ ۱۲؍ کچے مکانات آگ کی لپیٹ میں آئے۔بہر حال یہ اطمینان کی بات  رہی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا  البتہ جھگیوں میں رکھا سامان اور بکریاں اور مرغیاں آگ کی زد میں آگئیں۔ 
جھگی میں رہنے والی ایک خاتون نے  بتایا کہ’’آگ میں ہمارا سارا سامان جل گیا۔ کپڑے، سلنڈر، مرغی کے چوزے سب کچھ جل گئے۔ ہمیں نہیں پتہ کہ آگ کیسے لگی۔ اچانک آگ کی لپٹوں کو دیکھ کر میں گھبرا گئی، پھر میں نے شور مچایا کہ بھاگ جاؤ، آگ لگ گئی ہے۔ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ آگ کسی نے لگائی یا خود لگ گئی۔‘‘ ایک خاتون نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت ہم سو رہےتھے،جب  آگ کی لپیٹ محسو س ہوئی تومیں سب کچھ چھوڑ کر اپنے بچوں کو اٹھا کر بھاگ نکلی ، ہمارا سب سامان اور بکریاں جل کر خاک ہوگئیں ۔ کچھ نے بتایا کہ فائربریگیڈ کی گاڑیاں جب تک پہنچیں تب تک سب کچھ جل چکا تھا ۔ یہاں کئی گودام اور گھروں کا سامان تھا، سب کچھ جل کر خاک ہو گیا۔‘‘ ایک خاتون نے بتایا، ’’ہماری دکان اور گیراج بھی جل گئے۔ تقریباً رات۲؍ بجے آگ لگنا شروع ہوئی۔ یہاں کئی جھگیاں تھیں، سب کچھ جل کر خاک ہو گیا۔ ہمارا بہت نقصان ہوا ہے ۔‘‘فائر حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر۱۲؍ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا یا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK